Inquilab Logo

ایئرانڈیا کا سوداپایۂ تکمیل کو پہنچا، ایئرلائنکمپنی ٹاٹاسنس کے حوالےکردی گئی

Updated: January 28, 2022, 11:09 AM IST | Agency | New Delhi

؍۵۹؍سال بعد ایئر لائن کمپنی ٹاٹا گروپ میں واپس لوٹ آئی ،خسارہ سے دوچار قومی ایئرلائنز کو حکومت نےگزشتہ سال اکتوبر میں نیلام کیا تھا، ملک کی نامور کمپنی ٹاٹا سنس نے اسے ۲۷۰۰؍ کروڑ روپے میں خریداہے

Prime Minister Narendra Modi discussing with Tata Sons Chairman N Chandrasekhar N.Picture:INN
وزیراعظم نریندرمودی ، ٹاٹا سنس کے چیئرمین این چندرشیکھر ن کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے۔ ۔ تصویر: آئی این این

نیلام شدہ سرکاری طیارہ  کمپنی  ایئر انڈیا جمعرات کو  ملک کی معروف صنعتی کمپنی ٹاٹا سنس کے حوالے کردی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ’ڈِس انویسٹمنٹ‘ کا عمل بھی مکمل ہو گیا ہے۔ مرکزی وزارت خزانہ کے تحت ڈِس انویسٹمنٹ   اور عوامی اثاثہ جات کے محکمہ (ڈی آئی پی اے ایم) نے جمعرات کو  ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس لمیٹڈ (اے آئی ایکس ایل) میں۱۰۰؍ فیصد اور اے آئی ایس  اے ٹی ایس میں۵۰؍ فیصد حصص ٹاٹا سنس کی ملکیت والی کمپنی ٹیلی پرائیویٹ لمیٹڈ کو سونپ دیئے ہیں۔ اس کے لئے  ٹاٹا سنز نے حکومت کو۲۷۰۰؍ کروڑ روپے ادا کئے ہیں۔ ٹاٹا کو ایئر انڈیا اور اس کی ذیلی کمپنی اے آئی ایکس ایل کو۱۵؍ہزار ۳۰۰؍ کروڑ روپے کا قرض بھی ادا کرنا ہے۔
ٹاٹا سنس کے چیئرمین کی وزیراعظم سے ملاقات
 ایئر انڈیا کے اس شیئر ٹرانسفر سے پہلے، ٹاٹا سنس کے چیئرمین این چندرشیکھرن نے جمعرات کی صبح وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس حوالے سے وزیر اعظم کے دفتر نے ٹویٹ کر کے جانکاری دی ہے ۔بعدازیں  چند شیکھرن سیدھے نئی دہلی میں واقع ایئر انڈیا کے دفتر پہنچے۔ جہاں کمپنی کے اعلیٰ افسروں کے ذریعہ ان کا استقبال کیا گیا۔ 
نیلامی کب ہوئی تھی؟
 خیال رہے کہ ۱۱؍اکتوبر۲۰۲۱ء کو، ٹاٹا کی کمپنی ٹیلیس پرائیویٹ لمیٹیڈ  اس ڈس انویسٹمنٹ کے لئے  کامیاب بولی دہندہ کے طور پر ابھری۔ حصص کی خریداری کا معاہدہ ۲۵؍اکتوبر ۲۰۲۲ء کو ہوا تھا۔ اس کے بعد مختلف ریگولیٹرز کی منظوری کے بعدجمعرات کو ان کمپنیوں کا کنٹرول ٹاٹا کو سونپ دیا گیا۔ اس موقع پر ٹاٹا سنس کے اعزازی چیئرمین رتن ٹاٹا اور چیئرمین این چندرشیکھرن نے حکومت اور اس کے  عمل میں شامل مختلف محکموں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر  چندر شیکھرن نے کہا کہ  ٹاٹا گروپ میں واپس ایئر انڈیا کو واپس لاکر وہ  بہت پرجوش ہیں اور اسے عالمی معیار کی ایئر لائن بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے ٹاٹا گروپ میں ایئر انڈیا کے ملازمین کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرجوش ہیں۔  ٹاٹا گروپ نے کہا ہے کہ ابتداء میں وہ ۵؍ فلائٹس میں مفت میں کھانا دستیاب کرائے گی۔ حالانکہ ابھی ایئر انڈیا ٹاٹا گروپ کے بینر تلے نہیں اڑے گی۔ جن فلائٹس میں کھانا مفت ملے گا ، ان میں ممبئی دہلی کی ۲؍ پروازیں اےآئی ۸۶۴؍ اور اے آئی ۶۸۷؍ ممبئی سے ابوظہبی اور اے آئی ۶۳۹؍ ممبئی سے بنگلور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ممبئی نیویارک  فلائٹ میں بھی مفت کھانا ملے گا۔ 
ایس بی آئی نے قرض کی پیشکش کی 
   اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے کہا ہے کہ وہ بینکوں کے گروپوں کے ساتھ کسی بھی طرح کے قرض کی ضرورت کیلئے تیار ہے۔ ایس بی آئی نے کہا کہ وہ ایئر انڈیا کو جتنی بھی ضرورت ہوگی ، ورکنگ کیپٹل اور دیگر مد کے لئے قرض دے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK