Inquilab Logo

رشتوں کو سنبھالنے کی فرصت کیوں نہیں ہمیں؟

Updated: January 16, 2020, 5:33 PM IST | Inquilab Desk

جس دن ہم اس بات سے مطمئن ہو جائینگے کہ سبھی کو سب کچھ نہیں ملتا، اس دن ہمیں فرصت بھی ملے گی اور سکون بھی۔ آپ کے پاس جو کچھ بھی ہے اسی پر شکر کرنا سیکھ جایئے۔ یہ مثبت سوچ خوشیوں کی چابی نہیں بلکہ ’ماسٹر کی‘ ہے جس سے تمام تالے کھل سکتے ہیں۔ تو دیر کس بات کی۔

خواتین کی زندگی ۔ تصویر : آئی این این
خواتین کی زندگی ۔ تصویر : آئی این این

جدید دور میں تیز رفتار وقت کے ساتھ، ہم سب کو ناپسندیدہ افراد کے ساتھ مل کر کام کرنا پڑتا ہے۔ یہ مجبوری بھی ہے اور ضرورت بھی، لیکن کیا یہ سچ نہیں کہ ہم زندگی کی اس تیز رفتار کے عادی ہوچکے ہیں، اسے ہی اپنی ڈھال بنا کر رشتوں کو اور یہاں تک کہ خود کو بھی وقت نہ دینے کا بہانہ بناتے ہیں؟ آج کل مرد و عورت، دونوں ملازمت پیشہ ہوتے ہیں اور دونوں ہی زندگی کو پُرآسائش بنانے کے لئے دن بھر جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔ اسی جدوجہد میں اکثر ہمارے اپنے ہم سے پیچھے چھوٹ جاتے ہیں۔
 خاص طور پر خواتین دفتری اور گھریلو ذمہ داریوں کی ہو کر رہ جاتی ہیں۔ لیکن ان سب میں اپنے قریبی اور عزیزوں کے لئے فرصت کے لئے وقت نکالنا اتنا بھی مشکل کام نہیں ہے۔ تھوڑی سی کوشش کی جائے تو یقیناً اسے ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
بھاگ دوڑ میں کہاں کھو گئی ہے فرصت؟
 یہ سچ ہے کہ ہم پہلے سے کہیں زیادہ مصروف ہوگئے ہیں، لیکن یہ مصروفیت ہماری خود کی ہی پیدا کی ہوئی ہے۔ ہم نے سہولیات اور ضرورتوں کے فرق کو ختم کر دیا ہے۔ آرام دہ زندگی گزارنے کی چکر میں پیسہ کمانے میں اتنے مصروف ہوجاتے ہیں کہ ان سہولیات کا لطف اٹھانے تک کا وقت نہیں ملتا۔ ہمیں خود ہی نہیں معلوم کہ ہم کہاں اور کیوں بھاگ رہے ہیں۔ بس، سب بھاگ رہے ہیں، اس لئے ہمیں بھی بھاگنا ہے۔ کہیں کسی سے پیچھے نہ رہ جائیں، اس لئے بھاگنا ہے۔ کہیں کوئی آگے نہ نکل جائے، اس لئے بھی بھاگنا ہے۔ آسائش سے پُر زندگی کی لالچ میں بھاگنا ہے۔ ہر خواہش پوری کرنی ہے، تو بھاگنا ہے۔ اپنی خواہش پوری نہیں ہوئی، تو بچوں کی خاطر بھاگنا ہے۔ پھر بھلے ہی ان بچوں سے بات تک کرنے کی فرصت بھی نہ ہو۔
بھاگیں نہیں، تو کیا کریں؟
 تھوڑا رک کر سوچیں کہ کیا ضروری ہے اور کیا غیر ضروری۔ خود سے محبّت کرنے کا ہنر سیکھیں۔ یہ ضروری نہیں کہ جب طبیعت ساتھ نہ دے، بینک کا کام ہو یا کسی رشتہ دار کی شادی ہو، تبھی وقفہ لیا جائے۔ کسی دن یوں ہی کام سے چھٹی لیں، گھر پر وقت گزاریں۔ موسیقی سنیں، شاپنگ کریں یا گھر والوں کے ساتھ سیر و تفریح پر جائیں۔ اپنی ترجیحات طے کر لیں گی تو کافی بوجھ ہلکا ہو جائے گا۔ وقفہ لینا سیکھ لیں گی تو سکون کے چند لمحے اپنے لئے بھی تلاش کر سکیں گی۔ جہاں مقابلہ کرنا ہو وہیں کریں، ہر بات میں دوسروں سے مقابلہ کرنا ضروری نہیں۔
کیا سچ میں وقت نہیں ہیں؟
 وقت کم ہے، لیکن وقت ہے ہی نہیں، یہ سچ نہیں ہے۔ ہم اتنے تناؤ میں رہتے ہیں کہ کام کی تھکان دور کرنے کیلئے ویک اینڈ پر باہر جانا ضروری لگتا ہے وہیں اگر ویک اینڈ پر کسی رشتہ دار سے ملنا ہو یا اپنے والدین کو ڈاکٹر کے پاس لے جانا ہو تو ہم تھکان کا بہانا بناتے ہیں۔ بھلے ہی ہم دعویٰ کرتے ہیں ہمیں سانس تک لینے کی فرصت نہیں، لیکن ایسا نہیں ہے کیونکہ اگر سچ ہوتا تو ہم گھنٹوں لیپ ٹاپ پر وقت گزاری نہیں کرتے۔ ہم اپنے موبائل پر دیر تک لگاتار سہیلیوں سے یہاں وہاں کی باتیں نہ کرتے۔ ویک اینڈ پر شاپنگ کرنے کی فرصت ہے لیکن اپنوں کیلئے نہیں ہے۔ اپنی پریشانیاں اپنے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر انجان لوگوں سے شیئر کرتے ہیں لیکن اپنے والدین، اپنے رشتہ داروں کے ساتھ بات کرنے کی فرصت نہیں۔
یہ تو ایک بہانہ ہے
 وقت نہ ہونے کا یہ بہانہ ہے نہیں تو اور کیا ہے کہ ہم صحت کی خاطر وقت نکال کر فٹنس کلاس جاتے ہیں۔ آرام دہ محسوس کرنے کے لئے گارڈن جاتے ہیں لیکن اپنوں کو وقت دینے کی بات ہی سے ذہنی تناؤ میں اضافہ کر دیتی ہے۔ حالانکہ ان سب چیزوں میں کوئی برائی نہیں ہے، اپنے آپ پر بھی توجہ دیجئے لیکن اتنی ہی شدت سے اپنوں کے لئے بھی وقت نکالنے کی کوشش ضرور کی جانی چاہئے۔
کیسے نکالیں وقت؟
 دفتر جاتے وقت ٹرین یا بس میں ضروری فون کرلیں۔ اپنے رشتے داروں کا حال چال پوچھ لیں۔ کسی دن ’ہاف ڈے‘ لے کر گھر والوں کو کہی باہر لے جائیں۔ چھٹی سے پہلے دن کی شام اپنوں کے ساتھ گزاریں۔ سارے ضروری کام سنیچر کو دن میں کرلیں۔ اتوار کو گھر پر رہ کر سب کے ساتھ وقت گزاریں۔ فون اور لیپ ٹاپ کو بھی چھٹی کے دن چھٹی منانے دیں۔ انہیں سوئچ آف کر دیں۔
 جس دن ہم اس بات سے مطمئن ہو جائیں گے کہ سبھی کو سب کچھ نہیں ملتا، اس دن ہمیں فرصت بھی ملے گی اور سکون بھی۔ آپ کے پاس جو کچھ بھی ہے اسی پر شکر کرنا سیکھ جایئے۔ یہ مثبت سوچ خوشیوں کی چابی نہیں بلکہ ’ماسٹر کی‘ ہے جس سے تمام تالے کھل سکتے ہیں۔ تو دیر کس بات کی، اپنے دل سے بات کریں، دماغ کو تھوڑا سا آرام کرنے دیں اور اپنی خوشیوں کی چابی ڈھونڈ لیں.... جہاں فرصت کے چند نہیں، ڈھیر سارے لمحات چھپے آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK