Inquilab Logo

کرایہ میں ۵۰؍فیصد کمی،مسافروں کی تعداد میں۴۰؍فیصد اضافہ

Updated: May 23, 2022, 11:16 AM IST | Rajendra B. Aklikar | Mumbai

ویسٹرن ریلوے نے ۱۲؍ اے سی لوکل سروس بڑھائی، ٹرینوں میں مسافروں کی بھیڑ،سیزن ٹکٹ کی فروخت میں بھی ۲۸؍فیصد اضافہ ہوا

Due to overcrowding in AC local trains, Western Railway has increased its services by 12 times.Picture:INN
اے سی لوکل ٹرینوں میں مسافروں کی بھیڑ کے سبب ویسٹرن ریلوے نے ۱۲؍سروسیز بڑھا دی ہیں۔۔ تصویر: آئی این این

اے سی لوکل ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد میں ۴۶؍ فیصد سے زائد ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ویسٹرن ریلوے نے مزید ۱۲؍ٹرین سروس کا اضافہ کردیا ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اے سی لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے والوں کی روزانہ کی تعداد جو  فروری میں۱۱؍ہزار۳۳؍تھی وہ مارچ میں ۱۵؍ہزار ۳۵۷؍ جبکہ اپریل میں۲۲؍ہزار۳۳؍ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ مسافروں کی تعداد  میں ۴۶؍فیصد اضافہ مئی کے مہینے میں دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں روزانہ ۳۲؍ہزار۱۱۵؍مسافر اے سی لوکل ٹرینوں سے سفر کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔  ریلوے افسران مسافروں کی بڑھتی تعداد کا سہرا سنگل ٹکٹ کی قیمتوں میں کئے جانے والی ۵۰؍فیصد کی کمی کو دے رہے ہیں۔ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ’’اعداد وشمار سے ہی پتہ چل جائے گا کہ مسافر اب اے سی لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔۵؍مئی سے کرایہ میں ۵۰؍ فیصد کمی کی گئی ہے۔سنگل ٹکٹ کے علاوہ پاس لینے والے مسافروں کی تعداد میں بھی ۲۸؍فیصد اضافہ ہوا ہے۔سیزن ٹکٹ(پاس)فروری میں ۲۱۵؍مسافر خریدے تھےوہیں مئی کے ابتدائی ۱۵؍دنوں ہی ان کی تعداد بڑھ کر۵۰۹؍ہوگئی ہے۔ مسافروں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے ویسٹرن ریلوے نے مزید ۱۲؍اے سی لوکل سروس چلانے کا اعلان کیا ہے۔۱۲؍سروس بڑھائے جانے سے ویسٹرن ریلوے میں اے سی سروس کی تعداد ۲۰؍سے بڑھ کر ۳۲؍ ہوگئی ہے۔یہ جانکاری ویسٹرن ریلوے کے پی آر او سمیت ٹھاکور نے انقلاب کو  دیں۔ سینٹرل ریلوے کے مسافروں کو بھی اے سی لوکل ٹرین میں سفر اب خوشگوار لگ رہا ہے۔بڑھتی گرمی کے ساتھ ہی اے سی لوکل ٹرین میں فرسٹ کلاس کے سنگل ٹکٹوں کی قیمتوں میں ۵۰؍فیصد تک کی کمی کی گئی ہے جس کی وجہ سے اے سی ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سینٹرل ریلوے کے پی آر او شیواجی ستار نے بتایا کہ فروری۲۰۲۲ء میں اے سی لوکل ٹرین سے سفر کرنے والے مسافروں کی اوسط تعداد ۵؍ ہزار ۹۳۹؍روزانہ ہوا کرتی تھی جو اس وقت ۴؍گنا سے زیادہ بڑھ کرروزانہ ۲۶؍ہزار۸۱۵؍ہوگئی ہے۔ ٹکٹوں کی قیمت میں۵۰؍فیصد کمی کا خاطر خواہ اثر نظر آنے لگا ہے۔سی ایس ایم ٹی سے تھانے کی ۳۴؍کلومیٹر کی دوری طے کرنے کیلئے اے سی ٹرین  کا کرایہ  ۹۵؍روپے ہے جبکہ سی ایس ایم ٹی سے کلیان تک کے ۵۴؍ کلومیٹر کا کرایہ ۱۰۵؍ روپے ہو گیا ہے جو اے سی ٹیکسی سے بہت ہی کم ہے۔ سینٹرل ریلوے کے اے سی ٹرین میں سب سے زیادہ جن ۵؍ ریلوے اسٹیشنوں سے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ان میں سی  ایس ایم ٹی، کلیان،تھانے،ڈومبیولی اور گھاٹکوپر شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK