Inquilab Logo

کانگریس کے ۷۱ سالہ قدآور رہنما احمد پٹیل کا انتقال

Updated: November 25, 2020, 10:51 AM IST | Agency | New Delhi

 کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل کا بدھ کی صبح ساڑھے تین بجے انتقال ہوگیا۔ انہیں گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنی آخری سانس لی۔ علاج کے دوران ان کے کئی اعضا نے کام کرنا بند کردیا تھا۔ ان کے بیٹے فیصل پٹیل نے ٹویٹر پر اپنے والد کے انتقال کی اطلاع دی۔ فیصل نے لکھا،’’ایک ساتھ کئی اعضا نے کام کرنا بند کردیا تھا جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا۔ اپنے سبھی خیر خواہوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس وقت کورونا وائرس کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور سماجی دوری کے سلسلے میں پرعزم رہیں اور کسی بھی اجتماعی مقام پر جانےسے بچیں۔‘

Ahmed Patel - Pic : PTI
احمد پٹیل ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل کا بدھ کی صبح ساڑھے تین بجے انتقال ہوگیا۔ انہیں گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنی آخری سانس لی۔ علاج کے دوران ان کے کئی اعضا نے کام کرنا بند کردیا تھا۔

ان کے بیٹے فیصل پٹیل نے ٹویٹر پر اپنے والد کے انتقال کی اطلاع دی۔
فیصل نے لکھا،’’ایک ساتھ کئی اعضا نے کام کرنا بند کردیا تھا جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا۔ اپنے سبھی خیر خواہوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس وقت کورونا وائرس کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور سماجی دوری کے سلسلے میں پرعزم رہیں اور کسی بھی اجتماعی مقام پر جانےسے بچیں۔‘‘
کانگریس کے قدآور لیڈر احمد پٹیل ایک مہینے پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔انہیں ۱۵ نومبر کو میدانتا اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔
سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر رہے چکے احمد پٹیل کی پیدائش ۲۱ اگست ۱۹۴۹ کو گجرات میں بھروچ ضلع کے پیرامل گاؤں میں ہوئی تھی ۔اس وقت بھروچ کانگریس کا گڑھ ہوا کرتا تھا۔ وہ پہلی بار ۱۹۷۷ میں ۲۶ سال کی عمر میں بھروچ سے لوک سبھا کا الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچے تھے۔ پٹیل یہاں سے تین لوک سبھا رکن پارلیمنٹ منتخب کئے گئے۔ پارٹی میں رفتہ رفتہ ان کا قد بڑھتا گیا اور ۱۹۸۵  میں اس وقت کے وزیراعظم راجیو گاندھی کے پارلیمانی سکریٹری بنائےگئے۔
پٹیل کو ۱۹۸۶ میں گجرات کانگریس کا صدر بنایا گیا۔ وہ ۱۹۸۸ گاندھی - نہرو خاندان کے ذریعہ چلائے گئے جواہر بھون ٹرسٹ کے سکریٹری بنائے گئے۔ وہ سونیا اور راجیو دونوں کے  معتمد رہے۔ احمد پٹیل  تین بار رکن پارلیمنٹ بننے کے علاوہ پانچ بار راجیہ سبھا رکن بھی رہ چکے تھے۔ پردے کے پیچھےسے سیاست کرنے والے پٹیل کو ۲۰۱۸ میں کانگریس پارٹی کا خزانچی مقرر کیا گیاتھا۔

وزیراعظم کا اظہارِ تعزیت
احمد پٹیل کے انتقال پر وزیراعظم نریندر مودی نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے  ٹویٹ کیا اور لکھا ہے،’’احمد پٹیل جی کے انتقال سے دکھی ہوں۔انہوں نے عوامی زندگی میں طویل وقت تک سماج کی خدمت کی ہے۔ اپنے تیز دماغ کےلئے جانے جانے والے پٹیل کا  کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے میں تعاون ہمیشہ یاد کیا جائےگا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ان کے بیٹے فیصل سے بات کرکے اپنی تعزیت کا اظہار کیا۔ ایشور سے دعا کی ہے کہ احمد بھائی کی روح کو سکون پہنچے۔

راہل گاندھی کا اظہار افسوس
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پٹیل کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اپنا ایک ستون کھو دیا ہے۔
گاندھی نے احمد پٹیل کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’یہ دکھ بھرا دن ہے۔ احمد پٹیل کانگریس پارٹی کے ستون تھے۔انہوں نے کانگریس میں ہی سانس لی،کانگریس کےلئے یہ جئے اور بحران کے دور میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ وہ پارٹی کا اثاثہ تھے۔ہم ان کو ہمیشہ یاد کریں گے۔ ان کے اہل خانہ سے میں تعزیت کرتا ہوں۔‘‘

پرینکا گاندھی کا بیان
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی ان کے انتقال پر گہرے افسوس  کا اظہا کرتے ہوئے کہا،’’احمد جی بے حد سمجھدار اور تجربہ کار رہنما تھے۔ میں ان کے ساتھ ہمیشہ غور و خوض کرتی اور ان کی صلاح لیا کرتی تھی۔وہ ہمارے سچے دوست تھے۔ ان کے انتقال سے کانگریس کو گہرا نقصان ہوا ہے۔ بھگوان ان کی روح کو سکون دے۔‘‘

رندیپ سرجے والا کا بیان

کانگریس مواصلاتی محکمے کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا،’’الفاظ نہیں ہیں۔۔ہر چھوٹا بڑا، دوست ،ساتھ ،مخالف بھی ایک ہی نام سے احترام دیتا تھا’احمد بھائی‘ وہ جنہوں نے ہمیشہ سچائی اور فرض نبھایا ،وہ جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کو ہی خاندان مانا ،وہ جنہوں نے ہمیشہ سیاسی لکیریں مٹا کر پارٹیوں پر چھاپ چھوڑی،اب بھی یقین نہیں آتا۔۔۔الوداع ،احمد جی۔‘‘

سونیا گاندھی کا تعزیتی بیان
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پارٹی کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کے انتقال پر گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس کے لئے مختص اور بھروسے مند رہنما تھے اور ان کے انتقال سے پارٹی کو بڑا نقصان ہوا ہے۔
سونیاگاندھی نےیہاں جاری تعزیتی پیغام میں کہا،’’ احمد پٹیل کی شکل میں ،میں نے اپنا ایک ایسا ساتھی کھو دیا ہے جس کی زندگی کانگریس کے لئے مختص رہی ہے۔ ان کی ایمانداری ،قربانی اور کام کے تئیں جو عزم رہا ہے وہ انہیں دوسروں سے الگ رہنما کے  طورپرپیش کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا: میں نے ایک ایسا پرعزم ساتھ اور دوست کھو دیا ہے جس کا متبادل ممکن نہیں ہے ۔ میں ان کے انتقال سے صدمے  میں ہوں اور سوگوار کنبے کےتئیں تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK