Inquilab Logo

عالم گنج بھی ایک دن کیلئے ’شاہین باغ‘ بن گیا

Updated: January 29, 2020, 12:57 PM IST | Agency | Patna

دہلی سے مشہور سماجی کارکن شبنم ہاشمی بھی خاص طور پر شریک ہوئیں اور انہوں نے شاہین باغ سے لے کر ملک کے مختلف حصوں میں سیاہ قانون کے خلاف احتجاج کرنے والی لاکھوں خواتین کے عزم اور حوصلہ کو سلام کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ اسی عزم اور ہمت کے ساتھ اپنی لڑائی جاری رکھیں۔

شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کیخلاف احتجاج جاری ہے
شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کیخلاف احتجاج جاری ہے

 پٹنہ :  پٹنہ کا محلہ عالم گنج بھی منگل کو ایک دن کیلئے ’شاہین باغ‘ بن گیا۔ یہاں صبح ۱۰؍  بجے سے شام ۵؍  بجے تک جاری رہنے  والے اس احتجاجی دھرنے میں دہلی سے مشہور سماجی کارکن شبنم ہاشمی بھی خاص طور پر شریک ہوئیں اور انہوں نے شاہین باغ سے لے کر ملک کے مختلف حصوں میں سیاہ قانون کے خلاف احتجاج کرنے والی لاکھوں خواتین کے عزم اور حوصلہ کو سلام کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ اسی عزم اور ہمت کے ساتھ اپنی لڑائی جاری رکھیں۔ 
 اس محلہ کے باشندوں نے شہریت ترمیمی  قانون (سی اے اے ) اور این آر سی کے خلاف اشوک راج پتھ پر گلشن اپارٹمنٹ کے احاطہ میں ایک دن کیلئے دھرنے کی اپیل کی تو خواتین کا سیلاب امنڈ پڑا ۔ وہ اپنا گھریلو کام کاج چھوڑ کر بڑی تعداد میں دھرنامیں شریک ہوئیں۔ انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ ہم این پی آر کا بائیکاٹ کرتے ہیں اور ہم کسی سرکاری اہلکار کو اس کو سوال کا جواب نہیں دیں گے اور ہم انہیں کوئی تفصیل بھی نہیں بتائیں گے۔پروگرام کی نظامت سرفراز عالم اور ڈاکٹر ریحان غنی نے مشترکہ طور پر کی۔ دھرنے سے کانگریس کے رہنما ڈاکٹر شکیل احمد خاں ،کنہیا کے استاد اور کمیونسٹ لیڈر وشواجیت، وجے سنگ یادو، آودھیش کمار یادو، ہرے رام، سید شکیل حسن ایڈوکیٹ،اجے کماریادو ایڈوکیٹ، راگھونر سنگھ،بھولا پاسوان، سلمان اختر رومی، شکیل اختر،نوری افروز، گووند چودھری اور دانش احمد سمیت درجنوں مقرروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہاکہ یہ سیاہ قانون ملک کو توڑنے والا  ہے، اسے ہم کسی بھی قیمت پر نافذ نہیں ہونے دیں گے اور اس قانون کی واپسی تک یہ لڑائی جاری رہے گی۔دھرنے پر موقع موقع سے سلیمان،صادق اور دوسرے نوجوان  آزادی آزادی  اور دیگر انقلابی نعرے لگاتے رہے جس سے لوگوں کا جوش و خروش بڑھتا رہا۔ دھرنے میں مولانا مکرم حسین ندوی، محمد ظفر عالم اور اسامہ غنی نے نظمیں سنائیں۔ اس موقع پر مولانا دستگیر ندوی، سنویدھان بچاؤ منچ کے رکن شاداب حسین، حافظ انصار عالم،محمد جاوید، اختر عادل گیلانی،مشتاق احمد، ڈاکٹر نیرعباس،ڈاکٹر عبد السلام، ارشد امام، شاہد انور، شاہ فیض الرحمٰن، سید وکیل حسن،نصر بلخی، احمد رضا ہاشمی،تابش فاخری  اوربڑی  تعداد میں علاقے کی معزز افراد بھی موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK