Inquilab Logo

کاشی میرا میونسپل اسکول میں بچوں سے بیت الخلاء صاف کروانے کا الزام

Updated: October 01, 2022, 9:49 AM IST | sajid Shaikh | Mumbai

سیاسی پارٹی کے مقامی لیڈر نے موبائل فون سے ۴؍بچوں کے ٹوائلٹ صاف کرنے اور بچیوں کے جھاڑو لگانے کا ویڈیو بنایا اور شہری انتظامیہ سے تحریری شکایت کی، میونسپل کمشنر نے تردید کی اور اسے بدنام کرنے کی سازش قرار دیا

n the picture taken from the video, children are seen cleaning the toilets in Municipal School No. 19.
ویڈیوسے لی گئی تصویر میں میونسپل اسکول نمبر ۱۹؍میں بچے بیت الخلاء صاف کرتے نظر آرہے ہیں۔

کاشی میرا :یہاں کے ایک میونسپل اسکول میں طلبہ سے بیت الخلاء اور باتھ روم صاف کروانے کا شرمناک معاملہ سامنے آیا ہے ۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی )کے اقلیتی شعبہ کے مقامی صدر غلام نبی فاروقی نے نمائندۂ انقلاب کو اس کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ جب وہ میراروڈ کے نیا نگر میں فلاحی سرگرمی میں حصہ لے رہے تھے تو کسی نے ان سے کہا کہ کاشی میرا کے ماساچا پاڑہ میں میونسپل اسکول نمبر ۱۹  ؍ میں ایک طالب علم پیروں سے معذور ہے اور اسے وہیل چیئر کی ضرورت ہے جس کے بعد وہ فوراً وہیل چیئر لے کر مذکورہ اسکول میں گئے ۔وہاں صدر مدرس سندیپ شندے نے ان کا پرتپاک خیرم مقدم کیا اوران کی موجودگی میں انہوں نے معذور طالب علم کو وہیل چیئر کا عطیہ دیا ۔ بعدازیں  غلام نبی فاروقی نے صدر مدرس سندیپ شندے سے اسکول کا معائنہ کرنے کی خواہش ظاہر کی اور وہ دوسری منزل پر گئے تو انہوں نے دیکھا کہ ۵،۶؍ سال کے ۴؍بچے وائپر سے بیت الخلاء صاف کر رہے ہیں۔ یہ دیکھ کر انہیں بہت افسوس ہوا ۔ جب وہ تیسری منزل پر گئے تو انہوں نے دیکھا کہ بچیاں جھاڑو لگا رہی ہیں۔ یہ سب  انہیں برداشت نہیں ہوا۔ جب انہوں نے صدر مدرس سندیپ شندے سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس بارے میں استفسار کیا تو انہوں نے اس معاملے سے پلہ جھاڑتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے کیلئے انہوں نے نہیں کہا ہے۔ غلام نبی فاروقی نے اس موقع کی ویڈیو شوٹنگ کی اور صدر مدرس کے خلاف تحریری شکایت میونسپل کمشنر دلیپ ڈھولے سےکی اور جواب کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک طرف میرابھائندر میونسپل کارپوریشن نے سوچھتا ابھیان میں اوّل مقام حاصل کیا ہے مگر کیا اسی طرح سوچھتا مہم چلائی جائے گی۔ یہ  سراسر جرم ہے اور بچہ مزدوری کے تحت بھی یہ معاملہ آتا ہے ساتھ ہی  یہ نہایت غیر انسانی سلوک ہے کیونکہ معصوم بچوں کو کوئی حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ میونسپل اسکول میں غریب  بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں اس لئے ان کے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ جن بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں ہونی چاہئے، ان کے ہاتھوں میں جھاڑو تھمائی جا رہی ہے ۔
 جب اس بارے میں استفسار کیا گیا تو میونسپل کمشنر دلیپ ڈھولے نے کہا کہ یہ سب جھوٹی باتیں میونسپل کارپوریشن کو بدنام کرنے کیلئے کی جا رہی ہیں۔ جب   ویڈیو کے بارے میں پوچھا گیاتو انہوں نے وضاحت کی کہ بچوں کو بیت الخلاء استعمال کرتے وقت پانی ڈالنا سکھایا جا رہا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK