Inquilab Logo

یوپی میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ سےانتظامیہ الرٹ

Updated: April 03, 2021, 1:15 PM IST | Agency/Hussain Ibrahim | Lucknow

ریاست بھر میں۸؍ویں جماعت تک کے تمام اسکول ۱۱؍اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ،لکھنؤمیں کووڈپروٹوکال کی خلاف ورزی پر خصوصی مہم ، ایک شاپنگ مال اور بار سیل کردیا گیا ، کئی دکانوں کے خلاف بھی کارروائی ، لکھنؤیونیورسٹی کے سابق پروفیسر کی کووڈ سے موت، جھانسی میںبھی ایک اسکول کے ۱۰؍اساتذہ پازیٹو پائے گئے

 A sample of a woman is being taken for Corona testing in Lucknow. Picture:PTI
لکھنؤ میں کورونا ٹیسٹ کیلئے ایک خاتون کا سیمپل لیا جارہا ہےتصویر:پی ٹی آئی

 اترپردیش میں کورو ناانفیکشن تیزی سے بڑھ رہا ہے۔اسی کے سبب انتظامیہ نے بھی سختی شروع کردی ہے۔اسی کے تحت حکومت نے ۸؍ویں جماعت تک تمام اسکولوں کو ۱۱؍اپریل تک بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ہولی پر حکومت نےاسکولوں کو ۳۱؍مارچ تک بند رکھنے کا حکم دیا تھا۔اس کے بعد چھٹی کو ۴؍اپریل تک کیلئے بڑھایا گیاحالانکہ اساتذہ کو اسکول جانا ہوگا۔اعلیٰ سطح پر ہی نہیں بلکہ نچلی سطح پر بھی حکومت کی جانب سے کارروائی کی جارہی ہے۔راجدھانی لکھنؤ میںانتظامیہ نے کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی پر ایک بڑے شاپنگ مال اوربار کے خلاف کارروائی کرتےہوئے اسے سیل کردیا ، اسی طرح دیگر مقامات پر دکانیں و کاروباری اداروں پر کارروائی کی گئی ہے ۔ وہیں دوسری جانب لکھنؤ یونیورسٹی کے پازیٹو پائے گئے ایک سابق پروفیسر کی موت ہوگئی ۔ وہیں جھانسی میں نوودیہ ودیالیہ کے ۱۰؍اساتذہ بھی پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں پازیٹو مریض ملنے کے بعد محکمہ صحت ہائی الرٹ پرہے۔ سبھی اسپتالوںمیں مریضوں کے ساتھ ہی تیمار داروں کیلئے بھی کورونا جانچ کو لازمی کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اترپردیش میں کورونا انفیکشن تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ اس کے تحت انتظامیہ نے بھی سختی برتنا شروع کردیا ہے۔راجدھانی لکھنؤ میں گزشتہ دنوں انتباہ دینے کے بعد بھی کئی مقامات پر کورونا پروٹوکال کی خلاف وزی نظر آئی۔انتظامیہ نے شہرکے فن شاپنگ مال اور مائی بار کو سیل کردیا ہے، اسی طرح علی گنج علاقہ میں پولیس نے کئی کاروباری اداروں کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ صدر تحصیل کے ایس ڈی ایم پرفل ترپاٹھی نے فن مال سمیت دیگر مقامات کا جائزہ لیا، جہاں کوروناپروٹوکال کی خلاف ورزی نظر آئی۔مال میں بغیر ماسک کے لوگوں کو داخلہ دیا جارہا تھا۔ وہیں سمٹ بلڈنگ  میںواقع مائی بار کو بھی سیل کردیا گیاہے۔انتظامیہ نےبغیر اجازت کے ہولی ملن اور جلوس پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس سے قبل گومتی نگر  میںواقع سیوی گرینڈ ہوٹل کو بھی پارٹی کرنے پر سیل کیا گیا تھا۔ ڈی ایم ابھیشیک پرکاش کی ہدایت پر ابھی مال اور ہوٹل کی جانچ کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ اے سی ایم پنجم اور علی گنج پولیس کی مشترکہ کارروائی میں کئی کاروباری اداروں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے ۔ علی گنج کےپان گلوری، گلوب کیفے ، مہمان لڈو وغیرہ جیسی دکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔اس دوران پولیس فورس بھی موجود رہی۔ کورونا کے مسلسل انفیکشن کے پیش نظرانتظامیہ نےکسی طرح کی پارٹی اور جلوس و عوامی پروگرامات پرپابندی عائد کر رکھی ہے ۔ ایسےپروگرامات کے انعقاد پر کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔ 
لکھنؤیونیورسٹی کے پروفیسر کی کورونا سے موت
  گزشتہ دنوںلکھنؤیونیورسٹی کے ۷؍پروفیسر پازیٹو پائے گئے تھے، دیگر اسٹاف کی جانچ کی گئی ہے۔پازیٹو پائے گئے ایک پروفیسر کی موت ہوگئی ہے۔ وہیں جھانسی کے بروآساگر میں واقع جواہر نوودیہ ودیالیہ میں ۱۰؍اساتذہ کے ساتھ ہی ایک طالب عمل کوروناپازیٹو پایا گیا ہے ۔ اتنی بڑی تعداد میں مریض ملنے کے بعد محکمہ صحت کی ٹیم ہائی الرٹ پر ہے اور چیکنگ مہم تیزی سے شروع کی گئی ہے۔کانپور کے چکیری علاقہ میں کورونا سے ایک موت کے بعد علاقہ میں خوف کا ماحول ہے ۔ 
چیف سکریٹری،کابینی وزیر  اوربی جے پی صدرنے ویکسین لگوائی 
 کورونا انفیکشن تیزی سے بڑھنے کے سبب  ریاست میںٹیکہ کاری  کو بھی تیزکردیا گیا ہے۔جمعرات کو سول اسپتال میں کابینی وزیر برجیش پاٹھک اوران کی اہلیہ نمرتا پاٹھک، چیف سیکریٹری آر کےتیواری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری وزیراعلیٰ ایس پی گوئل نے اہلیہ کے ساتھ کورونا کی ویکسین لگوائی ۔ اسی کے ساتھ بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے بھی سول اسپتال میں کورونا کی ویکسین لگوائی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK