بی جے پی نے ڈرتے ڈرتے ۸؍ امیدواروں کے ناموں کااعلان کیا، ایس پی پہلے ہی دو ناموں کااعلان کرچکی ہے اور تیسرا اُمیدوار بھی اُتارنے کا اشارہ دیا ہے، بڑے پیمانے پرکراس ووٹنگ کاخدشہ۔
EPAPER
Updated: October 06, 2026, 12:15 PM IST | Inquilab News Network | Luckhnow
بی جے پی نے ڈرتے ڈرتے ۸؍ امیدواروں کے ناموں کااعلان کیا، ایس پی پہلے ہی دو ناموں کااعلان کرچکی ہے اور تیسرا اُمیدوار بھی اُتارنے کا اشارہ دیا ہے، بڑے پیمانے پرکراس ووٹنگ کاخدشہ۔
تین ریاستوں کی ۱۲؍ سیٹوں کیلئے جن میں سے ایک ضمنی الیکشن ہے، سرگرمیاں کافی تیز ہوگئی ہیں۔ اِس وقت پورے ملک کی نگاہیں اترپردیش پر لگی ہیں جہاں سب سے زیادہ ۱۰؍ سیٹوں پر انتخابات ہونے والے ہیں اورجہاں بڑے پیمانے پر کراس ووٹنگ کا خدشہ ہے۔ دسویں سیٹ کیلئے دونوں ہی پارٹیاں زور لگا رہی ہیں۔ اس تعلق سے جہاں سماجوادی پارٹی نے پہلے ہی اشارہ دیا ہے، وہیں بی جے پی نے بھی پیر کو اپنا امیدوار اتار دیا۔ خیال رہے کہ اترپردیش سے راجیہ سبھا میں پہنچنے کیلئے امیدوار کو پہلی پسند کے ۳۷؍ووٹوںکی ضرورت ہے۔ اسمبلی میں سماجوادی پارٹی کے پاس ۱۰۰؍ اور کانگریس کی سیٹوں کو جوڑ کر ۱۰۲؍سیٹیں ہوتی ہیں جبکہ بی جے پی کے پاس ۲۵۶؍ اور اتحادیوں کی سیٹوں کو جوڑ کر ۲۹۲؍ ہوتی ہیں۔ اس طرح سماجوادی پارٹی اور بی جے پی بالترتیب ۲؍ اور ۷؍ سیٹیں آسانی سے جیت سکتی ہیں۔ایسے میں اگر کراس ووٹنگ نہیں ہوئی تو دسویں سیٹ پر کامیابی کیلئے بی جے پی کو چار اور سماجوادی پارٹی کو ۹؍سیٹیں کم پڑیں گی۔
یہ بھی پڑھئے:آج سے ۲۶؍ نومبر تک الیکشن کمیشن کی دھاندلیوں کے خلاف کانگریس کا غیر معمولی پلان
بہرحال اسی ضرب تقسیم کے درمیان بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے دھرم پال سنگھ، رادھاکانت اوجھا، پرکاش پال، ودیاساگر سونکر، گوپی کرشن پانڈے، پرینکا سنگھ راوت، رام پرتاپ سنگھ چوہان اور شروتی گنگوار کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔بی جے پی کے مرکزی دفتر کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں مذکورہ۸؍ ناموں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ایک دن قبل تک اسمرتی ایرانی، ہردیپ سنگھ پوری اور جینت پاٹل سمیت کئی اہم نام زیر بحث تھے۔ ایسے میں اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ این ڈی اے کے ساتھ اتحاد میں ہونے کے باوجود بی جے پی کو جینت پاٹل کی ناراضگی کا سامناکرنا پڑسکتا ہے۔
ان تمام نشستوں کیلئے ۱۶؍ اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی جبکہ انتخابی پروگرام کے مطابق نامزدگی کی آخری تاریخ۶؍ اکتوبر ہے۔
سماج وادی پارٹی نےپروفیسر رام گوپال یادو اور ریلائنس کمپنی کے ایک بڑے عہدیدار دھن راج پریمل ناتھوانی کو امیدوار بنایا ہے۔ ایس پی کے پاس اپنی عددی طاقت کے مطابق دو نشستیں جیتنے کی پوزیشن ہے تاہم پارٹی تیسری نشست کیلئے بھی کوشش کر سکتی ہے، جس سے انتخابات میں سیاسی جوڑ توڑ اور کراس ووٹنگ کے امکانات کو لے کر بحث تیز ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شاہین اور نفیسہ کی راہل گاندھی سے ملاقات کا ویڈیو جاری
راجیہ سبھا انتخابات کو اگلے سال ہونے والے اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی اور ایس پی دونوں کیلئے اہم مانا جا رہا ہے۔ دونوں جماعتوں کی نظر اپنے اپنے اراکین اسمبلی کو متحد رکھنے کے ساتھ ساتھ دوسرے خیمے میں نقب لگانے پر بھی ہے۔راجیہ سبھا انتخابات میں اگر تمام۱۰؍ نشستوں پر مقابلہ ہوتا ہے تو۱۶؍ اکتوبر کو ووٹنگ کے بعد ہی صورتحال پوری طرح واضح ہوگی۔ فی الحال بی جے پی نے ۸؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرکے انتخابی میدان کو باضابطہ طور پر سجا دیا ہے۔
ایس پی کے تیسرےامیدوار کی نامزدگی آج
سماجوادی پارٹی نے اپنے تیسرے امیدوار کا پرچہ نامزدگی داخل کرانے کا اعلان کرکے الیکشن کو دلچسپ بنا دیا ہے لیکن یہ تیسرا امیدوار کون ہوگا، اس پر تذبذب برقرار ہے۔ ذرائع کے مطابق تیسرا نام اقلیتی سماج سےہوسکتا ہے، جس میں اعظم خاں کی اہلیہ تزئین فاطمہ اور سلیم شیروانی کا نام سرفہرست بتایا جارہاہے۔ سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی روی داس مہروترا نے میڈیا کو بتایا کہ پارٹی اعلیٰ کمان کی ہدایت پر راجیہ سبھا الیکشن کیلئے پارٹی کاتیسرا امیدوار منگل کی صبح ۱۱؍ بجے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرے گا۔ انھوںنے بتایا کہ اس سلسلے میں پارٹی کی جانب سے دستاویز پر ممبران اسمبلی سے تجویزکاروںکے طور پر دستخط وغیرہ کرالئے گئے ہیں، لیکن انھوںنے امیدوار کا نام نہیں بتایا۔ تیسرے امیدوار کے پرچہ نامزدگی میں اکھلیش یادو خود شامل ہوں گے یا نہیں، ابھی تک اس بارے میں بھی کچھ واضح طور پر نہیں کہا جا سکتا ہے۔