Inquilab Logo

بھاری بارش سے ۸؍ریاستیں بے حال،چٹانیں کھسکنے اورطغیانی سے تباہی

Updated: August 22, 2022, 2:08 PM IST | Agency | Mumbai

ہماچل میں سیلاب، زمین کھسکنے اور بادل پھٹنے جیسے ۳۴؍واقعات پیش آئے،مدھیہ پردیش میں باندھ کے ۵؍دروازے کھول دیئے گئے،نرمدا پر بارگی ڈیم کے ۱۱؍گیٹ کھولے گئے

In Varanasi, District Magistrate Kaushal Raj Sharma is reviewing the .Picture:INN
وارانسی میں ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرمابارش سے پانی بھرنے کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ تصویر:آئی این این

ملک کی ۸؍ریاستیں بھاری بارش کی وجہ سے بے حال ہیں۔ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور اتر پردیش میں گزشتہ ۲۴؍گھنٹے سے شدید بارش جاری ہے۔ پہاڑوں پر چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ وہیں میدانی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے حالات خراب ہیں۔ اتراکھنڈ میں سیلاب میں پھنسنے والے سیاحوں کیلئے بچائو کاری مہم جاری ہے۔  مدھیہ پردیش میں تیز بارش کی وجہ سے آدھی رات کو توا اور برگی ڈیم کھولنا پڑے۔ وہیں اگلے ۲۴؍گھنٹوں کیلئے بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے یہ بھی اندازہ لگایا ہے کہ پیر تک بارش میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔
ہماچل : سیلاب، زمین کھسکنے اور بادل پھٹنے کے ۳۴؍واقعات
 ہماچل میں سیلاب، لینڈ سلائڈ اور بادل پھٹنے کے ۳۴؍واقعات میں مرنے والوں کا ہندسہ بڑھ کر ۲۲؍ ہوگیا ہے، جبکہ ۶؍لاپتہ ہیں۔ کانگڑا، منڈی اور چنبا ضلع میں قدرت کا قہر سب سے زیادہ بپا ہے۔ منڈی میں ۱۴؍،چنبا کے بھٹیات میں ۳؍ اور کانگڑا اور شملہ ضلع میں ۲؍ ۲؍  لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ ان میں ۹؍سال کی ایک بچی بھی شامل ہے جس کی کانگڑا  کے شاہپور میں مکان گرنے سے جان چلی گئی ۔ریاست کے کانگڑا ضلع میں موسلا دھار بارش سے آئے سیلاب کی وجہ سےسنیچرکو ریلوے کا چکی پل بہہ گیا۔ کانگڑا کے اے ڈی ایم روہت راٹھور نے اس کی تصدیق کی ہے۔ تاہم پل میں دراڑیں پڑنے کی وجہ سےڈیڑھ ہفتہ قبل ریل خدمات معطل کردی گئی تھیں۔ڈیہر پنچایت کے ڈول گڈیاڈا گاؤں میں بیجناتھ-سرکاگھاٹ سڑک بھی بہہ گئی ہے۔چمبا ضلع میں جوڑے اور ان کے بیٹے کی موت ہو گئی ہے۔ کانگڑا کےبھنالہ کوگورڈا (شاہ پور) میں مکان گرجانے سے ۱۲؍ سالہ بچہ جان چلی گئی، جبکہ منڈی کے سراج، گوہر اور ڈرنگ میں بادل پھٹنےکےواقعات میں ۱۳؍افراد ہلاک ہو گئےہیں۔ تقریباً۹؍افراد لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔ گوہر میں پردھان کے کنبہ کے۸؍افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پردھان اور اس کی بیوی بھی ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے۔
 تینوں قومی شاہراہیں منڈی-پٹھانکوٹ، منڈی- کلو اور منڈی-جالندھر براستہ دھرم پور بند ہو گئےہیں۔ اس کے علاوہ کانگڑا ضلع میں تودے گرنے سے باگلی اسکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ کانگڑا ضلع کے بھنالہ کے گورڈا (شاہ پور) میں مکان گر گیا جس کے نتیجے میں۱۲؍سالہ بچہ جان چلی گئی۔ اس کے علاوہ ضلع میں ایک اور شخص کی موت ہوئی ہے۔
مدھیہ پردیش میں ندی کے۵؍دروازے کھولے گئے
 مدھیہ پردیش میں بارش کا نظام پھر فعال ہوگیا ہے۔ راجدھانی بھوپال، نرمداپورم، ودیشا، چھندواڑہ اور رائسین سمیت ریاست کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔توا نامی ندی میںپانی کی سطح بڑھنے پر رات گیارہ بجے ۵؍ دروازے کھول دیے گئے۔ اس کے ساتھ ہی نرمدا پر بنے بارگی ڈیم کے۱۱؍گیٹ آدھے میٹر تک کھول دیے گئے ہیں۔ 
جھارکھنڈ کی کئی ندیوں میں طغیانی
 جھارکھنڈ میں مغربی سنگھ بھوم، سرائی کیلا-کھرساواں اور مشرقی سنگھ بھوم اضلاع سمیت کولہن میں کئی ندیوں کی پانی کی سطح خطرے کے نشان پر پہنچ گئی ہے۔ ریاست میں۳؍افراد کی موت ہوگئی ہے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئےہیں۔ سنگھ بھوم میں ایک خاتون اور رام گڑھ میں دو کی ڈوبنے سے موت ہوگئی، جب کہ کچھ لوگ لاپتہ ہیں۔ نلکاری ندی میں کار ڈوبنے سے چار افراد ہلاک ہو گئے۔ 
ادیشہ:۷۰؍مسافروں سے بھری کشتی بہہ گئی،سب کو بچالیا گیا
 مہاندی نامی ندی میں سیلاب میں۷۰؍مسافروں سے بھری کشتی بہہ گئی۔ اڈیشہ فائر سروسز نے ریسکیو آپریشن کیا۔ مہاکلپاڈا میرین پولیس آفیسر پرکاش چندر ساہو نے کہا کہ اگرچہ یہ خطرناک تھا، ہم نے تمام۷۰؍ لوگوں کو بچایا۔
اتراکھنڈ: سیلاب کی وجہ سے سیاح ریزورٹ میں پھنس گئے
 کچھ لوگ پوری گڑھوال کے موہن چٹی میں واقع ارنیم ریزورٹ میں پھنس گئےتھے۔ان لوگوں سے تمام رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف کی ٹیم ریسکیو موقع پر پہنچ گئی۔ایس ڈی آر ایف کے ترجمان کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ دوسری طرف رشی کیش میں موسلادھار بارش کی وجہ سے دریائے گنگا کے پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔
یوپی کے امروہہ میںپل کی سڑک دھنس گئی
 اترپردیش کے ضلع امروہہ میں گنگاکے تیز بہاؤ سےپل کی سڑک دھنسنے سےامروہہ ۔بلندشہر کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ آفیشیل ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ حسن پور تحصیل علاقےمیں گنگاندی کے تیز بہاؤ سے گنگا نگر گاؤں کے نزدیک بلند شہر کی سیانہ تحصیل علاقے کے گاؤں بھگوان پور کو جوڑنے والے پل کی سڑک بہ جانے سے راستہ پوری طرح سے بند ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK