Inquilab Logo

ممبئی میں اچانک سردی کی لہر،شہری گرم کپڑوںمیں نظر آئے

Updated: January 11, 2022, 9:28 AM IST | Iqbal Ansari and kazim shaikh | Mumbai

لوگوں نے الائو جلاکر بھی لطف لیا،پیر کو شہر و مضافات میں اس سال کا سرد ترین دن درج کیا گیا،درجۂ حرارت ۱۳ء۲؍ ڈگری پہنچا

With the onset of cold weather, people can be seen buying warm clothes
سردی میں اضافہ کے پیش نظرعوام کو گرم کپڑے خریدتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے

: ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی برف باری اورشمال مشرقی یوپی سمیت ملک کے متعدد علاقوں سمیت ممبئی میں ہونے والی بارش کی وجہ سےممبئی کے موسم کا مزاج اچانک بدل گیا ہے اور ممبئی شہر اور مضافات میں ٹھنڈی بڑھ گئی ہے ۔پیر کو ممبئی میں موسم سرما کی سب سے زیادہ سردی درج کی گئی ہے اور درجہ ٔ حرارت گر کر ۱۳ء۲؍ ڈگری سیلسیئس تک پہنچ گیا۔ ممبئی باسیوںنے ٹھنڈی کا لطف اٹھاتے ہوئے جہاں الماریوں میں رکھے ہوئے گرم کپڑے نکال لئے ہیں ۔ وہیں بلڈنگوں کےباہراورکھلے میدان میں رات کو ڈیوٹی دینے والے سیکوریٹی گارڈٹھنڈی سے بچنے کیلئے الاؤ جلاتے ہوئے نظر آئے۔
  ممبئی کے محکمہ موسمیات کے انچارج  کے ایس ہوسلیکرکے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب ممبئی کا درجہ ٔ حرارت ۱۳ء۲؍ ڈگری سیلسیئس درج کیاگیا ہے جو اس موسم سرما کا سب سے کم درجہ ٔ حرارت ہے۔ یہ درجۂ حرارت معمول کے کم از کم درجہ سے ۴؍ ڈگری کم ہے۔جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۶؍ ڈگری درج کیا گیا ہے جومعمول کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سے ۵؍ ڈگری کم ہے۔ افسر نے مزید بتایاکہ اگلے ۲۴؍ گھنٹوں تک موسم اسی طرح سرد رہے گا البتہ اس کے بعد آہستہ آہستہ درجۂ حرارت میں اضافہ ہوگا اور سردی کم ہوگئی۔
 وجہ دریافت کرنے پر افسر نےکہا کہ ’’ بحر عرب میں سرد لہر آنے کے سبب موسم میں یہ تبدیلی آئی ہے۔‘‘
 دوسری جانب عوام میں سردی کے تعلق سے عوام کے تاثرات جاننے کے پیش نظر کچھ لوگوں سےراببطہ کیا گیا توباندرہ پولیس اسٹیشن میں ڈیوٹی دینے والے پولیس کانسٹبل شرف الدین مومن نے کہا کہ’’ ممبئی کے لوگ جس طرح لطف اٹھانے کیلئے پہلی بارش کا انتظار کرتے ہیں ، اسی طرح موسم سرما میںٹھنڈی شروع ہوتے ہی اس کا استقبال کرتے ہیں۔ کیوں کہ ممبئی میں شہریوں کوٹھنڈی کا موسم نصیب نہیں ہوتا ۔ ہم پولیس اہلکار بھی اس طرح رات کے وقت ڈیوٹی کےدوران ٹھنڈی کے موسم سے لطف اٹھاتے ہیں ۔ کبھی کبھی پولیس اسٹیشن کے باہر الاؤ جلاکربھی ٹھنڈی کا مزہ لیتے ہیں ۔‘‘
 گھاٹ کوپر مہاڈا کالونی کے سیکوریٹی گار ڈ رام دلارےنےکہا کہ ممبئی کے لوگ ٹھنڈی کے لئے ترستے ہیں۔برسوں گزرجاتے ہیں لیکن گھروں میں رکھے ہوئے گرم کپڑے نکالنے کی نوبت نہیں آتی ہے۔ البتہ ہم لوگوںکو زیادہ ٹھنڈی بڑھ جانے پر رات میں اور خاص طور سے شہر کے باہر کھلے آسمان کے نیچے ڈیوٹی دینےمیں ٹھنڈک زیادہ لگتی ہے تو اس سے بچنے کیلئے الاؤ جلا کر اس کا سہارا لینے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ 
 سید نوشاد نامی سیکوریٹی گار ڈنے کہاکہ ملک کے کئی علاقوں میں بارش اور برف باری کی وجہ سےٹھنڈی  ہوائیں چلنے لگی ہیں ۔ اسی وجہ سے ملک کے دوسرے  کئی علاقوں میں ٹھنڈی کی وجہ سے گھر سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے ۔ البتہ ممبئی کے لوگ اس طرح کی ٹھنڈی سے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ ہم راتوں کو اور خاص طور پر علی الصباح ۳؍بجے بلڈنگ کے گیٹ پر الاؤ جلاتے ہیں اور الاؤ دیکھ کر کئی لوگ جمع ہوجاتے ہیں اور اپنے آبائی وطن کی یاد تازہ کرتے ہیں ۔گھاٹ کوپر میں واقع بزم احباب مسجد کے امام وخطیب مولانا عبدالرشیدروزانہ کافی دور یعنی ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے آتےہیں، انہوں نےکہا کہ پیر کی صبح زیادہ تر لوگوں کو گرم کپڑے پہن کردفاتر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔بس میں سفر کے دوران ٹھنڈی کا ذکر کرتے ہوئے کہا شہری آپس میں گفتگو کرتے نظر آئے۔ایک شخص نے کہا کہ اچانک ممبئی میں بارش کی وجہ سے ٹھنڈی بڑھ گئی ہے اور ممبئی کا موسم کا مزاج کافی بدلا ہوانظر آرہا ہے ۔ اس لئے ممبئی میں بھی  شہری گرم کپڑےپہننے پر نہ صرف گھر سے  باہر بلکہ گھروںمیں پہننے  پر مجبور ہوگئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK