Inquilab Logo

اسرائیلی جیلوں میں قید۶؍ سوفلسطینی بیمار،۲؍سوکی حالت نازک، سنگین امراض میں مبتلا

Updated: September 12, 2022, 1:45 PM IST | Agency | Tel Aviv-Yafo/Ramla

۲۳؍ قیدیوں کو سرطان جیسی مہلک بیماری ، ایک رپورٹ کے مطابق ۱۹۶۷ء سے اب تک مختلف جیلوں میں۲۳۱؍ فلسطینیوں میں سے۷۳؍ کی موت طبی لاپروائی کی وجہ سے ہوئی ہے

Demonstration in support of Palestinian prisoner Nasser Abu Hamid in the West Bank.Picture:INN
مغربی کنارے میں فلسطینی قیدی ناصر ابوحمید کی حمایت میں مظاہرہ ۔ تصویر:آئی این این

اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوںکی اکثریت علاج معالجہ کی سہولت سے محروم ہے۔   اب بھی ایک بڑی تعدا د مختلف امراض میں مبتلا ہے جن میں سرطان کے مریض بھی شامل ہیں۔  اس دوران  طبی غفلت کی وجہ سے ۷۰؍ سے زائد قیدیوں کے ہلاک ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔  فلسطینی جمعیت برائے اسیران کی رپورٹ مطابق  اب تک  اسرائیلی جیلوں میں تقریباً۶؍سو بیمار  فلسطینی قیدی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں جن میں سے۲۰۰؍ کے قریب سنگین امراض میں مبتلا ہیں، ان میں سے۲۳؍ کو  سرطان جیسی جان لیوا بیماری بھی لاحق ہے ۔  رپورٹ کے مطابق  ان میں  ایک  قیدی ناصر ابو حمید  ہے جس کی حالت انتہائی تشویشناک  ہے ۔ ان کے علاج کا نظم نہیں کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیاکہ اسرائیلی جیلوں میں  ۱۹۶۷ء سے اب تک۲۳۱؍ فلسطینی وفات پا چکے ہیں جن میں سے طبی  لاپروائی کی وجہ سے وفات پانے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد۷۳؍  ہے ۔ رپورٹ  میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی  ہےکہ گزشتہ چند سال کے دوران بیمار قیدیوں سے متعلق چونکانے والے اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ بیما ر قیدیوں کے ساتھ  تشدد بھی کیا جاتا رہا ہے۔ اسیران کلب نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتایاکہ۳؍ ستمبر کو اسرائیلی اسپتال  ’اسعاف حروفیہ‘  میں۴۰؍ سالہ فلسطینی قیدی موسیٰ ابو محمود کی موت  ہوگئی تھی۔ جیل انتظامیہ  نے اس کے علاج پر توجہ نہیں دی  جب اس کی حالت بہت زیادہ خراب ہوگئی تب اسے اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔  اسیران کلب کے مطابق اگر بر وقت علاج کیاگیا ہوتا تو آج موسیٰ ابومحمود  زندہ ہوتا ہے۔ ایسے بہت سے قیدی دم توڑ دیتےہیں۔ رپورٹ کے مطابق راملہ جیل جسے قیدی مذبح کہتے ہیں ، وہ روز مرہ کی موت کا گواہ ہے۔ اسیران کلب کے مطابق اس جیل میں تقریباً۱۸؍بیمار اور زخمی قیدیوں کوحالت نازک ہے۔ قیدیوں کے امور سے متعلق اداروں کے مطابق رواں سال جولائی کے آخر تک اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی  قیدیوں اور نظر بند کئے جانے والے افراد کی  تعداد۴؍ ہزار ۵۵۰؍ تک پہنچ گئی ہے جن میں  ۲۷؍ خواتین،۱۷۵؍ بچے اور تقریباً۶۷۰؍  انتظامی قیدی شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK