Inquilab Logo

کیرالا میں چٹانیں کھسکنے سے تباہی ،۱۹؍ ہلاک ،کئی لاپتہ

Updated: October 18, 2021, 12:45 PM IST | Agency | Thiruvananthapuram

کوٹائیام ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد۵؍ لاشیں برآمد،متاثرین کی مدد اور راحت رسانی کیلئے این ڈی آر ایف ، آرمی اورڈیفنس سیکوریٹی کور کے دستےتعینات

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

کیرالا  کے کئی اضلاع میں گزشتہ کچھ دنوںسے ہونے والی موسلا دھار بارش سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔کئی علاقوں میںجہاں  شدید سیلابی صورتحال  ہے وہیں کچھ مقامات پرچٹانیں کھسکنے کے واقعات میں ۱۹؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔ اس دوران کوٹائیام ضلع کے کوٹیکل میں لینڈ سلائیڈنگ  کے بعد بڑے پیمانے پر راحتی اوربچاؤ کارروائی شروع کی گئی  اور  پانچ لاشیں برآمد کی گئیں  ۔ اس کے ساتھ ہی بارش کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے مرنے والوں کی تعداد۱۹؍ بتائی گئی ہے۔ کچھ لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب جنوبی اور وسطی کیرالا  میں شدید بارش ہو رہی ہے جس کے سبب تری ویندر م، کولم، پدنماٹیٹا، کوٹائم اور اڈوکی میں ندیوں اورنالوں میں  طغیانی آئی ہوئی ہے۔ ایسے میں عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ صورت حال اتنی خراب ہے کہ ریاست کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائی کے لیے فوج اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ فوج کا ایک دستہ کوٹائیام میں تعینات ہے جبکہ ایک   دستہ ترویندرم میں تعینات ہے۔ این ڈی آر ایف کی۷؍ٹیمیں راحت اور بچاؤ  کے کام میں مصروف ہیں۔ فضائیہ کو بھی تیار رہنے کیلئے کہا گیا  ہے۔ایم آئی۱۷؍ اور سارنگ ہیلی کاپٹر اسٹینڈ بائی پر ہیں۔ اس دوران کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے اتوار کو کہا کہ ریاستی حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں سے نکالے گئے لوگوں کی بحالی کے لیے یہاں۱۰۵؍ امدادی کیمپ کھولے ہیں۔ایک فیس بک پوسٹ میں  وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس مینجمنٹ (این ڈی آر ایف) کی کل۱۱؍ ٹیمیں بارش اور ممکنہ سیلاب اور کئی اضلاع میں سیلاب کی وجہ سے اعلان کردہ ریڈ الرٹ کے پیش نظر امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ این ڈی آر ایف کی ایک ایک ٹیم پٹھانمٹھیٹا ، ایڈوکی ، الپپوزہ ، ارناکولم ، تریشور اور ملا پورم اضلاع میں تعینات کی گئی ہے۔ اڈوکی ، کوٹیم ، کولم ، کنور اور پلکڈ اضلاع میں این ڈی آر ایف کی اضافی ۵؍ ٹیمیں تعینات کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
 ہندوستانی فوج کی ایک ایک ٹیم  ترواننت  پورم اور کوٹائیام اضلاع میں تعینات کی گئی تھی۔ ڈیفنس سیکوریٹی کور کی ایک ایک ٹیم کوزی کوڈ اور وائیناڈ اضلاع میں تعینات کی گئی ہے۔ہندوستانی فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹر پہلے سے ہی تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ایئر فورس کے اہلکاروں کو پٹھانمٹھیٹا کے مالا پلی میں خدمات میں لگایا گیا ہے جہاں کئی افرادپھنسے ہوئے ہیں۔بحریہ کا ایک ہیلی کاپٹر کوٹیکل اور کوکیار علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کوکھانے کے پیکٹ فراہم کررہا ہے۔یہ لوگ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔پولیس ، فائر بریگیڈ اور لینڈ ریونیو کنٹرول روم کے تعاون سے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کے ایس ای بی، ریاستی آبی وسائل اور موٹر وہیکلز کے محکموں کے حکام کی جانب سے۲۴؍ گھنٹے کا اسٹیٹ ایمرجنسی ریسپانس سینٹر قائم کیا گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK