Inquilab Logo

ریاست کی یوگی حکومت کو ہر کسان کا حساب دینا ہوگا : اجے کمار للو

Updated: February 23, 2020, 4:18 PM IST | Mohammed Raham | Amroha

امروہہ میں’کسان جن جاگرن یاترا‘ سے کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للوکا خطاب ، کہا :اب کسانوں کے حق کیلئے جدو جہد نہیں لڑائی لڑیں گے

اجے کمار للو ۔ تصویر : آئی این این
اجے کمار للو ۔ تصویر : آئی این این

امروہہ : کانگریس پارٹی ہائی کمان کی ہدایت پر اتر پردیش میں صوبائی سطح پر جاری ’کسان جن جاگرن یاترا‘ کے تحت جمعہ کو  صوبائی صدر اجے کمار للو نے امروہہ میں علاقائی جلسوں میں شرکت کی۔ صوبائی صدر نے اس دوران ضلع کے گجرولا اور کانکر  سرائے  علاقوں میں ضلع کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد ہ اجلاس سے خطاب کیا اور صوبائی اور مرکزی حکومت کو کسانوں کی بدحالی کا ذمہ دار قرار دیا۔ اجے کمار للو نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سرکار کے دوران سب سے زیادہ استحصال کسانوں کا ہوا ہے جہاں کسان فصلوں کی واجب قیمت نہ ملنے اور قرض معافی نہ ہونے ،گنا قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کے ساتھ ہی دیگر مسائل سے پریشان تھے، وہیں اب موجودہ حکومت نے کسانوں کے لئے کھیتوں کی رکھوالی کا کام بھی دے دیا ہے،دیش کے چوکیدار  نے کسانوں کو کھیت کا چوکیدار بنا دیا ہے۔

  اجے کمار للو نے کہا کہ کانگریس کسانوں کے حقوق کی لڑائی کو زمینی سطح پر لڑنے کا کام کر رہی ہے۔ پورے صوبہ میں ’کسان جن جاگرن یاترا‘ جاری ہے، جلد ہی صوبہ کے تمام اراکین ا سمبلی کو کسانوں کے مسائل سے متعلق مطالباتی مکتوب ارسال کیا جائےگا ،ساتھ ہی  ممبران پارلیمنٹ کو بھی کسانوں کے مسائل سے آگاہ کیا جائےگا۔ ان سب کے ساتھ ہی اترپردیش  کےوزیر اعلیٰ سے بھی ملاقات کی جائےگی۔ اجے کمار للو نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا مقصد کسانوں کی خوشحالی  ہے، کسان کو فصلوں کی واجب  قیمت دلوانا ،قرض سے آزادی اور فصل بیج سے اضافی قیمت واپسی ،گنا کسانوں کی بقایا جات کی ادائیگی کرانا، اغراض و مقاصد میں شامل ہے ۔اس سے قبل امروہہ کےسرحدی علاقہ میں صوبائی صدر کے داخلہ پر ضلع صدر اومکار سنگھ کٹاریہ ،رکن پی سی سی سینئر لیڈر ڈاکٹر سراج الدین ہاشمی، سابق ضلع صدر چودھری سکھراج سنگھ، سابق ایم ایل اے حاجی  شبن اور یوسف علی نے اجے کمار للو کا استقبال کیا ۔علاقائی اجلاس میں فیض عالم راعنی، یاسر انصاری ،حسین حیدر ،سابق ضلع صدر طارق محمد خان ،پرویز صدیقی،پرویز عارف ٹیٹو ، چودھری خوشتر مرزا وغیرہ کے علاوہ کثیر تعداد میں کانگریس لیڈران و کارکنان موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK