Inquilab Logo

اکھلیش اعظم خان کے گھر پہنچے، جوہر یونیورسٹی کیلئے تحریک چلائیں گے

Updated: January 23, 2021, 11:48 AM IST | Inquilab News Network | Rampur

تزئین فاطمہ سے ملاقات کے بعد سابق وزیراعلیٰ نے جوہر یونیورسٹی کو بچانے کا عزم کیا، بجٹ اجلاس کےبعد ملک گیر آندولن اور سائیکل ریلی کا اعلان

Akhilesh Yadav - Pic : INN
اکھیلیش یادو ۔ تصویر : آئی این این

سماجوادی پارٹی  کے سربراہ اکھلیش یادو جمعہ کو پہلی بار اپنے رکن پارلیمان اور پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کے ساتھ پوری شدت سے کھڑے ہوئے نظر آئے۔ انہوں  نے اعظم خان کی رہائش گاہ پر پہنچ کران کی اہلیہ تزئین فاطمہ سے ملاقات کی اور پھر ایک پریس کانفرنس کرکے جوہر یونیورسٹی کو بچانے کیلئے ملک گیر تحریک چھیڑنے کا اعلان کیا ہے۔ 
یوگی سرکار میں اعظم خان  نشانے پر ہیں
  اعظم خان کی گرفتاری کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سماجوادی پارٹی کے سربراہ  اور ریاست کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو اعظم خان کی رہائش گاہ پہنچے ہیں۔ اعظم خان سماجوادی پارٹی کے ان  سینئر ترین لیڈروں میں سے ہیں  جو پارٹی کی داغ بیل ڈالنے میں ملائم سنگھ یادو کے شانہ بشانہ تھے۔ اتر پر دیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت بننے کے بعد سے اعظم خان ریاستی حکومت  کے نشانے پر ہیں۔ان کے ہی ان کے پورے خاندان  کے خلاف ۱۰۰؍ سے زائد مقدمے درج کئے گئے ہیں۔ اعظم خان اور ان کا بیٹا جیل میں ہیں جبکہ بیوی  تزئین فاطمہ کو حال ہی  میں ضمانت ملی ہے۔ 
تزئین فاتمہ سے ملاقات، حمایت کی یقین دہانی
 جمعہ کو رام پور پہنچنے کے بعد اکھلیش یادو سیدھے  جیل روڈ پر واقع اعظم خان کی رہائش گاہ گئے جہاں انہوں نے اعظم خان کی بیوی اور شہری کی رکن اسمبلی تزئین فاطمہ سے ملاقات کرکے یقین دہانی کرائی پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ 
 یہاں سے اکھلیش یادو جوہر یونیورسٹی پہنچے جہاں میڈیا سے خطاب کرنے سے قبل انہوں  نے دیگر اضلاع سے رامپور پہنچنے والے اپنی پارٹی کے دیگر لیڈروں کے ساتھ ملاقات کی ۔ میڈیا سے خطاب  میں سابق وزیراعلیٰ  نے کہا کہ ’’اعظم خان کے خلاف مقدمے اسی طرح جھوٹے ہیں جیسے مجھ پر جھوٹا مقدمہ قائم کیاگیاتھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اعظم خان ہماری پارٹی کے رکن ہیں اس لئے ہم ان کے ساتھ ہیں مگر یونیورسٹی کو بچانے کیلئے عوام بھی ان کے ساتھ ہے۔‘‘ انہوں نے یوگی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’وزیراعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ کا نقشہ تک منظور شدہ نہیں ہے مگر دیگر عمارتوں میں خامیاں  تلاش کی جارہی ہیں۔‘‘ انہوں نےکہا کہ جوہر یونیورسٹی کو بچانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائےگا اور ملک گیر تحریک چلاتے ہوئے  ضرورت پڑی تو سائیکل ریلیاں بھی نکالی جائیں  گی۔ 
’دوسروں کو دُکھ دینےوالا یوگی نہیں ہوسکتا‘
  وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو نشانہ بناتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ’’ٹھونکنے اور بلڈوزر چلانے والوں سےتعلیم کے تعلق سے امید نہیں کی جاسکتی۔‘‘   انہوں نے کہا کہ جوہر یونیورسٹی کو اس لئے نشانہ بنایا جارہاہے کہ اس سے اعظم کان جڑے ہوئے ہیں۔ اکھلیش نے کہا کہ ’’دوسروں کو دُکھ دینے والا یوگی نہیں ہوسکتا، ہمارے  ہندو دھرم میں کہیں بھی نہیں لکھا ہوا ہے کہ دوسروں کو پریشان کرو،ا نہیں تکلیف دو لیکن یہاں تو اپنے ذاتی مفاد کیلئے دوسروں کو پھنسایا جارہاہے۔‘‘
 اکھلیش یادو نے یوگی سرکار پر الزام لگایا کہ وہ نفرت پھیلارہی ہے اور لوگوں میں ڈر کا ماحول پیدا کررہی ہے۔ انہوں  نے یو پی کے حالات کا موازنہ امریکہ سے کرتے ہوئے کہ اکہ امریکہ کی طرح یہاں بھی جھوٹ پھیلایا جارہاہے۔ ساتھ ہی اس عزم کااظہار کیا کہ امریکہ کی طرح یہاں بھی نفرت کی ہار ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK