Inquilab Logo

جھوٹےکیس میں پھنسائےگئےمدنپورہ کے رہنے والے جوڑے کو قطرکی عدالت نےبری کردیا

Updated: March 30, 2021, 6:20 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مدنپورہ اور ڈونگری علاقے کے رہنے والے نئے شادی شدہ جوڑے کو اپنے ہی رشتہ دار کے ہاتھوں ڈیڑھ سال قبل منشیات اسمگل کرنے کے سنگین الزام کے سبب قطر پولیس کے ذریعہ نہ صرف گرفتاری کا سامنا کرناپڑا تھا بلکہ ۱۰؍ سال کی سزا بھی سنا دی گئی تھی ۔

Qatar - Pic : INN
قطر ۔ تصویر : آئی این این

مدنپورہ اور ڈونگری علاقے کے رہنے والے نئے شادی شدہ جوڑے کو اپنے ہی رشتہ دار کے ہاتھوں ڈیڑھ سال قبل منشیات اسمگل کرنے کے سنگین الزام کے سبب قطر پولیس کے ذریعہ نہ صرف گرفتاری کا سامنا کرناپڑا تھا بلکہ ۱۰؍ سال کی سزا بھی سنا دی گئی تھی ۔ رشتہ دار کی فریب دہی اور ممبئی اینٹی نارکوٹکس بیورو کے ذریعہ انہیں گرفتار کئے جانے کا ثبوت پیش کئے جانے کے شواہد کے بعد بالآخر  قطر  کی عدالت نے جوڑے کو تمام الزامات سے بری کرتے ہوئے انہیں جیل سے رہا کرنے کا حکم سنایا ہے ۔
  متاثرہ جوڑے کی رہائی پر اہل خانہ نے خدا کا شکر ادا کیا اور بتایا کہ کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد آئندہ ہفتے ان کے بچے ممبئی لوٹ آئیں گے۔۳۰؍سالہ انیبہ اور اس کے شوہر شارق قریشی کے منشیات کی اسمگل کرنے کے جرم میں ہوئی گرفتاری اور رہائی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انیبہ کی والدہ پروین کوثر نے بتایا کہ شارق کی پھوپھی تبسم قریشی انہیں دوبارہ ہنی مون پر گلف بھیجنے پر آمادہ تھی اور اس نے اپنی جانب سے قطر کی ٹریپ بھی اسپانسر کی تھی ۔
  جولائی ۲۰۱۹ءکو جب جوڑا  قطر کے حماد ایئر پورٹ پر اترا تو  شارق کی پھوپھی تبسم نے جو بیگ دیا تھا اس میں ہشیش رکھی ہوئی تھی جو اس نے  وہاں ایک شخص کو دینے کے لئے کہا تھا ۔ منشیات ملنے پر  پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا اور لاکھ کہنے کے باوجود کورٹ نے بھی انہیں خاطی مان کر ۱۰؍ سال قید اور ایک کروڑ جرمانہ عائد کردیا تھا ۔ ان ڈیڑھ سال کے عرصہ کے درمیان میری بیٹی نے ایک بچی ،جس کا نام آیت رکھا گیا ہے، جیل میں ہی جنم دیا تھا ۔ اپنے بچوں کی رہائی کے لئے شارق کے والد شریف قریشی نے  بیٹے اور بہو کو زبردستی ہنی مون پر جانے پر آمادہ کرنے اور ان کے سفر کے اخراجات خود برداشت کرنے کے ساتھ بیگ میں پارسل دینے والی پھوپھی سے موبائل پر ہوئی بات چیت کی تمام ریکارڈنگ ہندوستانی  ایمبیسی کے افسران اور قطری کورٹ کو دی تھی ۔ انیبہ کی والدہ کوثر اور شارق کے والد شریف قریشی نے فرسٹ سیکریٹری ایچ آر ایچ فہمی، لیبر اسسٹنٹ سیکشن انچارج دھیرج کمار اور وکیل نیاز کوچر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہمیں اور ہمارے بچوں کو اپنوں نے دھوکہ دیا تھا لیکن جنہیں ہم جانتے نہیں تھے انہوں نے  ہماری مدد کی ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK