Inquilab Logo

؍۴افراد پرجمبو کووڈ سینٹروں کے ذریعہ ۱۰۰؍کروڑ روپے کے گھوٹالے کا الزام

Updated: August 25, 2022, 10:05 AM IST

فرضی دستاویزات فراہم کرنے کے تعلق سےکریٹ سومیا کی شکایت پر معاملہ درج، ملزمین میں سنجے رائوت کا قریبی ساتھی اورلائف لائن اسپتال کاپارٹنر شامل

Allegation of corruption in Jumbo Covid Center too
جمبو کووڈ سینٹر میں بھی بدعنوانی کا الزام

بی جے پی لیڈرکریٹ سومیانے فرضی طبی سرٹیفکیٹ کی مددسےکئی بڑے کووڈ سینٹروں کا ٹھیکہ لینے والی فرم اوران کےپارٹنرس پر ۱۰۰؍ کروڑ کا گھوٹالہ کرنےاوران میں غیر طبی سندیافتہ اسٹاف رکھ کر شہریوںکی جان سے کھلواڑ کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ پولیس نےکریٹ سومیا کی شکایت پرفرم اور اس کے ۴؍پارٹنرس کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے ۔ 
 جن لوگوں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ان میںسجیت پاٹکر کا نام بھی شامل ہے جس پرکریٹ سومیا نےشیوسینا لیڈر سنجے رائوت کا قریبی ساتھی ہونے کا الزام لگایا ہے۔پولیس نے اس کے علاوہ لائف لائن اسپتال اینڈ مینجمنٹ سروسیزکےپارٹنرس ڈاکٹر ہیمنت رام شرن گپتا، سنجے شاہ اور راجو نند کمار سالونکے کو بھی ملزم بتایا ہے۔ ملزمین کے خلاف فریب دہی ،جعلسازی اور شہریوںکی جان سے کھلواڑ کرنے کےعلاوہ لاپروائی  کے سبب موت ہونےکے تحت کیس درج کیا ہے ۔بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہےکہ لائف لائن اسپتال کو طبی سہولت فراہم کرنے یا طبی کیمپ لگانےکا کوئی تجربہ نہیں ہے اوریہ کہ انہوں نےکووڈسینٹرس کا ٹھیکہ حاصل کرنے کے لئے حکومت اور بی ایم سی کو فرضی دستاویزات فراہم کئےتھے۔یہی نہیںبی جےپی لیڈرکےبقول ورلی ، مہالکشمی ریس کورس ،شیواجی نگر ، ملنڈ اور پونے میں بنائے گئے جمبو کووڈ سینٹروںمیںملازمت پر رکھے گئے افراد میں  سے اکثر لوگ غیر طبی سندیافتہ افراد شامل تھے ۔ 
 کریٹ سومیا کےالزام کے مطابق مذکورہ بالافرم کوپونےمیٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے بلیک لسٹ کیا تھا،اس کےباوجود انہوں نے فرضی دستاویزات کی مدد سے بی ایم سی سے یہ ٹھیکہ حاصل کیا۔ انہوںنے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل کے ذریعہ جاری کردہ ایک بیان میں یہ الزام بھی لگایا ہےکہ مذکورہ بالا فرم اور ان کےپارٹنرس نے غیر سند یافتہ اسٹاف اور جمبو کووڈ سینٹرس چلانے کاٹھیکہ حاصل کرنے کے لئے بی ایم سی اور حکومت سے ۱۰۰؍ کروڑ روپے حاصل کئے تھے۔ سومیاکی درج کردہ شکایت کے مطابق اس سلسلہ میں انہوں نے بامبے ہائی کورٹ کے علاوہ حکومت کے متعلقہ محکموں کو فرم اور ان کے پارٹنرس کے خلاف دستاویزی ثبوت دیئےہیں۔آزاد میدان میں درج کردہ کیس اور ملزمین پرعائد کردہ دفعات سے متعلق تفتیشی افسر کا  کہنا تھاکہ شکایت کنندہ نے کووڈ سینٹرکا ٹھیکہ حاصل کرنے اور غیر سند یافتہ اسٹاف کو رکھے جانے کے جو دستاویزی ثبوت دیئےہیں ، اس کی مناسبت سے لاپروائی برتنے کے سبب موت ہونےکے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK