Inquilab Logo

نیوی کے ۲۱؍جوان بھی کورونا کی زد میں آگئے، ایک اہلکار سے دیگر ۲۰؍متاثر

Updated: April 19, 2020, 11:24 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ویسٹرن نیول کمانڈ میں بے چینی،جنگی جہاز اور ویسٹرن کمانڈ کے پورے علاقے کوسینی ٹائزاور جوانوں کو کوارینٹائن کیا گیا

Navy officer - Pic : INN
نیوی آفسر ۔ تصویر : آئی این این

بڑی تعداد میں شہریوں کے بعدڈاکٹروں اورپولیس اہلکاروں کو اپنے شکنجہ میں کسنے والاجان لیوا وائرس کووڈ ۔ ۱۹؍ اب ویسٹرن نیول کمانڈ کے جوانوں پر بھی حملہ آور ہوچکا ہے۔ ۱۵؍ روز قبل نیوی کا ایک جوان نیول ڈاکیارڈ میں مذکور بالا وائرس سے متاثر ہوا تھا لیکن اب اس ایک جوان کے مزید ۲۰؍ نیوی جوانوں کے رابطہ میں آنے کےسبب مجموعی طور پر ۲۱؍ کمانڈوزکی طبی جانچ کے بعد انہیں پازیٹیو پایا گیا ہے۔ جوانوں میں مرض کے پائے جانےکے بعد ویسٹرن نیول کمانڈ میں بے چینی بڑھ گئی ہے اور جنگی پیمانے پر پورے جہاز اور ویسٹرن کمانڈ کے پورے علاقے میں سینی ٹائزر کا چھڑکاؤ کیا گیا ہے اور تمام جوانوں کو نیوی اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
 متاثرہ کمانڈر س آئی این ایس آنگرے پر تعینات تھے۔ ۷؍ اپریل کو نیوی کے ایک جوان کے کورونا وائرس سے متاثرہونے کاپتہ چلنے کے بعد نیول کمانڈ نےاس سےملنےجلنے والے دیگر جوانوں کی طبی جانچ کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔ وہیں طبی جانچ کے بعد ملنے والے رپورٹ میں مزید ۲۰؍ جوانوں کے کووڈ ۔ ۱۹؍ سے متاثر ہونے کا پتہ چلا تھا ۔محکمہ دفاع کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس جان لیوا مرض سے عالمی اسلحہ بردار فوجوں کے علاوہ اب ہندوستانی بحریہ بھی اس وباء سے متاثر ہونے لگا ہے۔ رپورٹ کے مطابق طیارہ بردار بحری جہاز ایس ایس تھیو ڈور روز ویلٹ کے ۵؍ سو جوانوں کے بھی متاثر ہونے کا پتہ چلاہے ۔ متاثر ہونے والے بحریہ میں فرانسیسی افواج کے جوان بھی شامل ہیں ۔
  اطلاع کے مطابق این ایس آنگرے نامی بحریہ جہاز پر تعینات جوان جس عمارت میں رہائش پذیر ہیں ،وہ سنگل روم پر مشتمل ہے ۔ اطلاع کے مطابق ۷؍ اپریل کو جو جوان سب سے پہلے کووڈ ۔ ۱۹؍ سے متاثرہ ہوا تھا وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہتا تھا جبکہ اس کی والدہ بھی کورونا وائرس کے مرض سے دوچار ہونے کے سبب نیوی اسپتال میں ہی زیر علاج ہے۔پہلے متاثرہ جوان اور اس کی والدہ کے بعد اب یکے بعد دیگرے ۲۰؍ اور جوانوں کے متاثرہ ہونے کے بعد آئی این ایس آنگرے کےپورے کامپلیکس کو کنٹین منٹ زون قرار دے دیا گیاہے ۔ ویسٹرن نیول کمانڈ نے مذکورہ بالا متاثرہ نیوی بحریہ کے سبھی جوانوں کی طبی جانچ کا حکم دیا ہے اور ملکی سطح پر ہر ممکن احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور فاصلہ قائم کرنے کا فرمان جاری کیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK