Inquilab Logo

اداکارہ ریا چکرورتی کے بھائی سے رات بھرپوچھ تاچھ

Updated: August 10, 2020, 7:13 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر میںآج دوبارہ طلب کیا جائےگا ۔ اب تک کیس سی بی آئی کے حوالے نہیں کیا گیا ہے :وزیرداخلہ انل دیشمکھ ۔عدالت نےبھی سشانت سنگھ خودکشی کیس سی بی آئی کو سونپنے کے ضمن میں داخل کردہ عرضداشت پر ۲۱؍ اگست کو شنوائی کا حکم دیا۔ سی بی آئی نے کیس درج کرنے اور اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کی اطلاع دی

Mumbai Police - Pic : Bipin Kokate
ممبئی پولیس ۔ تصویر : بپن کوکاٹے

اداکارسشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے معاملے میں الزام تراشیوں کے درمیان تفتیشی ایجنسی اپنے کام میں مصروف ہے۔  اداکارہ ریا چکروتی اور اس کے اہل خانہ سمیت جن ۶؍  افراد کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی )نے منی لانڈرنگ کے تحت کیس درج کیا ہے ، اس  تعلق سے ریا کے بھائی شوویک چکرورتی سے تیسری مرتبہ سنیچر کو رات بھر پوچھ تاچھ کی گئی اوراتوار کو صبح ساڑھے ۶؍ بجے  انہیںرہا کیا گیا۔  پیر(آج) کو انہیں دوبارہ طلب کیا گیا ہے ۔ان کے ساتھ  ریا اور ان کے والد اندر جیت کو بھی پیر کو دوبارہ پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیاہے ۔ واضح رہے کہ   جمعہ کو ریاچکرورتی  ، ان کے والد اور بھائی کے علاوہ ای ڈی نے ریا کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ رتیش شاہ اور بزنس منیجر سورتی مودی سے ۸؍ گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی تھی اور ان کا بیان درج کیا تھا ۔
 ایک طرف ای ڈی کھار اور نوی ممبئی میں واقع ریا چکرورتی کی املاک کی تفصیلات اور آمدنی کے ذرائع کا پتہ لگا رہی ہے تو دوسری طرف ریاستی وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے اب تک یہ کیس سی بی آئی کے حوالہ نہ کئے جانے کی اطلاع دیتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ ’’ممبئی پولیس مذکورہ بالا کیس کی جانچ کرنے کی اہل ہے اور چونکہ یہ معاملہ کورٹ میں زیر سماعت ہے، اس لئے جب تک اس پر عدالت کا کوئی فیصلہ نہیں آتا، ممبئی پولیس اپنی تفتیش جاری رکھے گی ۔‘‘ اس کے علاوہ بامبے ہائی کورٹ میں مذکورہ بالا کیس کی جانچ کو سی بی آئی کے حوالہ کرنے سے متعلق ۲؍ عرضداشتیں داخل کی گئی ہیں ۔
  کیس سی بی آئی کے حوالہ کرنے کے ضمن میں جاری شنوائی کے دوران کورٹ سے ۱۸؍ اگست کو سماعت کئے جانے کی اپیل کی گئی تھی لیکن عدالت نے کہا کہ مذکورہ بالا کیس کو ٹرانسفر کرنے کیلئے عجلت کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ دوران سماعت سی بی آئی نے کورٹ کو بتایا کہ ریا  چکرورتی کے خلاف نہ صرف کیس درج کر لیا گیا ہے بلکہ  اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بھی ترتیب دی گئی ہے ۔کورٹ نے جہاں مذکورہ بالا معاملہ پر ۲۱؍ اگست کو شنوائی کرنے کا حکم دیا ہے وہیں ممبئی پولیس نے سشانت سنگھ کے والد کے ذریعہ لگائے گئے الزامات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سشانت نے خود کشی کی تھی اور پولیس نے ان کا بیان درج کیا تھاتو اس وقت انہوںنے نہ تو خود کشی پر آمادہ کرنے کا شبہ ظاہر کیا تھا اور نہ ہی اس کیس کو طول دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی ۔
 ممبئی پولیس ذرائع کے مطابق اب تک کی تفتیش اور ان پر عائد کردہ الزامات کے علاوہ سشانت سنگھ کے اہل خانہ کے درج کردہ بیان کا احوال بیان کرتے ہوئے ممبئی پولیس ۱۱؍ اگست کو سپریم کورٹ میں ہونے والی شنوائی کے دوران اپنا حلف نامہ بھی داخل کرے گی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK