Inquilab Logo

نیپال میں تباہ شدہ طیارے کے ملبے سے بلیک باکس مل گیا

Updated: June 01, 2022, 1:07 PM IST | Agency | Kathmandu

ملبہ لاپتہ ہونے کے ۱۹؍ گھنٹے بعد تلاش کیا جاسکا ۔ آخری لاش بھی مل گئی ہے ، تمام لاشیں کا ٹھمنڈ و لائی جارہی ہیں، شناخت کا عمل بھی شروع ہونے والا ہے، سب سے پہلے پوکھرا سے ۱۰؍ لاشیں دارالحکومت لائی گئیں ، باقی لاشوں کو کو بانگ بھیج دیا گیا ہے جلد ہی کاٹھمنڈ ولائی جائیں گی ، متعلقین منتظر ۔ حادثے کی تفتیش کا حکم،۵؍ اراکین پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل

People waiting for bodies of those who lost their loved ones in plane crash outside Kathmandu and hospital.Picture:AP/PTI
کاٹھمنڈ و اسپتال کے باہر طیارہ حادثے میں اپنے متعلقین کو کھونے والے لوگ لا شوں کے منتظر ۔ تصویر:  اے پی / پی ٹی آئی

 نیپال میں اتوار کو گر کر تباہ ہونے والے تارا ایئر کے طیارے کا بلیک باکس برآمد کر لیا گیا ہے۔ واضح رہےکہ طیارہ حادثے میں ۴؍ ہندوستانیوں سمیت تمام۲۲؍ افراد ہلاک ہوگئے تھے جن کی لاشیں کاٹھمنڈو لائی جارہی ہیں۔ منگل کو آخری لاش بھی برآمد کر لی گئی ہے۔  نیپال کی حکومت نے حادثے کی تفتیش کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میں ایک۵؍ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے ۔   اس بارے میں مستونگ کے چیف ڈسٹرکٹ آفیسر (سی ڈی او) نیترا پرساد شرما نے بتایا کہ اتوار کو مستونگ کی تھاسنگ دیہی میونسپلٹی۲؍ کے ساسارارے میں گر کر تباہ ہونے والے تارا ایئر کے طیارے میں سوار۲۲؍ افراد کی تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ اسی دوران نیپالی فوج کے ذریعہ کل۱۰؍ لاشیں پوکھرا سے کاٹھمنڈو  لائی گئی  ہیں۔ باقی لاشوں کو جائے حادثہ سے کوبانگ بھیج دیا گیا ہے اور انہیں کاٹھمنڈو لایا جائے گا۔ شرما نے بتایا کہ جائے حادثہ سے بلیک باکس بھی برآمد ہوا ہے۔ نیپال کی سول ایوی ایشن اتھاریٹی کے مطابق بلیک باکس کو  بھی کاٹھمنڈو لے جایا جائے گا۔  ادھر نیپالی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل نارائن سلوال نے ٹویٹ کیاکہ آخری لاش برآمد کر لی گئی ہے۔ باقی۱۲؍ لاشوں کو جائے حادثہ سے کاٹھمنڈولانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ تارا ایئر کے طیارے کا ملبہ پیر کی صبح لاپتہ ہونے کے۱۹؍گھنٹے بعد مل گیا۔ حکام نے بتایا کہ جاری سرچ آپریشن کے ایک حصے کے طور پر پیر تک۲۱؍ لاشیں برآمد کی گئی  ہیں لیکن ایک لاش نہیں ملی تھی جس کے لئے منگل کی صبح دوبارہ آپریشن شروع کیا گیا اور آخری لاش بھی نکال لی گئی۔ رپورٹ کے مطابق طیار ہ ۱۴ ؍ہزار ۵۰۰؍ فٹ کی بلندی پر مستونگ ضلع میں تھاسانگ ٹو کے مقام پر گر کر تباہ ہوا تھا۔   نیپال کی سول ایوی ایشن اتھاریٹی (سی اے اے این) کے ڈائریکٹر جنرل پردیپ ادھیکاری نے پیر کو کہا کہ طیارہ خراب موسم کی وجہ سے پہاڑی سے ٹکرانے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیٹی حادثے کی وجہ معلوم کرے گی۔ نیپال کی حکومت نے اس کیلئے ایک ۵؍ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔  مقامی میڈیا کے  مطابق طیارہ حادثے میں مرنے والے افراد کی لاشوں کی شناخت کا عمل  جلد ہی شروع ہوگا۔ واضح رہےکہ نیپال میں نجی کمپنی کا چھوٹا طیارہ اتوار کو پرواز کے کچھ دیر بعد لاپتہ ہوگیا تھا، جس میں۱۹؍مسافر اور عملہ کے ۳؍اراکین سوار تھے جن میں۱۶؍ نیپالی شہری،۴؍ ہندوستانی،۲؍ جرمن اور  شہری شامل تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK