Inquilab Logo

ایمس بھی اسی نتیجہ پر پہنچی جو ممبئی پولیس نےکہا تھا

Updated: October 05, 2020, 8:49 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ممبئی پولیس کمشنر نے کہا کہ تفتیش سے پتہ چل گیا تھا کہ اداکار کا قتل نہیں ہوا ہے

Sushant SIngh Rajput - Pic : INN
سشانت سنگھ راجپوت ۔ تصویر : آئی این این

اداکارسشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تفتیش ممبئی پولیس سے چھین کر سی بی آئی کو سونپنے کے باوجود کوئی خاطر خوا ہ نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا ۔سیاسی فائدہ اٹھانے یا ذاتی پر خاش کے سبب سی بی آئی کو جانچ سونپے جانے اور اداکار کی موت سے متعلق دہلی کی آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس ) کے ذریعہ پیش کی گئی رپورٹ کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ سشانت کو زہر دے کر نہیں مارا گیا ۔ یہی بات  شروع سے ممبئی پولیس بھی کہتی رہی تھی ۔ ایمس کی رپورٹ  آنے کے بعدنامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ممبئی پولیس کمشنر نےکہا کہ ’’ ایمس کے ماہرین بھی اسی نتیجہ پر پہنچے ہیں جو ممبئی پولیس نے پہلے ہی اپنی تفتیش کے بعد نتیجہ اخذ کیا تھا ۔‘‘
  ممبئی پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ نے کہا کہ ’’ممبئی پولیس نے قتل کی تھیوری سے پہلے ہی انکار کیا تھا اور یہ بات فورینسک اور طبی جانچ کے بعد عیاں کی گئی تھی لیکن بلا وجہ ممبئی پولیس کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی اور تفتیش کو سیاسی رنگ دےدیا گیا اور کچھ لوگوں نے اپنے ذاتی فائدہ کیلئے تفتیش کو الگ رنگ دے کر سنسنی پیدا کرنے اور فائدہ اٹھانے کی کوشش کی تھی جبکہ وہ تفتیش کے تعلق سے کچھ نہیں جانتے تھے ۔‘‘
 واضح رہے کہ ایمس کی رپورٹ میں واضح طور پر اداکار سشانت کی موت کو خود کشی بتایا گیا ہے اور قتل کی تھیوری سے انکار کیا گیا ہے ۔پولیس کمشنر نے کہا کہ’’ ممبئی پولیس نے شفافیت اور انتہائی پروفیشنل انداز میں مذکورہ بالا کیس کی تفتیش کی تھی اور کوپر اسپتال کے ذمہ دار ڈاکٹروں نے اداکار کا پوسٹ مارٹم کرکے اس تعلق سے جو رپورٹ ترتیب دی ہے اس میں بھی کسی بھی قسم کی کوئی لاپروائی نہیں برتی گئی تھی ۔ایمس کی رپورٹ سے اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ ممبئی پولیس نے صحیح سمت میں تفتیش کی تھی۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ نے بہار پولیس کی اور متاثرہ اداکار کے اہل خانہ کی اپیل پر تفتیش سی بی آئی کو سونپنے کا حکم دیا تھا نہ کہ ممبئی پولیس کی تفتیش میں کسی خامی کے سبب کیس کو ٹرانسفر کرنے کا حکم دیا تھا ۔واضح رہے کہ ایمس کی رپورٹ، جس میں سشانت سنگھ کی موت کو قتل نہیں بلکہ خود کشی قرار دیا ہے ، کو سی بی آئی کے تفتیش ا فسر ، سنیئر پولیس انسپکٹر ، ڈپٹی کمشنر آف پولیس ، کمشنر آف پولیس اور ایڈو کیٹ جنرل کو بند لفافے میں سونپی گئی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK