Inquilab Logo

گائتری پرجاپتی کی مشکلوں میں اضافہ، سابق منیجر نے کئی راز کھولے

Updated: October 24, 2020, 6:00 AM IST | Jeelani Khan Aleeg | Lucknow

یوپی کے سابق وزیر اور عصمت دری کے ملزم کے معتمد خاص رہ چکے برج بھون چوبے کے بیان کے بعدای ڈی کاشکنجہ کس سکتا ہے۔

Gayatri Prajapati. Photo: INN
گائتری پرجاپتی۔تصویر: آئی این این

سابق ریاستی وزیر گائتری پرجا پتی کی مشکلیں مزیدبڑھ سکتی ہیں ۔ان کے سابق منیجرنے قلابازی دکھاتےہوئے گائتری کے کئی ایسے راز اگل دیئےہیں جو ان کی مصیبتوں میں اضافہ کرسکتے ہیں کیونکہ یہ بیان انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کےسامنے دیا گیا ہے ۔ ای ڈی اب اس بیان کو حلف نامہ کے طور پر استعمال کرکے گائتری پر شکنجہ کس سکتی ہے۔سابق وزیر کانکنی گائتری پرجا پتی کے سابق منیجر برج بھون چوبےنے خود ہی ا ی ڈی کو خط لکھ کر بیان درج کرانے کی ا پیل کی تھی۔اس خط میں انہوں نے کہا تھاکہ ان کے پاس گائتری اور ان کےا ہل خانہ کے خلاف کافی ثبوت ہیں جو ای ڈی کو سونپ سکتے ہیں ۔ اس خط کے بعد۱۲؍اکتوبر کو پہلی بار برج بھون سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ اس کے بعد بھی مرکزی محکمہ نے چوبےسےپوچھ گچھ کی۔ مانا جارہا ہے کہ کبھی گائتری کے دست راست رہ چکے چوبےنے ان کے کالے کارناموں کی پوری چٹھی ای ڈی کو سونپ دی ہے جسے حلف نامہ کےطور پر استعمال کرکے سابق وزیر اور ان کے دونوں بیٹوں پر شکنجہ کسنے کی تیاری ہے۔ ای ڈی پہلے ہی پرجاپتی کے دونوں بیٹوں سے پوچھ گچھ کرچکی ہے۔
 میڈیارپورٹس کے مطابق،برج بھون چوبے نےبتایا ہے کہ گائتری پرجاپتی نے اپنے نوکر، ڈرائیور، باورچی سمیت کئی دیگر اہم اسٹاف کے نام کروڑوں کی جائیداد خریدرکھی ہے۔چوبے نے اپنے دعوے کے ثبوت کے طور پر کئی اہم دستاویز بھی ای ڈی کو سونپے ہیں ۔اب یہ محکمہ انہیں سرکاری گواہ بنانے کی تیاری کررہا ہے۔ای ڈی ان بیانات کی بنیاد پر اپنی تفتیش کا دائرہ بڑھانے والی ہے۔
 گائتری پہلے ہی کانکنی اور منی لانڈرنگ معاملے میں کلیدی ملزم ہیں ۔ساتھ ہی، اجتماعی عصمت دری معاملےمیں بھی جیل جا چکے ہیں ۔ حالانکہ،چوبے و دیگر کئی نے ان پر یہ بھی الزام لگایا ہے کہ گائتری نے عصمت دری متاثرہ ماں بیٹی کو پیسے کے زور پر بیان سےمنحرف کرنے کےلئے راضی کرلیاجس کے بعد دونوں نے گائتری کے خلاف دائر مقدمات میں انہیں کلین چٹ دے دی ہے۔اس سے برہم متاثرہ عورت کے وکیل نے بھی ماں بیٹی کے خلاف عدالت میں اور تھانہ میں عرضی دے رکھی ہے۔چوبے نے بھی لکھنؤ میں گائتری کے خلاف ایک کیس درج کرایا ہے، جس میں اس نے اپنی جان کو خطرہ بتایا ہے۔
 غورطلب ہےکہ گائتری پرجا پتی ان دنوں عدالتی حراست میں کے جی ایم یو میں زیر علاج ہیں ۔خصوصی ایم پی۔ایم ایل اے کورٹ کی ہدایت پر انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پچھلے مہینے عصمت دری معاملے میں انہیں ضمانت ملی تھی مگر اگلے ہی دن ان پر ایک اور مقدمہ دائر ہوگیا تھا۔سپریم کورٹ بھی انہیں ضمانت دینے کے فیصلے پر عمل نہ کرنے کی تاکید کرچکا ہے۔
گائتری پرجاپتی کون ہیں ؟
 گائتری کانکنی اور منی لانڈرنگ معاملے میں کلیدی ملزم ہیں ۔ساتھ ہی، اجتماعی عصمت دری معاملےمیں بھی جیل جا چکے ہیں ۔ حالانکہ،ان کے سابق منیجر برج بھون چوبے اور دیگر کئی افراد نے ان پر یہ بھی الزام لگایا ہے کہ گائتری نے عصمت دری متاثرہ ماں بیٹی کو پیسے کے زور پر بیان سےمنحرف کرنے کیلئے راضی کرلیاجس کے بعد دونوں نے گائتری کے خلاف دائر مقدمات میں انہیں کلین چٹ دے دی ہے۔اس سے برہم متاثرہ عورت کے وکیل نے بھی ماں بیٹی کے خلاف عدالت میں اور تھانہ میں عرضی دے رکھی ہے۔چوبے نے بھی لکھنؤ میں گائتری کے خلاف ایک کیس درج کرایا ہے، جس میں اس نے اپنی جان کو خطرہ بتایا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK