Inquilab Logo

کیوبا کے بعد امریکہ ’لین ‘طوفان کی زد میں 

Updated: September 30, 2022, 12:39 PM IST | Agency | Washington/Havana

امریکہ کی ۱۰۰؍سالہ تاریخ میں سب سے بڑا طوفان ۔ امریکی ریاست فلوریڈا کے مختلف علاقوں میں ۳۰؍ لاکھ سے زائد ا فراد بجلی سے محروم۔ساحلی علاقوں میں آباد۲۵؍ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت۔ کیوبا کے تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی

A scene after a hurricane in Florida.Picture:AP/PTI
فلوریڈا میں طوفان کے بعد کا ایک منظر۔ تصویر:اےپی / پی ٹی آئی

 کیوبا میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان لین امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا ہے ۔  اسی دوران کیوبا کے تارکین وطن کی ایک کشتی  سمندری طوفان  لین کی زد میں آ کر ڈوب گئی۔۲۰؍ افراد کے ڈوبنے کا خدشہ ہے ۔ میڈیار پورٹس کے مطابق جمعر ات کو فلوریڈ ا میں ۲۴۱؍ میل فی  گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نےبہت کچھ تباہ کردیا ہے  ۔ گھروں کو بھی نقصان  پہنچا ہے۔یہ امریکہ کی ۱۰۰؍سالہ تاریخ میں  سب سے بڑا طوفان ہے جس میں ہوا کی رفتار ڈیڑھ سو میل فی گھنٹہ ہے۔سمندری  طوفان  کے درمیان تیز ہوائیں چلتی رہیں ا ور موسلادھار بارش بھی جاری رہی ۔ فلوریڈا  میں طوفانی بارش سے سیلابی صورتحال  پید اہو گئی ہے۔  معمولات زندگی درہم برہم ہیں۔ مختلف علاقوں میں ۳۰؍ لاکھ سے زائد ا فراد  بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ساحلی علاقوں میں آباد۲۵؍ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی گئی  ہے۔امریکی میڈیا نے سمندری طوفان کو کیٹیگری فور طوفان بتایا ہے۔ واضح رہےکہ فلوریڈا میں پہلےہی ایمرجنسی نافذ ہے،اسکول اور ایئرپورٹس بند ہیں۔فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس نے ریاست کے  باشندوں پر زور دیا کہ گھر سے نکلنے میں احتیاط برتیں کیونکہ شدید طوفان کی وجہ سے بجلی کے تار ٹوٹ گئے ہیں۔ پانی میں کھڑے ہونا یا گاڑی چلانا حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنریٹر کو اپنے گھر سے۲۰؍ فٹ دور رکھیں۔ ان کے مطابق تباہ کن سمندری طوفان کے اثرات کی وجہ سےبجلی منقطع ہوگئی  جس سے فلوریڈا میں تقریباً۲۰؍ لاکھ  افراد نےبدھ کی رات اندھیرے میں گزاردی۔   دریں اثناء سمندری طوفان لین کی وجہ سے فلوریڈا کے قریب کیوبا کے تارکین  وطن کی کشتی ڈوب گئی، حادثے میں۲۰؍ افراد لا پتہ ہو گئے ہیں۔ حکام نے بدھ کو  بتایا کہ کیوبا کے تارکین وطن کی ایک کشتی سمندری  طوفان لین کی وجہ سے ڈوب گئی جس کے بعد فلوریڈا کے ساحل سے ۲۰؍ افراد لاپتہ ہو  گئے۔حکام نے ٹویٹر پر بتایا کہ سرحد ی علاقے میں گشت کرنے والے امریکی اہلکاروں کو فلوریڈا کے  جزیرہ اسٹاک کی طرف جانے والے تارکین وطن کی کشتی کے ڈوبنے کی اطلاع ملی تھی جس پر  امریکی کوسٹ گارڈ نے۲۳؍ لاپتہ افراد کی تلاش کا آپریشن شروع کیا، جن میں سے خبر لکھے جانے تک  ۳؍ افراد مل گئے ہیں، جن کی حالت نازک ہے۔کوسٹ گارڈ کے مطابق تارکین  وطن کی کشتی خراب موسم کے  سبب پلٹ گئی تھی اور کچھ افراد نے تیر کر ساحل  پر پہنچ کر جان بچائی۔یاد رہے کہ منگل کو لین سمندری طوفان نے  کیوبا میں تباہی مچائی  جس سے ایک کروڑ سے زائد  افراد بجلی سے محروم ہو  گئے ہیں، جزیرے کے مغربی  حصے کو تیز ہواؤں اور سیلاب نے تباہ کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK