Inquilab Logo

سری نگر میں فائرنگ، ایڈوکیٹ بابر قادری جاں بحق

Updated: September 25, 2020, 11:13 AM IST | Agency | Srinagar

یہاں کے پائین شہر کے حول علاقے میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے جمعرات کی شام پیشے سے وکیل بابر قادری کو گولی ماردی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہاں پیش آنے والے ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعے میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے بابر قادری پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔

Babar Qadri - Pic : INN
بابر قادری ۔ تصویر : آئی این این

یہاں کے پائین شہر کے حول علاقے میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے جمعرات کی شام پیشے سے وکیل بابر قادری کو گولی ماردی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہاں پیش آنے والے ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعے میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے بابر قادری پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ زخمی قادری، جنہیں ایک سے زیادہ گولیاں لگی تھیں، کو فوری طور پر شیرکشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا تاہم انہیں وہاں مردہ قرار دیا۔سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے کے فوراً بعد سیکوریٹی فورسیز نے حول کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
 واضح رہے کہ پیشے سے وکیل بابر قادری ٹی وی چینلوں پر کشمیر کے حالات پر ہونے والے مباحثوں میں شرکت کرتے تھے۔ وہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی سرگرم تھے۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں بابر قادری کے قتل کی سخت مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ اسلئے بھی بڑا ہے کیونکہ قادری نے پہلے ہی خطرے کی پیش گوئی کی تھی۔اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے بابر قادری  کے قتل کی پرزور مذمت کی ہے۔
 ایک مذمتی بیان میں غلام حسن  میر نے اس سانحہ کو انسانیت سوز اور بہیمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک نوجوان اور ابھرتے وکیل کی ہلاکت کا کشمیر میں انصاف تک رسائی پر تباہ کن اثر پڑے گا کیونکہ وہ کشمیر کے غربا اور کمزور طبقہ جات جس میں کئی تشدد متاثرین اور اُن کے اہل خانہ شامل تھے، کی مختلف فورم پر نمائندگی کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک وکیل کو خاموش کرنے سے متعدد متاثرین کو بھی خاموش کیا گیا ہے، ہم اس حقیقت کو دہرا رہے ہیں کہ تشدد اور بندوق کے استعمال سے کبھی بھی کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ متوفی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے میر نے کہا کہ بطور سماجی کارکن اور ایک بہادر وکیل کے طور اُن کے کام کو ہمیشہ ہر ایک یاد رکھے گا۔ سماجی اقدار کی بالادستی اور سماج کے کمزور طبقہ جات کیلئے جذبہ ایثار ہمیشہ نوجوانوں کیلئے باعث تحریک رہے گا۔انہوں نے اس سفاکانہ قتل کی فوری انکوائری کر کے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK