Inquilab Logo

ٹاٹا ٹگور سی این جی: مہنگے ایندھن کے بوجھ سے راحت دینے والی عمدہ کار

Updated: February 26, 2022, 2:20 PM IST | Anir Baan Mitra | Mumbai

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مسلسل بڑھنے سے اب لوگ متبادل ایندھن والی گاڑیوں پر غور کرنے لگے ہیں۔ الیکٹرک گاڑیاں بازار میں ابھی تک کفایتی نہیں ہوپائی ہیں۔ ایسے میں سی این جی کاریں  بہتر متبادل بن سکتی ہیں۔

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مسلسل بڑھنے سے اب  لوگ متبادل ایندھن والی گاڑیوں پر غور کرنے لگے ہیں۔ الیکٹرک گاڑیاں بازار میں ابھی تک کفایتی نہیں ہوپائی ہیں۔ ایسے میں سی این جی کاریں   بہتر متبادل بن سکتی ہیں۔ اگر آپ کا بھی کوئی سی این جی کار خریدنے کاارادہ ہے تو اس ’ریویو‘ میں ہم ٹاٹاموٹرس کی حال ہی میں لانچ ہونے والی سی این جی کا ر ٹاٹا ٹگور کی ٹرائل رن کے تجربہ کے ساتھ اس کی قیمت ، کارکردگی، فیچرز اور سیفٹی کا جائزہ پیش کررہے ہیں۔
قیمت اور ویریئنٹس
 قیمت کی بات کریں تو ٹاٹا موٹرس نے ٹگور سی این جی کو ۲؍  ٹِرِم(اقسام) میں پیش کیا ہے۔ اس کی قیمت ۷ء۶۹؍ لاکھ روپے سے ۸ء۲۹؍لاکھ روپے (ایکس شوروم) کے درمیان ہے۔ ٹگور کے سی این جی ماڈل اسکے پیٹرول ماڈل کے مقابلے ۹۰؍ہزار روپے زیادہ مہنگا ہے اور یہ گاڑی ہنڈئی اورا اور ماروتی سوزوکی ڈیزائر کو ٹکر دے گی۔
ڈیزائن
 ٹگور ایک ’سب فورمیٹر‘ سیڈان ہے اور اس کا بی ایس ۶؍ فیس لفٹ ۲۰۲۰ء میں اتارا گیا تھا۔ ڈیزائن کے معاملے میں سی این جی ماڈل پیٹرول ٹگور کی طرح ہی دکھائی دیتی ہے۔ صرف ’آئی-سی این جی ‘لوگوسبزرنگ میں ’ٹیل گیٹ‘ پر لگایا گیا ہے۔ اس میں ایل ای ڈی ہیڈلائٹس اور گِرِل پر ٹرائی ایئرو ڈیزائن دئیے گئے ہیں۔ ۱۴؍ انچ اسٹائلڈ وہیل دئیے گئے ہیں اور چھوٹے کروم ایلیمنٹس ٹیاگو سی این جی کے پورے لُک کو مزید خوبصورت کردیتے ہیں۔
فیچرس
 بُوٹ میں ایک ۶۰؍ لیٹر سی این جی ٹینک ہے، جس سے جگہ کم ہوکر محض ۲۰۵؍ لیٹر رہ گئی ہے۔ حالانکہ سبھی سی این جی کاروں میں بُوٹ اسپیس کی کمی ایک مسئلہ ہے۔ کیبن میں استعمال کئے گئے فیبرک میں بھی فرنٹ گِرِل کی طرح ٹرائی ایئرو ڈیزائن دیا گیا ہے۔ فیبرک کا رنگ ٹیاگو کے مقابلے تھوڑا پھیکا ہے۔ فیچرز کے طور پراس میں ہرمن کارڈ میوزک سسٹم، فل  ڈیجیٹل ڈرائیور ڈسپلے، اینڈرائیڈ آٹو اور ایپل کارپلے سے لیس ٹچ اسکرین، ریورس کیمرا اور آٹومیٹک اے سی ملتا ہے۔ ٹگور میں رین سینسنگ وائپرس، آٹو ایل ای ڈی ہیں ۔
انجن اور ٹرانسمیشن
  ٹگور اور ٹیاگومیں ۱ء۲؍ لیٹر، ریوٹرون پیٹرول انجن دیا گیا ہے، سی این جی موڈ میں یہ ۳؍ سلنڈر انجن ۷۴؍ ہارس پاور اور ۹۵؍ این ایم کی پیٖک ٹورک جنریٹ کرتا ہے، وہیں پیٹرول موڈ میں آؤٹ پٹ بڑھ کے ۸۶؍  ہارس  پاور اور ۱۱۳؍ این ایم کا ٹورک پیدا کرتا ہے۔ انجن کو ۵؍ اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن سے جوڑا گیا ہے ۔ بازار میں دیگر سی این جی کاروں کی طرح ٹاٹا کاروں میں بھی آٹومیٹک ٹرانسمیشن کی سہولت نہیں ہے۔
میکانیکی تبدیلیاں
 سی این جی کِٹ(۶۰؍لیٹر) کو جوڑنے کے سبب پیٹرول ٹگور کے موازنہ میں وزن ۱۰۰؍ بڑھ گیا ہے۔ اضافی وزن کی بھرپائی کے لئے سسپنشن میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ جس سے گراؤنڈ کلیئرس میں کمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب ٹگور سی این جی کے پچھلے ٹائرس بھی پیٹرول ویریئنٹ کے مقابلے موٹے دئیے گئے ہیں۔
پِک اَپ اور کارکردگی
 ٹگور سی این جی میں زیادہ پاور فل انجن ہونے کے سبب پِک اَپ دوسری سی این جی گاڑیوں سے بہتر ہے ۔ کمپنی سی این جی موڈ میں اوسطاً ۲۶ء۵؍ کلومیٹر/کلوگرام کا دعویٰ کررہی ہے۔ حالانکہ اورا اور ڈیزائر سی این جی سے کافی کم بھی ہے۔ ٹگور سی این جی کو آپ ۸۰؍ کلومیٹر فی گھنٹے سے ۱۰۰؍کلومیٹر فی گھنٹے کے درمیان آسانی سے ڈرائیو کرسکتے ہیں۔ خراب راستوں اور ناہموار سطح پر بھی ٹگور اپنی اچھی رائیڈ کوالیٹی کو برقرار رکھتی ہے۔
سیکوریٹی 
 ٹگور اور ٹیاگو دونوں نے گلوبل کریش ٹیسٹ ریٹنگ میں ۴؍ اسٹار ریٹنگ  حاصل کی تھی۔ سی این جی ویریئنٹ پر بھی ویسا ہی اسکور لاگو نہیں ہوتا حالانکہ ٹاٹا موٹر س کوسی این جی کے ساتھ بھی ایک جیسے نتیجے  کا بھروسہ ہے۔ سیکوریٹی فیچرز میں ڈوئل ایئر بیگ، اے بی ایس کے ساتھ ای بی ڈی اور کارنرنگ اسٹیبلٹی کنٹرول شامل کئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK