Inquilab Logo

افغانستان: پاکستانی قونصلیٹ کے باہر بھگدڑ، ۱۵؍ ہلاک

Updated: October 22, 2020, 5:26 AM IST | Agency | Kabul

ویزہ حاصل کرنے کے لئے جمع بھیڑ دفترکی کھڑکی کھلنے پر ٹوکن لینے کیلئے دوڑ پڑی جس کے سبب حادثہ پیش آیا۔ مہلوکین میں ۱۱؍ خواتین شامل ،زخمیوں میں بزرگوں کی اکثریت

Afghanistan - Pic : PTI
بھگدڑ میں ہلاک ہونے والے اپنے عزیز کی لاش لے جاتے چند مقامی باشندے(تصویر: ایجنسی

افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستان کے قونصلیٹ کے قریب ویزہ کے حصول کیلئے  جمع  بھیڑ میں  اچانک  بھگدڑ مچ  جانےسے  ۱۵؍ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان میں اکثریت خواتین کی ہے۔  اطلاع  کے مطابق افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے قونصل خانے کے قریب ایک کھلے میدان میں لگ بھگ تین ہزار افراد ویزہ کے حصول کے لئے ٹوکن کے انتظار میں کھڑے تھے۔ جب قونصلیٹ کی کھڑی کھلی تو  ٹوکن حاصل کرنے کی کوشش میں بھیڑ  بے قابو  ہو گئی اور وہاں ایک بھگدڑ سی مچ گئی۔ اسی بھگدڑ میں کچل جانے سے ۱۵؍ لوگوں کی موت ہو گئی۔
 حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ۱۵؍ افراد میں ۱۱؍ خواتین شامل ہیں جبکہ واقعے کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔صوبائی کونسل ممبر سہراب قادری کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد شامل ہے جنہیں علاج کے لئے قریبی اسپتالوں میں  پہنچایا  گیا ہے۔  جلال آباد کے حکام  نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قونصلیٹ  کے باہر موجود شہری کھڑکی کھلنے پر  ٹوکن کے حصول کے لئےجلد بازی میں کھڑکی کی طرف دوڑنے لگے جس کی وجہ سے بھگدڑ سی مچ گئی۔ اسی وجہ یہ حادثہ پیش آیا۔ 
 دوسری جانب کابل میں موجود پاکستانی  سفارت خانے کی جانب سے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ  سے پانچ کلو میٹر دُور ایک اسٹیڈیم میں پیش آیا ہے جہاں افغان انتظامیہ کی نگرانی میں ویزہ درخواستیں وصول کی جا رہی تھیں۔ بیان میں واقعے میں ہلاک ہونے والے افغان شہریوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا گیا ہے۔پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کے لئے کابل میں پاکستانی سفارت خانے جبکہ جلال آباد، قندھار، مزار شریف اور ہرات میں قائم پاکستانی قونصلیٹ ویز ہ جاری کرنے کا سلسلہ  جاری رکھیں گے۔
 بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ توقع کرتا ہے کہ افغان حکام ویزہ کے حصول کے لئے آنے والے شہریوں کے لئے کئے جانے والے انتظامات کو بہتر بنائیں گے۔یاد رہے کہ ہزاروں افغان باشندے علاج معالجے، تعلیم اور ملازمت کے سلسلے میں ہر سال پاکستان کا سفر کرتے ہیں۔
  واضح رہے کہ جنگ زدہ ملک افغانستان کے لاکھوں مہاجرین پاکستان میں مقیم ہیں اور ایک اندازے کے مطابق ان افغان مہاجرین کی تعداد ۳۰؍ لاکھ ہے۔ ان میں  علاج معالجے سے لے کر تعلیم اور روزگار کے لئے آنے والے  ہر طرح کے شہری شامل ہیں۔ 
پاکستان کی نئی ویزہ پالیسی کا اثر
 پاکستان نے حال ہی میں افغان شہریوں کیلئے نئی ویزہ پالیسی جاری کی ہے جس کے تحت طورخم سرحد کے راستے آنے والے مریضوں کے لئے۶؍ ماہ کا ویزہ فوری طور پر  جاری کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت افغانستان میں پاکستانی سفارت خانہ اور قونصلیٹ ایک سال کے سیاحتی ویزے کے علاوہ پانچ سال کیلئے بزنس ویزا دے سکیں گے جو پاکستان میں قابلِ توسیع ہو گا۔نئی پالیسی میں ویزے کیلئے کسی قسم کی فیس بھی ادا کرنا نہیں ہو گی۔ حال ہی میں  افغانستان میں بدلتی سیاسی صورتحال کے دوران جاری کی گئی اس پالیس کے بعد سے افغانستان  میں پاکستان کا ویزہ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔ اس کی وجہ سے  الگ الگ شہر کے قونصلیٹ کے باہر ویزہ حاصل کرنے کیلئے بھیڑ بھی لگی رہتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK