Inquilab Logo

آنکھ ہمارے جسم کا اہم ترین عضو ہے، خاص توجہ دیں

Updated: May 19, 2021, 4:25 PM IST | Gitanjali

موجودہ دور میں گجیٹ کے بڑھتے استعمال کی وجہ سے آنکھوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔ اس مسئلے کو یوگا اور ورزش سے حل کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کی آنکھوں کی روشنی ایک دم صحیح ہے، تو اسے صحتمند رکھنے کے لئے یا آنکھوں کی روشنی کم ہوئی ہے، تو اس میں بہتری لانے کے لئے چند آئی ایکسر سائز کرنی چاہئیں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

یہ تو ہم سبھی جانتے ہیں کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ ہماری آنکھوں کی روشنی متاثر ہونے لگتی ہے اور عضلات کی لچک کم ہونے لگتی ہے۔ پہلے جہاں دور تک صاف نظر آتا تھا تو وہیں اب پاس کا نظر نہیں آتا۔ اس مسئلے کو یوگا اور ورزش سے حل کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کی آنکھوں کی روشنی ایک دم صحیح ہے، تو اسے صحتمند رکھنے کے لئے یا آنکھوں کی روشنی کم ہوئی ہے، تو اس میں بہتری لانے کے لئے چند آئی ایکسر سائز کرنی چاہئیں۔
معمولی ورزش
 بیسک ایکسرسائز کرنے سے پہلے خود کو پُرسکون حالت میں لائیں۔ ۳؍ منٹ تک گہری سانس لیں۔ اس سے پُر سکون محسوس کریں گی۔ سب سے پہلے التی پالتی مار کے بیٹھ جائیں۔ اس کے بعد سر اور گردن کو سیدھا رکھیں اور آنکھوں کی پتلیوں کو ریلیکس چھوڑ دیں۔ اپنے چہرے کے سامنے ایک آلارم گھڑی رکھیں اور پتلیوں کو اوپر کی طرف اٹھاتے ہوئے ۱۲؍ دیکھیں اور کچھ دیر تک اسی حالت میں رہیں۔ ا س کے بعد پتلیوں کو نیچے کی طرف لائیں اور ۶؍ کو دیکھیں۔ اسی طرح بغیر پلکیں جھپکائے ۱۰؍ بار ۱۲؍ اور ۶؍ کو دیکھیں۔ ورزش پوری ہونے کے بعد اپنی ہتھیلیوں کو آپس میں زور سے رگڑیں تاکہ وہ گرم ہو جائیں اور انہیں اپنی آنکھوں پر رکھیں اور سینکائی کریں۔ اپنی سانس پر دھیان دیں اور ہتھیلیوں سے نکلنے والی حرارت کو محسوس کریں۔
انٹرمیڈیٹ ایکسرسائز
 سب سے پہلے ہالتی پالتی مار کر بیٹھ جائیں۔ اب آنکھوں کی پتلیوں کو افقی حالت میں گھمائیں۔ آلارم گھڑی میں ۹؍ اور ۳؍ ہندسے کو باری باری دیکھنے کی کوشش کریں۔ اس عمل کو تقریباً ۱۰؍ بار دہرائیں۔ اس کے بعد ہتھیلیوں کو آپس میں رگڑ کر گرم کریں اور آنکھوں کو سینکیں۔ اسی طرح سے آپ کو گھڑی میں دیئے گئے سبھی ہندسے کودیکھنا ہے، جیسے ایک اور ۷؍، ۱۱؍ اور ۵؍ وغیرہ کو۔ ان مشق سے آنکھوں کی بڑی ہوئی آکیولر مسلز کو راحت ملتی ہے اور آپ آس پاس کی چیزوں کو پہلے سے کہیں زیادہ صاف دیکھ پاتے ہیں۔
دھیان ایک جگہ مرکوز کرنا
 ایک جگہ پر بیٹھ کر کچھ دوری سے ایک شے پر توجہ مرکوز کرنا۔ اپنا دایاں ہاتھ آگے بڑھائیں اور اپنے انگوٹھے کو فوکل پوائنٹ (جہاں آپ کو دیکھنا ہے) کے نیچے رکھیں۔ اس کے بعد اپنی توجہ کو انگوٹھے کی نوک سے اس پوائنٹ پر دھیرے سے ہٹانا ہے۔ اس مشق سے آنکھوں میں موجود سیلی ایری باڈی کو حرکت کرنے میں مدد ملتی ہے، جو آنکھوں کے لینس کو ایڈجسٹ کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔
پلکیں جھپکائیں
 آرام سے بیٹھیں اور جلدی سے آنکھوں کو ۱۰؍ سے ۱۵؍ بار جھپکائیں۔ اپنی آنکھیں بند کریں اور ۲۰؍ سیکنڈ کے لئے آرام کریں۔ یہ دوران ِ خون میں بہتری لاتا ہے۔ اس ورزش کو تقریباً ۵؍ بار دہرائیں۔ یہ آپ کی آنکھوں کو آرام دینے کا ایک بہترین طریقہ ہے اور آپ کی آنکھوں کو لائٹ سے بریک دیتا ہے۔
آنکھوں کو بڑا کریں
 اسے کرنے کے لئے اپنی آنکھوں کو ۵؍ سیکنڈ کے لئے زور سے بند کریں اور پھر انہیں بڑا کرکے کھولیں۔ یہ ورزش پلکوں کے عضلات کو مضبوط بناتی ہے اور دوران ِ خون میں بہتری لاتی ہے۔ اس ورزش کو تقریباً ۱۰؍ بار دہرائیں۔
انفنیٹی سمبل
 اسے کرنے کے لئے آرام سے ایک کرسی پر بیٹھ جائیں۔ اپنے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کو اپنے چہرے سے تقریباً ۱۰؍ انچ کی دوری پر رکھیں۔ اپنے ہاتھ کو روک کر رکھیں اور انگوٹھے پر توجہ مرکوز کریں۔ آنکھوں کو اپنی سمت یعنی انگوٹھے کو رکھتے ہوئے انفنیٹی سمبل بنانے کی کوشش کریں۔ اس ورزش کو کلاک وائز اور اینٹی کلاک وائز کریں۔ اس پوری مشق کو تقریباً ۵؍ بار دہرائیں۔
آنکھوں کی صفائی
 اپنی آنکھوں کو دن میں ۲؍ بار صاف کریں۔ صبح آنکھوں کو نیم گرم پانی سے صاف کریں۔ پھر تقریباً ۵؍ منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے صاف کریں۔ شام کو بھی ایسے ہی اپنی آنکھوں کو دھوئیں، پہلے ٹھنڈے پانی سے اور پھر نیم گرم پانی سے۔ اسے کنٹراسٹ شاور کہتے ہیں۔ نیم اور ٹھندے پانی کا استعمال کب کرنا ہے، اس پر نظر رکھیں۔
ضروری باتیں
 کام کرنے کے دوران ہر ۳؍ سے ۴؍ گھنٹے میں اپنی آنکھوں کو چند منٹ کیلئے بند کر لیں۔ یہ عمل آپ کو پورے دن دہراتے رہنا چاہئے۔ ایسا کرنے سے آپ کی آنکھوں کو آرام ملتا ہے، جو بہت ضروری ہے۔
 اپنی آنکھوں کی پتلیوں کو دائیں بائیں اور اوپر نیچے کرنے کے ساتھ ہی چاروں جانب گھمائیں۔
 صبح کے وقت ہری گھاس پر بغیر چپل کے چہل قدمی کرنا آنکھوں کے لئے فائدہ مند ہے۔ گھاس پر چہل قدمی کیلئے کچھ وقت ضرور نکالیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK