Inquilab Logo

عمرہ کے زائرین کورونا کی وبا سے مکمل طور پر محفوظ ہیں: حرمین شریفین انتظامیہ

Updated: October 09, 2020, 9:21 AM IST | Agency | Mecca

انتظامیہ نےکہا کہ چار نکاتی ایگزیکٹیو پلان پر پوری طرح عمل کیا جارہا ہے ، مسجد حرام میں واقع لائبریری کو یکم ربیع الاول کو کھول دیا جائے گا

Mecca Sharif - Pic : INN
مکہ شریف ۔ تصویر : آئی این این

الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ معتمرین میں کورونا کا کو کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ اللہ کے مہمان اس وباء سے ابھی تک محفوظ ہیں۔ حرمین انتظامیہ کی طرف سے جار ی بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل پریزیڈینسی کی طرف سے چار نکاتی ایگزیکٹو پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اس میں اہم ترین معتمرین اور زائرین کا تحفظ، مقدس مقامات کی صفائی، معتمرین کی آمد اور رضاراکانہ سرگرمیاں شامل ہیں۔ دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم نے عمرہ مناسک کی مرحلہ وار بحالی پر سعودی عرب کی خدمات کو سراہا ہے۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل یوسف العثیمین نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے تحفظ کے  لئے مناسب حفاظتی اقدامات  کئے ہیں۔ انہوں نے عمرہ کی بحالی کے لیے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے دی گئی ہدایات کو انتہائی مناسب اور معقول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے گھر میں آنے والے عمرہ زائرین کی حفاظت اور سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
  دوسری طرف مکہ مکرمہ میں مسجد حرام میں واقع لائبریری کو ۸؍ ماہ بعد عوام کے لئے دوبارہ کھولے جانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ لائبریری کے تمام حصوں کا سینی ٹائزیشن کیاجارہا ہے  اور ہدایات پر مشتمل تختیاں آویزاں کئے جانے کے بعد اسے آئندہ ماہ یکم ربیع الاول کو کھول دیا جائے گا۔حرم مکی کی لائبریری کی انتظامیہ کے مطابق ایک گھنٹے میں ۳۰؍ افراد کو لائبریری میں آنے کی اجازت ہو گی۔ لائبریری کو مرحلہ وار کھولنے کی تیاری عمرے کے لئے زائرین کی بتدریج واپسی کے ساتھ عمل میں لائی جا ری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK