Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملک میں چھوٹے تاجروں  کوختم کرنے کی سازش رچی گئی ہے

Updated: December 15, 2022, 10:16 AM IST | Sawai Madhopur

راہل گاندھی کا الزام ، راجستھان میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران نکڑ سبھا میں الزام لگایا کہ ملک کے ۱۰۰؍ بڑے سرمایہ داروں کے پاس ملک کی آدھی آبادی کے برابر دولت ہے اورمودی سرکار ان ہی کی ایما پر کام کررہی ہے۔ جی ایس ٹی کے غلط اطلاق کو چھوٹے کاروباریوں کو ختم کرنے کی سازش کا حصہ بتایا

Rahul Gandhi with a farmer during Bharat Jodo Yatra. (Photo: PTI)
راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے دوران ایک کسان کے ساتھ ۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

  راہل گاندھی  نے  بدھ کو مودی سرکار کی معاشی پالیسیوں کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ ایک سازش کے تحت ۱۰۰؍ بڑے صنعتکاروں کے اشارے پر ملک کے چھوٹے کاروباریوں کو ختم کیا جارہاہے۔  بھارت جوڑو یاترا کے ۹۸؍ ویں دن راجستھان کے دوسا  ضلع کے بگڑی علاقے میں ایک نکڑ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نےمودی سرکار پر ملک کے بڑے سرمایہ داروں کے اشارے پر کام کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اسی سازش کے تحت جی ایس ٹی کو بھی غلط طریقے سے نافذ کیاگیا۔ 
سرمایہ داروں کے اشارے پر کام 
 راہل گاندھی  نے کہا کہ ’’ملک کے ۱۰۰؍  سرمایہ داروں کے پاس   ہندوستان کی آدھی آبادی جتنی دولت ہے۔نریندر مودی بھی ان ہی کے اشارے پر کام کرتے ہیں۔ جو یہ لوگ کہتے ہیں، مودی جی وہی کرتے ہیں۔ ‘‘ کانگریس کے سابق صدر نے الزام لگایا کہ ’’بڑے صنعتکاروں  نے کہا کہ چھوٹے کاروباریوں کو ختم کرنا ہے جو مودی جی کر رہے ہیں۔ جی ایس ٹی کو غلط طریقے سے اسی لئے نافذ کیاگیاہے۔ 
 چھوٹے کاروباری پر جی ایس ٹی کا بوجھ
  راہل گاندھی نے نشاندہی کی کہ ’’مجھے آج ہی بتایا گیا ہے کہ ۲۵؍ کلو سے کم گُڑ اور بیسن بیچنے پر جی ایس ٹی ادا کرنا پڑتا ہےمگر زیادہ پر نہیں لگتا۔ ‘‘ انہوں  نے اسے چھوٹے تاجروں کو ختم کرنے کی سازش کی ایک مثال قراردیا ۔ 
 راجستھان میں یاترا کا ۱۰؍ واں دن
  راجستھان میں بدھ کو بھارت جوڑو یاترا کا ۱۰؍ واں دن تھا۔ یاترا صبح ۶؍ بجے سوائی مادھو پور کے بھاڈوتی سے شرو ع ہوئی  اور صبح ۱۰؍ بجے بامن  واس کے بار شیام پورہ ٹونڈ میں لنچ بریک ہوا۔ یہاں  چند گھنٹے رکنے کے بعد یاترا ساڑھے ۳؍ بجے پھر شروع ہوئی اور شام ساڑھے ۶؍ بجے دوسا ضلع کے باگڑی گاؤں پہنچی جہاں راہل گاندھی نے نکڑ سبھا سے خطاب کیا۔   بدھ کو یاترا میں آر بی آئی  کے سابق گورنر رگھورام راجن  نے شرکت کی جبکہ  وزیراعلیٰ اشوک گہلوت، ریاستی کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسا، سابق نائب وزیراعلیٰ  سچن پائلٹ  اور کئی دیگر لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ چل رہے تھے۔  اس دوران راہل گاندھی نے مقامی افراد سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ 
کل یاترا کا ۱۰۰؍ واں دن
  بھارت جوڑو یاترا بدھ کی رات دوساضلع میں داخل ہوگئی جو سابق نائب وزیراعلیٰ سچن پائلٹ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ یہی بھارت جوڑو یاترا اپنا ۱۰۰؍ واں دن بھی پورا کریگی۔ جمعہ کو  یاترا کے ۱۰۰؍    دن مکمل ہونے پر جے پور میں ثقافتی پروگرام  کا انعقاد کیاگیاہے۔ اس میں شرکت کیلئے راہل گاندھی بھی جے پور پہنچیں گے۔  بتایا جارہاہے کہ بالی ووڈ گلوکارہ سنیدھی چوہان اس پروگرام میں شریک ہوں گی اور اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گی۔ 
ہریانہ میںیاترا کے خیر مقدم کی تیاری
  راجستھان  سے نکل کر بھارت جوڑو یاترا ۲۱؍ دسمبر کو ہریانہ میں داخل ہوگی۔اس کیلئے حالانکہ ابھی  قریب قریب ایک ہفتے کا وقت ہے تاہم ہریانہ کانگریس  کے کارکن اوریاترا کے کاز سے  اتفاق رکھنےوالے افراد پرجوش ہیں۔ یاترا نوح ضلع کے فیروز پور جھرکہ اسمبلی حلقہ کے منڈکا بارڈر سے ہریانہ میں داخل ہوگی۔ یہاں ریاستی کانگریس کمیٹی کی جانب سے ایک مختلف انداز میں ہریانوی ثقافت سے بھرپور راگنی اور ڈھول ناگاڑوں سے استقبال کیا جائے گا۔
۳؍ دن میں ۸۰؍ کلومیٹر چلیں گے
 ہریانہ  میں راہل گاندھی  ۲۱؍ دسمبر کو داخل ہوں گے اوراگلے ۳؍دنوں میں ۸۰؍ کلو میٹر کا سفر طے کریںگے۔ یہاں وہ  تاریخی گاندھی گرام سوہنا بھی پہنچیں گے۔  کانگریس کے انچارج شکتی سنگھ گوہل نے راہل گاندھی کی قیادت میں جاری بھارت جوڑو یاترا کے ریاست میں استقبال کرنے کو لے کر تشکیل دی گئی تمام کمیٹیوں کے ساتھ میٹنگ کی ہے جس میں یاترا کا روٹ طے کیا گیا ہے۔ شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے پرزور استقبال کے لئے ریاست پوری طرح تیار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK