Inquilab Logo

آج رات سے سینٹرل ریلو ے میں۲۷؍ گھنٹے طویل بلاک

Updated: November 19, 2022, 9:43 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

کرناک بریج کے انہدام کیلئے یہ کارروائی کی جارہی ہے،۴۰؍لاکھ مسافر متاثر ہوںگے۔ سی ایس ایم ٹی سے بائیکلہ اور وڈالا کے درمیان ٹرینیں بند رہیں گی ، مسافروں کو راحت پہنچانے کیلئے بیسٹ کی۴۷؍ خصوصی بسیں

Before the demolition of the Karnak Bridge, senior officials of the railways inspect it.
کرناک بریج کے انہدام سے قبل ریلوے کے اعلیٰ افسران جائزہ لیتے ہوئے۔(تصویر: انقلاب)

جنوبی ممبئی میں واقع ۱۵۴؍سال  قدیم کرناک بریج کو منہدم کرنے کے لئے آج (سنیچر )کی شب میں ۱۱؍بجے سے۲۷؍ گھنٹے طویل ٹریفک بلاک شروع ہوگا جس کے دوران چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس  سےبائیکلہ اور وڈالا(ہاربرلائن) کے درمیان سبھی لوکل اور طویل مسافتی ٹرینیں بند رہیں گی۔ اس بلاک کے سبب تقریباً ۴۰؍ لاکھ مسافر متاثر ہوں گے۔ریلوے کی منصوبہ بندی کے حساب سے بہت سی لوکل ٹرینیںرد کردی جائیں گی اور کچھ ٹرینوں کوبائیکلہ ، کچھ کوپریل ، کچھ کو دادر اور چند کوکرلا پر ہی روک لیا جائے گا۔اسی طرح بلاک کے دوران ۲۵؍ ٹرینیں رد کی جائیں گی اور۲۲؍ طویل مسافتی ٹرینیں ‌سی ایس ایم ٹی کے بجائے دادر سے چلائی جائیں گی۔اس سے بھی سیکڑوں مسافروں  کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔
انہدام کس طرح کیاجائے گا؟
  بریج کےانہدام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے  بڑی مشینیں لگائی جائیں گی ۔  ساتھ ہی ۵۰۰؍ کی تعداد میں ریلوے کا عملہ مامور کیا جائے گا ،۳۰۰؍ گیس سلنڈروں کا استعمال ہوگا۔مجموعی عملہ میں ۴۰۰؍مزدور ۳۰؍ تا ۳۵؍آفیسر اور۱۰۰؍ سپروائزر ہوں گے۔ ۵۰؍گیس کٹرز اور۳۰۰؍ سلنڈر۔ ۴؍کرین جن میں ۳۵۰؍ٹن وزنی ۳؍کرین اور ایک کرین ۵۰۰؍ٹن وزنی ہوگی۔ ۲؍ایمبولینس کے علاوہ ۶؍ٹاور ویگن کا اوور ہیڈ وائر سے بجلی منقطع کرنے اورجوڑنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔اس کےعلاوہ بڑی تعداد میںآرپی ایف کے جوان نگرانی کے ساتھ مائیکرو فون لے کرگشت کرتے رہیںگے۔ 
پٹریوں اوراوورہیڈ وائر کی مرمت 
 بریج کےانہدام کےدوران سی ایس ایم ٹی سے بائیکلہ اورسی ایس ایم ٹی سے وڈالا اسٹیشن کے درمیان پٹریوں ، سگنل اوراوورہیڈ وائر کی مرمت کےساتھ ساتھ صاف صفائی کا کام  بھی کیا جائےگا۔دریں اثناء سینٹرل ریلو ے کے جنرل منیجرانیل کمار لوہاٹی نے ماتحت افسران کے ساتھ بریج کے انہدام کےلئے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیااورحفاظتی نقطۂ نظرکوخاص اہمیت دیتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت دی  ۔
بریج  کے پتھروں کومیوزیم میںرکھاجائےگا
 سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ یہ ایک تاریخی بریج تھا اس لئےستونوںمیںاستعمال کردہ پتھروں کوسی ایس ایم ٹی کےریلوے  میوزیم میں رکھا جائے گا۔ یاد رہے کہ کرناک بریج انگریزوں کے دور میں ۱۸۶۸ءمیں تعمیر کیا گیا تھا۔۱۵۴؍ سال پرانا یہ بریج ۵۰؍میٹر لمبا اور ۱۸؍میٹرچوڑا ہے۔اس کے خستہ حال ہونے کے سبب ۲۲؍اگست سے ٹریفک کے لئے اسے بند کردیا گیا تھا ۔  
بیسٹ کی ۴۷؍اسپیشل سروسیز
  ریلوے کے طویل بلاک کو دیکھتے ہوئے بیسٹ انتظامیہ نے مسافروں کی سہولت کے لئے۴۷؍ اسپیشل بس سروس چلانے کا اعلان کیا ہے۔اسی کےساتھ تھانے اورکلیان میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بھی زائد بسیں چلائی جائیں گی۔ بیسٹ کی یہ بسیں بائیکلہ، سی ایس ایم ٹی ، وڈالا، قلابہ اوردیگر روٹ پرچلیں گی ۔بلاک سے مسافروں کو کافی دقت ہوگی ۔اس لئے گھروں سے نکلنے سے قبل انہدامی کارروائی کو ذہن میںرکھنے کی ریلوے کی جانب سے اپیل کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK