Inquilab Logo

جیو کے ایک کروڑ نئے صارفین، ووڈا آئیڈیا اور ایئرٹیل کے صارفین میں بھاری کمی

Updated: August 27, 2020, 12:23 PM IST | Agency | New Delhi

ان تین مہینوں میں جب گاہک بڑی کمپنیاں چھوڑ رہے تھے، جیو نےتقریباً۹۹؍ لاکھ۲۰؍ ہزار صارفین کو اپنے اپنے نیٹ ورک سے جوڑ لیا

The popularity of Jio customers is increasing day by day.Picture:INN
جیوکی گاہکوں میں مقبولیت روز بہ روز بڑھتی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این

 نئی دہلی(ایجنسی):لاک ڈاؤن میں ووڈا-آئیڈیا اور ایئرٹیل کو زبردست جھٹکا لگا ہے اور دونوں نے ۲ء۶۸؍ کروڑ صارف کھو دیے جبکہ ریلائنس جیو نے تقریباً ایک کرور نئے صارف جوڑ لئے۔ ٹیلی کام ریگولیٹری اتھاریٹی آف انڈیا (ٹرائی) کی جانب سے بدھ کے روز جاری کئے گئے نئے اعداد و شمار کے مطابق مارچ سے مئی کے درمیان ایئرٹیل اور ووڈا۔آئیڈیا کے ہاتھوں سے ۲؍ کروڑ۶۸؍ لاکھ سے زیادہ صارف کم ہو گئے ہیں جبکہ ان کے برعکس ریلائنس جیو مضبوط ہوا۔جب گاہک بڑی کمپنیاں چھوڑ رہے تھے، جیو نے ان تین مہینوں میںتقریباً۹۹؍ لاکھ۲۰؍ ہزار صارفین کو اپنے اپنے نیٹ ورک سے جوڑ لیا۔ مئی میں ہی ووڈا۔آئیڈیا اور ایئرٹیل سے تقریباً۹۴؍ لاکھ سے زیادہ صارف علاحدہ ہو گئے۔ ریلائنس جیو نے مئی میں بھی بازی مار لی۔ اس کے نیٹ ورک سے۳۶؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار نئے گاہک وابستہ ہو گئے۔
 جیو کے علاوہ سرکاری کمپنی بی ایس این ایل  نے بھی لاک ڈاؤن (اپریل سے مئی کے دوران)۲؍ لاکھ ۷۶؍ہزار سے زیادہ صارفین کو اپنے نیٹ ورک سے جوڑا۔ مئی کا مہینہ بی ایس این ایل کے لیے سب سے اچھا ثابت ہوا۔ مئی میں۲؍ لاکھ سے زیادہ گاہک بی ایس این ایل سے وابستہ ہوئے۔
 لاک ڈاؤن میں سب سے زیادہ نقصان ووڈا۔آئیڈیا کو ہوا ہے۔ تین ماہ کے دوران کمپنی کے ایک کروڑ۵۵؍ لاکھ۹۶؍ ہزار سے زیادہ صارفین نے سروس چھوڑ دی۔ دریں اثناء ایئرٹیل کے ایک کروڑ۱۲؍ لاکھ۷۴؍ ہزار سے زیادہ صارف کم ہو گئے۔ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے کمپنی کے۴۳؍ ویں عام اجلاس میں اگلے تین برسوں میں جیو کے گاہک۵۰؍ کروڑ کرنے کا ہدف متعین کیا ہے۔ ان کی نظر۳۵؍ کروڑ۲؍ جی صارفین پر ہے جن میں سے زیادہ سے زیادہ صارفین کو اپنے ساتھ جوڑنے کی کوشش ہے۔ اسی لیے کمپنی۴؍جی اور۵؍جی  نیٹ ورک پر چلنے والے کفایتی اسمارٹ فون لانچ کرے گی۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK