Inquilab Logo

پانچ؍ جون کو کسانوں کا ’سمپورن کرانتی دیوس‘،زرعی قوانین کی کاپیاں جلائی جائیں گی

Updated: May 31, 2021, 11:33 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

کسان مورچہ نے اسے عوامی تحریک میں تبدیل کرنے کی اپیل کی ، ۵؍ جون کو ہی حکومت نے آرڈیننس کی شکل میں متنازع قوانین کو ملک میں نافذ کیاتھا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

 گزشتہ ۶؍ ماہ سے دہلی کی سرحدوں پر خیمہ زن کسانوں  نے حکومت کی بے توجہی کو دیکھتے ہوئے اب اپنی تحریک میں  نئی شدت پیدا کرنے کی کوشش شروع کردی ہے۔ ڈیکن ہیرالڈ کی ایک رپورٹ  کے مطابق  جے پرکاش نارائن اور چودھری چرن سنگھ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کسان مورچہ نے  ۵؍جون کو ’’سمپورن کرانتی دیوس‘‘  کے طورپر منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران بی جےپی کے اراکین پارلیمان  واسمبلی کے  دفاتر کے باہر   تینوںمتنازع  قوانین کی نقول نذر آتش کی جائیں گی۔ سمیوکت کسان مورچہ نے اسے عوامی تحریک میں تبدیل کرتے ہوئے ملک بھر میں  متنازع قوانین کی کاپیاں نذر آتش کرنے کی اپیل کی ہے۔ 
 اس سے قبل سنیچر کو چودھری چرن سنگھ کی برسی کے موقع پر کسانوں نے ان کی سمادھی پر پہنچ کر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ واضح رہے کہ کسانوں کی اس تحریک میں مغربی یوپی کے کسانوں کا اہم رول ہے۔  یہ اور بات ہے کہ قومی میڈیا اسے ہریانہ اور پنجاب کے کسانوں کا احتجاج بنا کر پیش کرنے کی کوشش کررہا ہے اور حکومت بھی یہی تاثر دینا چاہتی ہے۔ 
 دلچسپ بات یہ ہے پارلیمنٹ میں پاس ہونے سے قبل گزشتہ سال ۵؍ جون کو ہی  صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے  تینوں متنازع زرعی قوانین  میں سے ۲؍ کو بطور آرڈیننس نافذ کیاتھا۔  دوسری طرف ایمرجنسی کے خلاف تحریک کی علامت بن کر ابھرنے والے  لیڈروں چودھری چرن سنگھ اور جے پرکاش نارائن نے  ۵؍ جون ۱۹۷۴ءکو ہی ’سمپورن کرانتی‘ کا نعرہ دیاتھا۔   اس سے قبل ۲۶؍ مئی کو کسانوں نے احتجاج کے ۶؍ ماہ مکمل ہونے پر یوم سیاہ منایا۔ 
 مودی سرکار نے کسانوں کی 
زندگیاں بدل دی ہیں: جاؤڈیکر

  کسانوں  کے ۶؍ ماہ سے جاری احتجاج کے بیچ انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ  کے مرکزی وزیر  پرکاش جاؤڈیکر نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی حکومت  نے اپنے تاریخی فیصلوں اور سنگ میل ثابت ہونے والی اصلاحات  کے ذریعہ   گزشتہ ۷؍ برسوں میں کسانوں کی زندگیاں  بدل  دی ہیں۔  انہوں نے بتایا کہ مودی حکومت نے کسانوں کیلئے رعایتی اور معیاری طبی سہولیات کو یقینی بنایا ہے۔  انہوں نے حکومت کے ۷؍ سال مکمل ہونے پر وزیراعظم مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ’’ مرکزی حکومت گزشتہ ۷؍ برسوں سے پوری لگن اور محنت سے کسانوں کی خدمت کررہی ہےا وراس نے  اپنے تاریخی فیصلوں اور سنگ میل جیسی اصلاحات   سے لاکھون کسانوں  کی زندگیاں بدل کر رکھ دی ہیں۔‘‘

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK