Inquilab Logo

فرنویس اور رائوت کی خفیہ ملاقات کے بعد شرد پوار کی وزیر اعلیٰ اُدھو سے ملاقات

Updated: September 28, 2020, 7:14 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

قیاس آرائیوں کا بازار گرم ، فرنویس اور رائوت نے معمول کی میٹنگ قرار دیا جبکہ شرد پوار کےساتھ تھورات بھی موجود تھے، حکومتی امور سے متعلق گفتگو قرار دیا

Sharad Pawar and Uddhav Thackeray - Pic : INN
شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے ۔ تصویر : آئی این این

سنیچر کو بی جے پی  لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور شیو سینا کے رکن پارلیمان اور ترجمان سنجے راؤت کے درمیان ملاقات پر چہ میگوئیاں اس وقت مزید تیز ہوگئی جب اس ملاقات کے ایک دن بعدیعنی اتوار کو مہاراشٹر کی مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت تشکیل دینے میں اہم رول ادا کرنے والے این سی پی کے سربراہ شرد پوار  اور  کانگریس کے ریاستی  صدر بالا صاحب تھورات نے  وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی۔حالانکہ شردپوار کے ساتھ ۴۰؍ منٹ تک چلنے والی اس ملاقات کو معمول کی میٹنگ قرار دیا جارہا ہے لیکن یہ اندیشہ بھی ظاہر کیاجارہاہےکہ فرنویس سے ملاقات پر بات چیت ہوئی ہوگی۔  دوسری جانب بالا صاحب تھورات نےوزیر اعلیٰ سے ملاقات کا مقصد کسان مخالف قوانین کو مہاراشٹر میں نافذ نہ کرنا قرار دیا ہے۔
   اتوار کو شرد پوار کی وزیر اعلیٰ ادھوٹھاکرے سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کے تعلق سے این سی پی کے قومی ترجمان اور کابینی وزیر نواب ملک سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ’’ ہم ریاست میں مشترکہ حکومت چلا رہے  ہیں اس سلسلے میں اکثر ملاقاتیں ہوتی  رہتی ہیں۔ اس میں نیا کیا ہے؟‘‘  جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کس بارے میں ملاقات کی گئی  تو  نواب ملک نے لاعلمی کا اظہار کیا ۔ یہ پوچھنے پر کہ گزشتہ روزفرنویس اور سنجے راؤت کی ملاقات ہوئی تھی اور اسی سلسلے میں این سی پی سربراہ کی  وزیر اعلیٰ سے ملاقات پر چہ میگوئیاں ہو رہی ہیںتو  اس پر آپ کیا کہیں گے ؟نواب ملک نے جواب دیا کہ اس’ پتنگ بازی‘ پر مَیں کچھ نہیں کہنا چاہتا ۔
  وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے تعلق سے پوچھنے پر بالا صاحب تھورات نے کہاکہ ’’پارلیمنٹ میں جو کسان مخالف قوانین منظور کئےگئے ہیں ا س سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی گئی تھی۔ ہم تو مخالفت کر رہے ہی ہیںاور مہا  وکاس اگھاڑی بھی ان قوانین کی مخالفت کرے گی۔مہاراشٹر میں وہ قانون نافذ نہیں کرے گی۔شیو سینا بھی ہمارے ساتھ رہے گی اور ہم ساتھ میںبیٹھ کر ہماری حکمت عملی تیار کریں گے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK