Inquilab Logo

باندرہ میں ایس آر اے پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے مشترکہ میٹنگ منعقد کی جائے گی: وزیرہاؤسنگ

Updated: March 10, 2021, 10:17 AM IST | Staff Reporter | Vidhan Bhavan

بجٹ اجلا س کے دوران بدھ کو ریاستی وزیر ہاؤسنگ جتیندر اوہاڑ نے اسمبلی میں یقین دہانی کرائی ہے کہ سانتاکروز مشرق کے علاقے گولی بار میں ایس آر اے اسکیم کے پروجیکٹ طے شدہ مدت میں مکمل کئے جائیں اس کیلئے رکن اسمبلی ذیشان صدیقی اور متعلقہ ڈیولپر س کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔

Mumbai Slum - Pic : INN
ممبئی جھوپڑی ۔ تصویر : آئی این این

بجٹ اجلا س کے دوران  بدھ کو ریاستی وزیر ہاؤسنگ  جتیندر اوہاڑ نے اسمبلی میں یقین دہانی کرائی ہے کہ سانتاکروز  مشرق  کے علاقے گولی بار میں ایس آر اے اسکیم کے پروجیکٹ طے شدہ مدت میں مکمل کئے جائیں اس کیلئے رکن اسمبلی ذیشان صدیقی اور متعلقہ ڈیولپر س کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ 
  باندرہ مشرق کے رکن اسمبلی ذیشان صدیقی نے اسمبلی میں سوال کیا تھا کہ ’’ گولی بار میں شیوالک ڈیولپر کے ذریعے  ایس آر اے کے ۳؍پروجیکٹ دیئے گئے تھے جن سے متاثرین پریشان ہیں۔ انہیں گزشتہ ۱۰؍ برس سے ٹرانزٹ کیمپ میں رکھا گیاہے اور گزشتہ ۵،  ۶؍ برس سے ان مکینوں کو کرایہ بھی نہیںدیاجارہا ہے جس کے سبب  ان کے  راستے پر آنے کی نوبت آگئی ہے۔ کئی ٹرانزٹ کیمپوں کی مرمت نہیں ہوئی ہےاور ان کی حالت بہت خستہ ہے اور کبھی بھی کوئی بڑا حادثہ ہو سکتا ہے۔ اگر اس اسکیم کو ۶؍ تا ۷؍ حصوں میں تقسیم  کیا  جائے تو اسے بہتر انداز میں نافذ کیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ کئی برسوں سے متاثرین کو کرایہ نہیں دیاگیا ہے۔پروجیکٹ  کے ڈیولپر  اس منصوبے کے اہل ہیں یا نہیں اور اگر ہیں تو کیا وہ طے شدہ مدت میں پروجیکٹ مکمل کر رہا ہے۔ اگر نہیں تو حکومت اس پر کیا کارروائی کرے گی ۔‘‘
 اس سلسلے میں وزیرہاؤسنگ جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ ’’یہ ابتدائی دنوں کا پروجیکٹ ۷؍ ستمبر ۲۰۰۶ء کو ۸؍ تنظیموں کو دیا گیا پھر یہ بڑھ ۲۲؍ ہوا ، ۲۴؍ اور اس طرح بڑھتے بڑھتے یکم دسمبر ۲۰۱۲ء تک  ۵۰ ؍ تنظیموں میں تقسیم کیا گیا۔ ان پروجیکٹوں کو فوراً  مسترد کرنا  انصاف نہیں ہوگا۔ ا س لئے حکومت انہیں رد نہیں کر سکتی۔ کئی افراد جن میں میدھا پاٹکر اور دیگر تنظیمیں بھی شامل ہیں ،  نے اس سلسلے میں احتجاج کیا  تھا۔ ایک ایک بلڈنگ کے ڈیولپمنٹ کو۴۔۴؍افراد نے روکنے کی کوشش کی اور حکومت اعتراف کرتی ہے کہ ان وجوہات کے سبب ان پروجیکٹوں کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے۔  البتہ ذیشان صدیقی کے حلقہ انتخاب کے مسائل دور کرنے کیلئے اور طے شدہ مدت میں وہاں کے پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے  ان کےساتھ متعلقین کی ایک مشترکہ میٹنگ منعقدکی جائے گی اور  اس مسئلہ کو حل کیا جائے گا۔‘‘وزیرہاؤسنگ  کے مطابق مذکورہ پروجیکٹوں میں کل۷؍ ہزار ۷۸۳؍ جھوپڑا واسیوں میں سے ۵؍ ہزار ۵۷۲؍ اہل قرار دیئےگئے ہیں اور ان میں سے ایک ہزار ۹۴۴؍کی بازآباد کاری کر دی گئی ہے  جبکہ بقیہ کی بازآبادکاری التوا میں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK