Inquilab Logo

سونیا، راہل، پرینکا گاندھی اور دیگر لیڈروں کی اہل وطن کو یوم آزادی پر مبارکباد

Updated: August 16, 2022, 8:52 AM IST | new Delhi

پورے ملک میں جشن کا ماحول، بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے قبائلی خواتین کے ساتھ رقص کیا، دہلی کے وزیراعلیٰ کیجریوال کی عوام سے اپیل،ہندوستان کو دنیا کا نمبر ایک ملک بنانے کا عہد کریں، تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن کی جانب سے مجاہدین آزادی کی پنشن میں اضافے کاا علان، جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ نے بھی خوشنما وعدہ کیا

ahul Gandhi, Priyanka Gandhi, Ghulam Nabi Azad and other senior Congress leaders (Photo: PTI)
راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، غلام نبی آزاد اور کانگریس کے دیگر سینئر لیڈران (تصویر: پی ٹی آئی)

 ملک کی آزادی کی ۷۵؍ویں سالگرہ پر پورے ملک میں جشن کا ماحول ہے۔ اس موقع پر ملک کی مختلف ریاستوں میں سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے اوراہم لیڈروں نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے۔ اس خوشی  کے موقع پربہار، تلنگانہ اور جھارکھنڈ کے وزرائے اعلیٰ کی جانب سے اہم اعلانات بھی کئے گئے ہیں۔
 کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے پیر کو آزادی کی۷۵؍ ویں سالگرہ پر ہم وطنو کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ سونیاگاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’پیارے ہم وطنو، آزادی کی۷۵؍ویں سالگرہ پر آپ سب کو بہت بہت نیک خواہشات۔گزشتہ۷۵؍ برسوں میں ملک نے اپنے باصلاحیت  ہندوستانیوں کی سخت محنت کی بدولت سائنس، تعلیم، صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ ہندوستان نے اپنے دور اندیش لیڈروں کی قیادت میں ایک جانب جہاں آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابی نظام قائم کیا وہیں جمہوریت اور آئینی اداروں کو مضبوط بنایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے زبان، مذہب اور فرقے کے تکثیری امتحان پر بھی ہمیشہ کھرا اُترنے والے ایک سرکردہ ملک کے طورپر اپنی قابل فخر شناخت قائم کی ہے۔‘‘
 اس موقع پر راہل گاندھی نےاہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’آزادی کے۷۵؍ سال مکمل ہونے پر آج کانگریس ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ یہ ایک تاریخی اور یادگار لمحہ ہے۔ آج ہم آزادی کے۷۶؍ ویں سال میں داخل ہو رہے ہیں،ایسے میں ہمیں متحد ہوکر ایک نئی توانائی  پیداکرکے، ملک کے مفاد سے وابستہ کاموں کو ایک نئی سمت اور رفتار دینی ہو گی۔جے ہند۔‘‘کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی عوام کے نام مبارکبادی کا پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین آزادی کی قربانیوں اور ان کے نظریات کی وجہ سے ہندوستان کی وسیع قدیم ثقافت کو جلا ملی اور آئین کی اقدار اور ترقی کے پروں کو بلند کرنے کی اجتماعی کوششوں نے ملک کی ایک مضبوط بنیاد رکھی۔  انہوں نے کہا کہ آزاد ہندوستان کا۷۵؍ سال کا یہ سفراس مضبوط بنیاد کا گواہ ہے۔
 ملک کی آزادی کے ۷۵؍ سال مکمل ہونے پر پورے ملک میں جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ اس موقع پر مختلف ریاستوں میں سرکاری اور غیر سرکاری تقاریب کا اہتمام کیاگیا اور بعض ریاستوں میں حکومتو ں کی جانب سے کچھ اہم اعلانات کئے گئے۔ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جہاں ۱۰؍ لاکھ سرکاری ملازمتوں کے ساتھ ۲۰؍ لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرنے کی بات کہی، وہیں تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے مجاہدین آزادی کے پنشن میں اضافے کااعلان کیا۔ اس موقع پر جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے ۶؍ ماہ میں ۳۷؍ ہزار سے زائد اساتذہ کی خالی اسامیوں  کو پُر کرنے کا خوشنما وعدہ کیا۔
  قومی پرچم لہرانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ اور لیباریٹری اسسٹنٹ کی۳۷؍ ہزار سے زیادہ آسامیاں خالی ہیں۔ ان آسامیوں پر تقرری کیلئے خصوصی مہم چلا کر۶؍ ماہ میں بھرتی کا عمل مکمل کرنے کا کام شروع کر دیا  جائے گا۔ اس کے ساتھ  ہی بجلی کے شعبے میں مسلسل بہتری کے ساتھ ساتھ ریاست کے شہری علاقے کو سر سبز رکھنے کیلئے ایک درخت لگانے پر۵؍ یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کے منصوبے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم  نے سرکاری ملازمین کیلئے پرانی پنشن بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا، اس حوالے سے کابینہ میں ایک تجویز پاس کی جاچکی ہے، ایس او پی بنانے کا عمل جاری ہے، جلدہی اسے مکمل طور پر نافذ کر دیاجائے گا۔
 عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے  دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ۷۵؍ سال قبل جب پورا ہندوستان اکٹھا ہوا تو ہم نے انگریزوں کو اٹھا کر ملک سے باہر پھینک دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایک بار پھر متحد ہوجائیں تو ہمیں ہندوستان کو دنیا کا نمبروَن ملک بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے تیاگراج اسٹیڈیم میں منعقدہ ’ہر ہاتھ ترنگا‘ تقریب میں ہم وطنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’آئیں، آزادی کی ۷۵؍ویں سالگرہ کے موقع پر، ہم سب۱۳۰؍ کروڑ ہندوستانی ایک عہد لیں کہ آنے والے وقت میں ہندوستان کو دنیا کا سب سے بہتر ملک بنائیں گے۔ ہم یہ بھی عہد کریں کہ ہم اپنی جانب سے  ملک کو گندہ نہیں کریں گے اورراستہ چلتے کوئی کوڑا سڑک پر نہیں پھینکیں گے۔‘‘
 مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی ایک الگ ہی رنگ میں نظر آئیں۔ انہوں نے کولکاتا میں منعقدہ ایک تقریب میں ترنگا لہرانے کے بعد قبائلی خواتین کے ساتھ ’لوک رقص‘ میں حصہ لیا اور وہاں موجود لوگوں کے جشن کو دوبالا کردیا۔ 

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK