Inquilab Logo

ٹاٹا ہیریئربی ایس ۶؍ ماڈل: آٹومیٹک ٹرانسمیشن سےلیس دَم دار اور شاندار کار

Updated: March 21, 2020, 2:52 PM IST | Ankit Dubey

 ٹاٹاموٹرس کی ’ہیریئر‘ کمپنی کی پہلی ایسی ایس یو وی ہے جسے ٹاٹاموٹرس نے ’اِمپیکٹ ۲ء۰‘ ڈیزائن کی طرز پربنایاہے۔ حالانکہ ٹاٹا ہیریئر کو کمپنی نےبہترین ڈیزائن کے ساتھ پیش تو کیاتھا لیکن اپنے سیگمنٹ میں  یہ کار کئی فیچرس کی کمی کے سبب کافی پیچھے تھی ۔ خیر اس سیگمنٹ میں بڑھتی ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے ٹاٹا ہیریئر کو کمپنی نے بی ایس ۶؍ اسٹینڈرڈ انجن سے لیس کیا ہے ۔

Tata Harrier. Photo INN
ٹاٹا ہیریئر۔ تصویر: آئی این این

 ٹاٹاموٹرس کی ’ہیریئر‘ کمپنی کی پہلی ایسی ایس یو وی ہے جسے ٹاٹاموٹرس نے ’اِمپیکٹ ۲ء۰‘ ڈیزائن کی طرز پربنایاہے۔ حالانکہ ٹاٹا ہیریئر کو کمپنی نےبہترین ڈیزائن کے ساتھ پیش تو کیاتھا لیکن اپنے سیگمنٹ میں  یہ کار کئی فیچرس کی کمی کے سبب کافی پیچھے تھی ۔ خیر اس سیگمنٹ میں بڑھتی ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے ٹاٹا ہیریئر کو کمپنی نے بی ایس ۶؍ اسٹینڈرڈ انجن سے لیس کیا ہے ۔ ساتھ ہی اس میں  آٹو میٹک ٹرانسمیشن سمیت کئی ایسے فیچرس شامل کئے ہیں جوپرانے ویریئنٹ میں نہیں  تھے۔ ٹاٹا موٹرس کی جانب سے ہمیں  اس گاڑی کے ٹیسٹ ڈرائیو کیلئے مدعو کیا گیا اورہم نے پونے شہر سے پنچ گنی تک تقریباً  ۱۰۵؍ کلومیٹر تک اس گاڑی کے آٹو میٹک ویریئنٹ کی آزمائشی ڈرائیونگ کی اور واپسی میں ہم نے بی ایس ۶؍ مینوئل کی ٹیسٹ ڈرائیو نگ کی ہے۔لہٰذا نئی ٹاٹا ہیریئر کے بارے میں ہماری رائے کیا ہے اوراس کی ڈرائیونگ کا تجربہ کیسا رہا وہ آپ کو اس جائزے میں بتارہے ہیں ۔
لُکس اور کلر ویریئنٹ 
 ٹاٹا ہیریئر کے بی ایس ۶؍ ماڈل میں تازہ لُکس کیساتھ نیا ڈوئل ٹون کیلیسپو ریڈ پینٹ کلر اسکیم شامل کیا گیا ہے جس میں پیانو بلیک فنش کی رُوف ملے گی۔اسے اب ۵؍ نئے اور منفرد رنگوں کے متبادل (کوکوا اسپارکل ، ٹولیسٹو گرے، بلیک ڈارک ایڈیشن ،اورکس وہائٹس او رکیلسپو ریڈ)میں دستیاب کرایا گیا ہے۔ اس میں اب فرنٹ سے لے کر سائیڈ اور ریئر تک میں کروم کا بھرپور استعمال کیا گیا ہے ۔ ہیڈلیمپس اور ڈی آر ایلز کے علاوہ گِرِل پر آپ کو کروم کا استعمال دیکھنے کو ملے گا۔ وہیں  ہیریئر کے سائیڈ وِنڈو اور باڈی کلیڈنگ پر بھی کروم لائن بھی دی گئی ہے۔ ریئر میں بھی آپ کو ایگزاسٹ مفلر پر کروم دیکھنے کو ملے گا جو پوری طرح اس گاڑی کو ایک پریمیم اور اسپورٹی احساس دیتا ہے۔ اس میں  کمپنی نے ۱۷؍ انچ کے نئے ڈائمنڈ کٹ الائے وہیل دئیے ہیں جو اس گاڑی کی خوبصورتی کو دوبالا کرتے ہیں ۔ 
انٹیریئر فیچرس میں یہ تبدیلیاں  کی گئی ہیں 
 ٹاٹا ہیریئر کا کیبن پرانے ویرینٹ جیسا ہی ہے ۔ اس کا لے آؤٹ، فٹ اور فنشنگ میں کسی طرح کی کوئی تبدیلی نہیں  ہے۔ حالانکہ کمپنی نے فیچرس کے طور پر اس کے ٹاپ ویرئنٹ میں  پینورامک سن روف اور ۶؍ وے پاور ایڈجسٹیبل ڈرائیور سیٹ کے ساتھ مینوئل لمبر سپورٹ دیا ہے۔ پنیورامک سن رُوف کی خاص بات یہ ہے کہ ون ٹچ کلوز اوپن کے علاوہ رین سیسنگ فیچر سے بھی لیس ہے ۔ بارش ہونے پر سن روف اگر کھلا ہے توخودبخود بند ہوجائےگا۔ کمپنی نے اس میں  آٹو ڈِمنگ آئی آر وی ایم  کے علاوہ یو ایس بی ساکیٹ کو بھی بہتر بنادیا ہے ۔ ساتھ ہی ’آرم ریسٹ‘ کے اندر بھی ایک تیز چارجنگ یو ایس بی پورٹ اور ایک ۱۲؍وولٹ کا ساکیٹ ملتا ہے ۔ ۸ء۸؍ انچ کا ٹچ اسکرین سسٹم ایپل کارپلے اور اینڈرائیڈ آٹو کنکٹی ویٹی سسٹم کے ساتھ آتا ہے ۔ اس میں  کمپنی نے آٹو کلائمیٹ کنٹرول کے علاوہ ۹؍ اسپیکر والا جی بی ایل ساؤنڈ سسٹم بھی دیا ہے ، جس کا میوزک آؤٹ پٹ کسی پریمیم آڈیو سسٹم سے کم نہیں لگتا ۔ حالانکہ یہاں  آپ کو اس گاڑی میں  جو سب سےبڑی کمی محسوس ہوگی وہ کنیکٹیڈ کار ٹیکنالوجی ہے جو کہ اس سیگمنٹ کی دوسری گاڑیوں   میں موجود ہے۔ 
 انجن میں  نیا کیا ہے؟
 ٹاٹا ہیریئر میں  کمپنی نے فیاٹ والا ۲ء۰؍ لیٹر ، فور سلنڈر انجن دیا ہے جو کہ اب بی ایس ۶؍ اسٹینڈرڈ کے عین مطابق ہے اور اب یہ پرانے ویریئنٹ کے مقابلے ۳۰؍ پی ایس زیادہ پاور آؤٹ پُٹ یعنی ۱۷۰؍ پی ایس دیتا ہے ۔ وہیں  اس کا ٹورک عام پرانے ویرئنٹ جتنا ہی ۳۵۰؍ این ایم ہے۔ یہ انجن ۶؍ اسپیڈ آٹو میٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ آتاہے جو کہ ہیونڈئی سے لیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی اسٹینڈرڈ ۶؍ اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن بھی دیا گیا ہے ۔ 
آٹو میٹک ویریئنٹ کی کارکردگی
 ہیریئر کے آٹو میٹک ویریئنٹ کی پاور ڈلیوری کافی اسموتھ نظر آتی ہے اور اس کا ٹرانسمیشن کافی اچھی طریقے سے کام کرتا ہے۔ مینوئل ویریئنٹ کے مقابلے آٹو میٹک ویرینٹ چلانے میں ہمیں سب سے زیادہ مزہ آیا اور یہ بہتر پاور کے ساتھ گیئر شفٹنگ میں بھی کسی طرح کی کوئی دقت نہیں دیتی ہے۔ مڈ سائز رینج میں اس کی پاور زبردست دیکھنے کو ملتی ہے ۔ وہیں ۳۵۰۰؍آرپی ایم سے اوپر یہ کافی پرکشش نظر آتی ہے ۔ ٹرانسمیشن میں آپ کو مینوئل موڈ بھی ملتا ہے جسے شفٹ کرتے ہی گاڑی میں  اسپورٹ موڈ خودکار طریقے سے متحرک ہوجاتا ہے اور یہ گاڑی فراٹے بھرنے کیلئے تیار ہوجاتی ہے ۔آٹو میٹک ویریئنٹ میں  ۸؍ ڈرائیونگ موڈس ہیں جن میں ۳؍ ڈرائیو موڈس (سٹی ، ایکو، اسپورٹ) اور ۳؍ ٹیرین رسپانس موڈ س (نارمل ، رَف اور ویٹ) کے علاوہ ایک آٹومیٹک اور مینوئل کے ساتھ اسپورٹ  موڈ  دیکھنے کو ملتا ہے ۔ سسپنشن بھی کافی بہتر طریقے سے کام کرتے ہیں  اور اسٹیئرنگ وہیل میں  بھی کافی بہتری معلوم ہوتی ہے ۔ ٹرننگ کے دوران بھی یہ کافی متوازن رہتا ہے جبکہ پہلے یہ آپ کو تھوڑا سخت معلوم ہوتا ہے ۔ مجموعی طور پر آٹو میٹک ویریئنٹ کی کارکردگی کافی بہتر ہے اور اس کا ٹرانسمیشن موثر لگتا ہے۔ 
مینوئل ویریئنٹ کی کارکردگی
 ہیریئر کا پرانا ویریئنٹ بھی ۶؍ اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن کا تھا اور اب نئے ویریئنٹ کا موازنہ پرانے ویریئنٹ کریں  تو اس کا کلچ تھوڑا ہلکا نظر آتا ہے ۔ ساتھ ہی اسٹیئرنگ بھی ہلکا دیکھنے کو ملے گا۔ اس کے گیئر شفٹنگ میں  پہلے تھوڑی بہت شکایت تھی ، جب ٹریفک کے دوران اسے چلاتے تھے، لیکن اب لگتا ہے کہ کمپنی نےاس کے مینوئل ٹرانسمیشن میں بھی بہتری کی ہے۔ شفٹنگ کے دوران آپ کو کہیں بھی جھٹکے جیسا محسوس نہیں  ہوتا ہےا ور تیز رفتاری پراس کی پا ور کافی ایڈونچرس طریقے کی محسوس ہوتی ہے ۔ اس وقت واضح طور پر محسوس ہوتا ہے کہ آپ کسی دم دار گاڑی کی ڈرائیونگ کررہے ہیں ۔ بریکنگ میں بھی تھوڑا سدھار دیکھنے کو ملتا ہے حالانکہ ہمیں لگتا ہے کہ کمپنی کو اس کے ٹاپ ویریئنٹ میں چاروں  پہیوں میں ڈِسک بریک دینے کی ضرورت تھی۔ اسٹینڈرڈ فیچرس کے طور پر کمپنی نے اس میں ٹریکشن کنٹرول ، رول اوورمٹی گیشن، الیکٹرانک اسٹیبلٹی پروگرام اور کارنر اسٹیبلٹی کنٹرول دئیے ہیں ۔
این وی ایچ لیول میں  بہتری
 بی ایس فور ٹاٹا ہیریئر میں سب سے بڑی دقت یہی دیکھنے کو ملتی تھی کہ اس کا انجن شروع ہوتے ہی کافی شور کرتا تھا ۔ اتنا ہی نہیں تیز رفتاری کے دوران بھی مسافروں  کو یہ شور گراں  گزرتا تھا۔ حالانکہ اب بی ایس ۶؍ ویریئنٹ کے ساتھ کمپنی نے نئی ہیریئر میں انجن اور ٹرانسمیشن کےعلاوہ تیسری بڑی تبدیلی اس کا این وی ایچ (شور ، کمپن اور سختی)لیول پر کیا ہے۔ اب ہائی وے پر آپ چاہیں  مینوئل ویرینٹ چلائیں یا پھر آٹو میٹک آپ کو ایسا لگے گا ہی نہیں کہ ڈیزل والی گاڑی چلارہے ہیں ۔ ہر وقت ایسا ہی محسوس ہوگا کہ آپ کسی پیٹرول کار کی سواری کررہے ہیں ۔ بی ایس ۶؍ ٹاٹا ہیریئر کل ملاکر اب بہتر این وی ایچ لیول ، دم دار انجن اور ایک طاقتور آٹومیٹک ٹرانسمیشن سے لیس ہے ۔ 
ہمارا فیصلہ 
 ٹاٹا ہیر یئر آٹو میٹک صرف ۳؍ ویرینٹس ایکس ایم اے، ایکس زیڈ اے اور ٹاپ رینج ایکس زیڈ اے پلس میں  دستیاب ہے جن کی ابتدائی قیمت ۱۶ء۲۵؍ لاکھ روپے ہے ۔ وہیں  اسکے مینوئل ویریئنٹ کی ابتدائی قیمت ۱۳ء۶۹؍ لاکھ روپے ہے جو کہ آٹو میٹک ٹاپ ویریئنٹ ۲۰ء۲۵؍ لاکھ روپے تک جاتی ہے ۔ دم دار بی ایس ۶؍ انجن کے ساتھ اب اس میں آپ ایک آٹو میٹک ٹرانسمیشن بھی ملتا ہے ، جس کے باعث یہ اب گاہکوں  کو کافی پسند آئے گی۔ اس کی ڈرائیونگ استعداداور این وی ایچ لیول میں بہتری کے باعث ایس یو وی پسند کرنے والے نوجوانوں  کو نئی ہیریئر اپنی جانب آسانی سے متوجہ کرے گی۔ حالانکہ اس سیگمنٹ کی دوسری گاڑیوں  کی کنکٹیڈ ٹیکنالوجی ا ور وائرلیس چارجنگ جیسے فیچر کی کمی محسوس ہوتی ہے ۔ اگر آپ ان گیجیٹس کو چھوڑ دیں اور صرف ڈرائیونگ اور انجن کی استعداد کے بارے میں سوچ کر ایک ایس یو وی کی تلاش کررہے ہیں تو نئی ٹاٹا ہیریئر کے بارے میں آپ غور وفکر کرسکتے ہیں ۔ خیر ہم تو یہی کہیں  گے کہ ایک بار اس کی ٹیسٹ ڈرائیو کرکے دیکھیں یقین جانئے آپ کو یہ پسند آئے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK