Inquilab Logo

ملنڈ میں ایک شخص ۱۰؍ پستول اور کارتوس کے ساتھ گرفتار

Updated: June 20, 2021, 9:03 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

ملزم مدھیہ پردیش میں ہتھیار بناکر ممبئی میں فروخت کرتا تھا ، اس سے پہلے پکڑے گئے بدمعاشوں نے نشاندہی کی : کرائم برانچ

Crime Branch team personnel who managed to arrest the accused with a pistol.Picture:Inquilab
کرائم برانچ کی ٹیم کے اہلکار جنہوںنے پستول کے ساتھ ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ تصویر انقلاب

 یہاں کرائم برانچ کے افسران نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ۱۰؍ پستول اور کارتوس  وغیرہ  برآمد کیا ہے ۔ اس پر الزام ہے کہ  وہ  مدھیہ پردیش   میں پستول بناتا تھا اور وہاں سے ممبئی  لاکر  فروخت کردیتاتھا ۔ پولیس کو کافی دنوں سے اس کی تلاش تھی ۔
  کرائم برانچ کے ایک افسر کے مطابق پولیس کو اس کے بارے میں اس وقت جانکاری ملی تھی جب کئی مہینے پہلے ممبئی میں ہتھیاروں کے ساتھ ۲؍بدمعاش پکڑے گئے تھے اورتفتیش کے دوران انھوں نے اس شخص کی نشاندہی کی تھی۔پولیس نے ملزم کیخلاف ریمانڈ لے کر مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔ 
 گھاٹ کوپر کرائم برانچ یونٹ نمبر ۷؍ کے افسران نے نمائندہ ٔ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرائم برانچ کے افسران کو ایک مخبر کے ذریعہ اطلاع ملی تھی کہ ملنڈ کے مشرق میںواقع نوگھر پولیس اسٹیشن کے علاقے میں ایسٹرن ایکسپریس کے قریب میٹھا گھر کے گیٹ کے پاس ایک شخص پستول وغیرہ لے کر آنے والا ہے ۔ 
 پولیس کا کہنا ہے کہ اس اطلاع کی بنیاد پر کرائم برانچ کے افسران نے اپنی  ٹیم کے ساتھ بتائے ہوئے مقام پر جال بچھایا ۔ جمعہ کی سہ پہر تقریباً ۳؍بجے ایک شخص مشتبہ حالت میں  ایک بڑا بیگ لے کر وہاں پر آیا۔  بیگ وہاں پر  رکھ کر جب  وہ ادھر ادھر  دیکھنے  لگا تو پولیس کو اس پر  شبہ ہوا ور  اس کو قبضے میں لے کر پوچھ تاچھ کرتے ہوئے بیگ کی تلاشی لی تو اس کے بیگ سے ۱۰؍ دیسی پستول ، ایک میگزین اور ۶؍ زندہ کارتوس برآمد ہوئے ۔ 
 ایک سوال کے جواب میں کرائم برانچ کے افسر اکبر پٹھان نے کہا کہ کرائم برانچ یونٹ نمبر ۷؍ کو کئی ماہ سے  اس ملزم کی تلاش تھی۔ اس کے بارے میں پولیس اہلکاروں کو اُس وقت اطلاع ملی تھی جب کئی  ماہ قبل پولیس نے ممبئی سے ۲؍ بدمعاشوں کوپستول اور کارتوس کے ساتھ گرفتار کیا تھا ۔ پوچھ تاچھ کے دوران پکڑے گئےبدمعاشوں نے پولیس کو بتایا تھا کہ مدھیہ پردیش میں پستول بنانے والا ایک شخص ممبئی لاکر ہتھیار وغیرہ فروخت کرتا ہے اور اسی سے ان دونوں نے خریدا تھا ۔ ملزموں کی نشاندہی پر کرائم برانچ کے افسران کو مدھیہ پردیش کے ملزم کی تلاش تھی ۔ 
  پولیس کے ذریعہ ملزم سے یہ بھی جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ پستول کہاں بناتا  تھا اور اب تک ممبئی میں کتنے لوگوں کو فروخت کرچکا ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK