Inquilab Logo

یوپی میں عوام کو اب ’یو گی ‘کی نہیں ،’ یوگیہ‘ سر کار چاہئے: سماجوادی سربراہ

Updated: November 30, 2021, 11:28 AM IST | Agency | Lucknow/Partapgarh

ا ن کے مطابق کسان مخالف بی جے پی حکومت کے چار دن ہی بچے ہیں، یوگی کی حکومت کو’ بل‘ اور’ بلڈوزر‘ کی حکومت قراردیا

Akhilesh Yadav. Picture:INN
اکھلیش یادو ۔ تصویر: آئی این این

سماجوادی پارٹی ( ایس پی )  کے سربراہ اکھلیش یادو مطابق یو پی کے عوام اب یوگیہ سرکا ر منتخب کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بل اور بلڈوزر کی حکومت کو ہٹانے کیلئے سماج وادی پارٹی کا اقتدار ضروری ہے ۔  پیر کو اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا :’’یوپی میں عوام کو اب ’یو گی ‘کی نہیں ،’ یوگیہ‘ (لائق)سر کار چاہئے۔ہم کو پورا بھر وسہ ہے کہ اگلی بار عوام ’یوگیہ ‘سرکار منتخب کریں گے ۔ ‘‘ ان کے بقول:‘’ کسانوں سے متعلق بی جے پی کی نیت   صاف نہیں ہے۔ کسان سال بھر سے تحریک  چلارہے ہیں۔ ان کے اتحاد اور مضبوطی سے پریشان اور اسمبلی انتخابات سے ڈر کر اس نے اپنی تین کالے قانون واپس تو لے لئے ہیں لیکن کسانوں کے بنیادی مطالبات پر بات کرنے سے وہ اب بھی گھبرا رہے ہیں۔ بی جے پی اپنے چند سرمایہ کار دوستوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ہی کسانوں کے مفاد سے کھلواڑ کررہی ہے۔ اس کا جواب عوام۲۰۲۲ء میں بی جے پی حکومت کا صفایا کر کے دیں گے۔ بی جے پی کس طرح کسانوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔ دھان خرید مراکز میں پریشان حال کسانوں کو دیکھ کر سمجھا جاسکتا ہے کہ’ تول‘ میں ’جھول‘ کے ساتھ خرید مراکز پر کسان کے دھان کی خرید میں تمام طرح کی رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا :’’بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کسان کو  فصل کی مناسب قیمت  مل رہی ہے اور نہ ہی اس کے اخراجات نکل رہے ہیں۔ مہنگائی کی مار سے بھی اس کی کمر ٹوٹ رہی ہے۔بیج،کھاد اور جراثیم کش ادویات کالا بازاری  ہورہی  ہے۔ بازار میں کمی دکھا کربڑی کمپنیاں لوٹ پاٹ میں مصروف  ہیں۔ کسان کے کام آنے والا ڈیزل مہنگا ہے۔ بی جے پی حکومت نے ایک یونٹ بجلی کا پروڈکشن نہیں کیا ہے لیکن اس کی شرحوں میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے۔کسان قرض دار ہوتا جارہا ہے۔ اسے جب کوئی راستہ نہیں دکھائی دیتا ہے تو وہ خودکشی کر لیتا ہے۔ کسان کی زندگی انمول ہوتی ہے کیونکہ وہ دوسروں کے زندگی کیلئے اناج اگاتا ہے۔‘‘  انہوںنے وعدہ کیا :’’سماج وادی پارٹی کسانوں کی اپنی پارٹی ہے۔ سماج وادی حکومت بنتے ہی کسان تحریک کے شہیدوں کو۲۵۔۲۵؍لاکھ روپے ’کسان شہادت سمان ندھی‘ دی جائے گی۔ کسان مخالف بی جے پی حکومت کے چار دن ہی بچے ہیں۔ کسان اپنے ووٹ سے بی جے پی کا صفایا کر کے نظام میں تبدیلی لائیں۔‘‘  قبل ازیں اکھلیش نے پرتاپ گڑھ تحصیل پٹی کے رام کولا گاؤں میں شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر کارکنوں  سے  خطاب کرتے ہوئے کہا :’’  بل اور بلڈوزر کی حکومت کو ہٹانے کیلئے سماج وادی پارٹی کا اقتدار میں آنا ضروری ہے ۔‘‘ پرتاپ گڑھ جرائم کے اضافے  سے متعلق انہوں نےکہا :’’کچھ روز قبل پرتاپ گڑھ کا تاجر کنبہ سیکوریٹی کیلئے وزیر اعلیٰ سے مدد مانگنے گیا تھا،اس کو مدد نہیں ملی بلکہ اس تاجر کے دونوں بھائیوں کو گولیوں سے بھون دیا گیا ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK