Inquilab Logo

اڈانی گروپ اور ایئر پورٹ اتھاریٹی کے مابین ۵۰؍ برسوں کیلئے معاہد

Updated: January 20, 2021, 8:54 AM IST | Agency | New Delhi

اڈانی گروپ ۶؍ مہینوں میں ضروری شرائط کو پورا کرتے ہوئے ان کا کنٹرول سنبھال لے گا

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

 اڈانی گروپ  نے منگل کو ایئر پورٹس اتھاریٹی آف انڈیا  (اے اے آئی) کے ساتھ جے پور، گوہاٹی اور تھرو اننت پورم ایئرپورٹس کے انتظام اور ان کے ڈیولپمنٹ کیلئے کنسیشن ایگریمنٹ کرلیا ہے۔ اس کی اطلاع  خود   اے اے آئی  نے ایک پریس ریلیز میں  دی ہے۔ اس کے مطابق آئندہ ۶؍ مہینوں میں چند شرائط کی تکمیل کے ساتھ ان  تینوں ایئر پورٹس کا انتظام و انصرام   اڈانی گروپ اپنے ہاتھوں  میں  لے لےگا۔  ایئر پورٹس اتھاریٹی آف انڈیا   کے مطابق  ’’کنسیشن ایگریمنٹ کی بنیاد  پر اڈانی گروپ کو چند شرائط کو پورا کرتے ہوئے ۱۹؍ جنوری ۲۰۲۱ء سے  آئندہ ۱۸۰؍ دنوں میں گوہاٹی، جے پور اور تھرواننت پورم کے ایئرپورٹس کو اپنے ہاتھ میں  لینا ہے۔‘‘ 
 یاد رہے کہ مرکزی حکومت نے فروری ۲۰۱۹ء میں ملک کے ۶؍ بڑے ایئر پورٹس لکھنؤ، احمدآباد، جےپور، منگلور، تھرواننت پورم اور گوہاٹی  کے نجی کرن کافیصلہ کیاتھا۔‘‘مقابلہ آرائی ٹینڈر کے ذریعہ  اڈانی گروپ نے ۵۰؍ سال تک ان ایئرپورٹس کو چلانے کا اختیار حاصل کرلیا ہے۔ اے آئی آئی لکھنؤ، احمد آباد اور منگلور ایئر پورٹ گزشتہ سال اکتوبر اور نومبر میں اڈانی گروپ کو سونپ چکاہے۔ان ایئر پورٹس کے نجی کرن سے ملنے والی رقم کو  ایئرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نئے ایئر پورٹس کی تیاری نیز ریجنل کنیٹی وٹی  اسکیم کیلئے استعمال کرے گا۔  ۵؍ ستمبر ۲۰۱۹ء کو امرتسر،بنارس، بھونیشور، اندور، رائے پور اور ٹریچی ایئر پورٹ کو نجی ہاتھوں میں دینے کی تجویز بھی ایئر پورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے حکومت ہند کے سامنے پیش کی ہے۔ اے اے آئی  کے چیئر مین نےبتایا کہ ان ایئر پورٹس کے نجی کرن کا سلسلہ ۲۰۲۱ء کے پہلی سہ ماہی میں ہوگا۔  قابلِ غور ہے کہ حال ہی میں ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اڈانی  کے حوالے کرنے کی خبر موصول ہوئی تھی۔  دعویٰ کیا گیا تھا کہ  میڈیا رپورٹس کے مطابق  اس ہوائی اڈے پر ۲۶؍ فیصد  حسہ داری کے ساتھ ’اے اے آئی‘ نے اسے منظوری دی ہے ،۔ تادم تحریر  اس معاملے میں باقاعدہ  طور پر کوئی  تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔   وہیں  اڈانی انٹرپرائزز نے اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا ہے کہ اڈانی ایئرپورٹ ہولڈنگز نے جی وی کے  ایئرپورٹس ڈیولپرز کے قرض حاصل کرنے کیلئےبھی معاہدہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK