Inquilab Logo

خوداعتمادی میں اضافہ کرنے والی ۱۰؍اہم باتیں

Updated: September 28, 2020, 8:43 AM IST | MA Ahmed

زندگی میں کسی بھی کام میں سرخروئی کیلئے خوداعتمادی ضروری ہے، اگر آپ خود پر بھروسہ کریں گے تودنیا آپ پر اعتماد کرے گی

Self Confidence - Pic : INN
خود اعتمادی ۔ تصویر : آئی این این

کامیابی  سے ہمکنار کرنے میں خوداعتمادی کابڑا اہم کردار ہوتاہے۔ اگر آپ کسی چیز کو حاصل کرنے کا ہدف بناتے ہیں  اور اس کیلئے آپ محنت بھی کرتے ہیں لیکن اگرآپ کے اندر خوداعتمادی موجود نہیں تو یقین جانئے آپ کامیاب نہیں ہوسکتے۔  آپ جتنے بھی کامیاب افراد کی کامیابی کی کہانیاں پڑھیں گے تو آپ کو یہ معلوم ہوگا کہ ان  افرادکی کامیابی میں   ان کی خوداعتمادی کا بھی بڑا ہاتھ رہا ہے ۔ زندگی میں کسی خاص مقام پر پہنچ چکے ہر ایک شخص میں آپ کو یہ خوبی نظر آجائے گی، پھر چاہے وہ کوئی صنعتکار ہو یا فن کار،  فلم اداکار ہو یا کھلاڑی یا پھر وہ کامیاب شخص آپ کے شناسا افراد ہی میں سے کیوں نہ ہو۔ آپ دیکھیں گے کہ ایسے افراد خود پر بھروسہ کرتے ہیں اور ان کا اپنی ذات سے اعتماد متزلزل نہیں ہوتا۔ خود اعتمادی وہ  خصوصیت  ہے جو ہرکوئی  اپنے اندر پیدا کرسکتا ہے اور اسے  پروان چڑھاسکتا ہے۔  اس تعلق  سے درج ذیل میں    ۱۰؍اہم باتیں پیش کررہے ہیں  ۔
(۱)خود پر اعتماد کرنا سیکھیں
  خوداعتمادی بڑھانے کیلئے  سب سے پہلا کام تو یہ ہے کہ آپ خود پر بھروسہ کرنا سیکھیں۔ اپنی صلاحیت، قابلیت، ہنر اور ذہانت کو کم نہ سمجھیں۔ جو کچھ آپ کے پاس ہے وہ کسی بھی کام کیلئے کافی ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی کام کیلئے کچھ سیکھنے کی ضرورت ہوگی تو ضرور سیکھیں لیکن خود کو کمتر بالکل نہ سمجھیں۔ 
(۲)منفی خیالات سے چھٹکارا پائیں
 اپنے ذہن میں چلنے والی منفی باتوں کونظر انداز کریں۔ جیسے کہ میں یہ کام نہیں کرسکتا، میں ناکام ہوجاؤں گا، میں اس قابل نہیں،  میری بات کوئی سنے گا نہیںوغیرہ  وغیرہ۔
(۳) سوچئے کہ آپ اعتماد سے پُر ہیں:
 آپ اچھے خیالات کے ذریعے بھی اپنے آپ کو متحرک کرسکتے ہیں۔مثلاً  آپ  تصور کر سکتے ہیں جیسے کہ آپ کسی اسٹیج پرکھڑے ہو کر ہزاروں لوگوں کے سامنے تقریر کر رہے ہیں، یا کسی سمینار ہال میں کوئی شاندار پریزینٹیشن دے رہے ہیں، اور تمام لوگ آپ سے کافی متاثر ہیں، آپ کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے اور لوگ تالیاں بجا کر سلام کر رہے ہیں۔ البرٹ آئنسٹائن نے بھی تخیل کو معلومات سے زیادہ طاقتوربتایا ہے اور آپ بھی اس پاور کا استعمال کر کے بڑے سے بڑا کام کر سکتے ہیں۔
(۴)خود اعتماد افراد سے سیکھئے
  یقیناً آپ کے اطراف ایسے افراد ضرورہوںگے جن میں سے کسی ایک کو  دیکھ کر آپ کو لگتا ہے کہ یہ شخص بہت پراعتماد ہے۔ آپ ایسے لوگوں کوپوری توجہ اور  احتیاط سے دیکھئے اور ان کی مثبت سرگرمیوں کو اپنے معمولات میں شامل کیجئے۔
(۵)اپنی کامیابیوں کو یاد کیجئے
  آپ  اپنی  پچھلی کامیابیوں کو یاد کرکے بھی خوداعتمادی بڑھاسکتے ہیں۔ کامیابی چھوٹی ہو یا بڑی یہ بھی کسی شخص کے اندرمزید ترقی اور کامیابی کی امیدجگاتی ہے۔
(۶) غلطی سے نہ ڈرئیے
 دنیا میں ایسا کوئی شخص  نہیں ہے جس نے کبھی غلطی نہ کی ہو ۔کیونکہ غلطیاں کرنا انسان کی فطرت ہے۔ غلطی کرنا غلط نہیں ہے بلکہ اسے دہرانا غلط ہے۔ جب تک آپ کو کسی کام میں کامیابی  نہیں مل جاتی اس وقت تک کوشش جاری رکھئے  اور اس دوران غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے مزید بہترکارکردگی پیش کریں۔ 
(۷) جو چیز خوداعتمادی گھٹاتی ہے اس کا سامنا کیجئے
 کچھ لوگ کسی خاص وجہ سے خوداعتمادی محسوس نہیںکرتے ہیں۔ جیسے کہ کچھ لوگوں کو اسٹیج سے خوف محسوس ہوتا ہے تو کوئی انجان لوگوں سے بات کرتے وقت نروس ہوجاتا ہے ۔  اگر آپ بھی ایسی کسی صورتحال سے دوچار ہوتے ہوں تو ہمارا مشورہ ہے کہ اس چیز کا سامنا کیجئے اور اسے بار بار دہرائیے تاکہ وہ خوف نکل جائے۔ہوسکتا ہے آپ پہلے غلطیاں  کریں اور لوگ آپ کا مذاق بھی اڑائیں لیکن جب آپ مسلسل اپنی کوشش میں لگے رہیں گے تو وہی لوگ ایک دن آپ کیلئے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں گے۔
(۸) روزانہ سب سے اہم کام مکمل کیجئے 
 اگر آپ روزانہ کے حساب سے کرنے والے کام کی فہرست بنائیں گے اور اس میں سب سے اہم کام کو پورا کرتے رہیں گے تو یقینی طور پر آپ کی خود اعتمادی کچھ ہی دنوں میں بڑھ جائے گی۔ آپ جب بھی اپنا سب سے اہم کام مکمل کریں تو اسے ایک چھوٹی کامیابی کے طور پر دیکھیں اور خود کو اس کام کے لئے شاباشی دیں روزانہ مسلسل اپنے سب سے اہم کام کو کامیابی سے  پورا کرتے رہنا شاید آپ کی خوداعتمادی کو بڑھانے کا سب سے زیادہ موثر طریقہ ثابت ہوسکتا ہے ۔
(۹)ورزش کیجئے یا اپنا پسندیدہ کھیل کھیلئے
 ماہرین کا خیال ہے کہ ورزش سے بھی آپ اپنی خوداعتمادی بڑھاسکتے ہیں۔ یا پھر جو کھیل آپ کو پسند ہے وہ آپ روزانہ کھیلیں ۔اس طرح آپ نہ صرف جسمانی طور پر چاق و چوبند رہیں گے بلکہ خود کو توانائی سے بھرپور بھی پائیں گے۔ 
(۱۰)ڈریسنگ سینس بہتر بنائیے
 آپ جس طرح کا لباس پہنتے ہیں اس کا راست  اثر آپ کی خود اعتمادی پر پڑتا ہے۔ لہٰذا اپنے  ڈریسنگ سینس کو بہتر کیجئے۔ اچھا نظر آنا بھی آپ کو لوگوں کا سامنا کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ لہٰذا خوش لباسی اختیار کیجئے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK