Inquilab Logo

بیانوے سالہ خاتون ممبرا کے کووڈ سینٹر سے صحت یاب ہوکر گھر رخصت

Updated: November 19, 2020, 10:51 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

گزشتہ روز ۲؍ پولیس اہلکار سمیت ۹؍ افراد ڈسچارج کئے گئے۔ مشتبہ مریضوں کی مفت جانچ کیلئے علاحدہ سینٹر بھی جاری

Mumbra Covid Center
خاتون ممبرا کے کووڈ سینٹر سے صحت یاب ہوکر گھر رخصت

یہاں مولانا  ابو الکلام آزاد اسٹیڈیم میں قائم کئے گئے کووڈ سینٹر سے بدھ کو ۹۲؍ سالہ خاتون کو صحتیاب ہونے کے بعد تالیاں بجاکرگھر رخصت کیا گیا۔ کلوا میں رہنے والے مذکورہ خاتون کو ۲۴؍دنوں بعد ڈسچارج کیا گیا۔ ان کے ساتھ دیگر ۸؍ اس طرح کل ۹؍ مریضوں کو منگل کی شب ڈسچارج کیا گیا  ہےجن میں ممبرا کے علاوہ  تھانے ، کلیان ، اندھیری اور دیگر علاقوں کے مریض بھی شامل تھے۔ 
 اس سلسلے میں کووڈ سینٹر کے کو آرڈینیٹر ممتاز شاہ نے بتایاکہ ’’۱۷؍ نومبر کو کووڈ سینٹر سے ۹؍  مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد رخصت کیا گیا ہے،  ان میں کلوا میں رہنےوالی ۹۲؍ سالہ خاتون اور ممبرا  پولیس اسٹیشن  کے ۲؍  اہلکار بھی شامل ہیں۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’معمر خاتو ن کو نازک حالت میں ۲۵؍ اکتوبر کو داخل کیاگیاتھا۔آئی سی یو میں ان کا  علاج کیا گیا اور کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد ۱۷؍ نومبر کو انہیں ڈسچارج کیا گیا ہے۔‘‘مذکورہ کووڈ سینٹر سے ڈسچارج ہونے والے ایک پولیس اہلکار نے کہاکہ ’’جب کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تو مَیں گھبرا گیا تھا لیکن یہاں بہترین علاج کیا گیا اور وارڈ بوائے سے لے کر آئی سی یو کے ڈاکٹروں کی انتہائی بہترین نگہداشت سے آج میں صحت یاب ہو کر گھر لوٹ رہا ہوں۔ یہاں بالکل گھر جیسا ماحول ہے جس سے کوئی گھبراہٹ محسوس نہیں ہوتی۔‘‘
  کووڈ سینٹر کے کوآرڈی نیٹر ممتاز شاہ نے بتایا کہ ’’کووڈ سینٹر میں مشتبہ مریضوں کیلئے  علاحدہ جانچ کا  سینٹر بھی شروع کیا گیا ہے۔ اس سینٹر میں بخار اور دیگر علامتوں والے کووڈ کے مشتبہ مریضوں کی مفت جانچ کی جاتی ہے اور ضرورت پڑنے پر انہیں ۲، ۳؍ دنوں تک داخل بھی کیا جاتا ہے البتہ کووڈ سے متاثر نہ ہونے کی تصدیق کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیاجاتا ہے۔اسی لئے عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ   اس کووڈ سینٹر سے استفادہ کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK