Inquilab Logo

یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان کی چوطرفہ تنقید

Updated: May 27, 2020, 4:49 AM IST | Agency | New Delhi

کرناٹک سے مہاراشٹر اور دہلی تک ہلچل، راہل گاندھی اور ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ یوپی کے عوام بی جے پی حکومت کی جاگیر نہیں ہیں، اکھلیش یادو بھی برہم

Yogi Adityanath - Pic : INN
یوگی آدتیہ ناتھ ۔ تصویر : آئی این این

 متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں جگہ بنانے والے اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ایک مرتبہ پھر موضوع بحث ہیں۔ یوپی کے مہاجر مزدوروں کے متعلق بیان دے کر  وہ اس مرتبہ مہاراشٹر سے کرناٹک   تک اور مرکزی لیڈروں کی زد پر ہیں۔ کانگریس کے سابق سربراہ راہل گاندھی اور کرناٹک کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے یوگی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کے عوام کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہر ہندوستانی کے پاس ملک کے کسی بھی خطے اور علاقے میں جاکر رہنے اور اپنے خوابوں کی تعبیر میں رنگ بھرنے کا حق میسر ہے۔ یہ لوگ اترپردیش کی جاگیر نہیں ہیں بلکہ ہندوستان کے شہری ہیں۔ ہمارا کام انہیں روکنے کا نہیں بلکہ ان کے خوابوں کی تکمیل میں ان کے ساتھ تعاون کرنے کا ہے۔‘‘ اسی طرح کرناٹک کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیوکمار نے اس بیان کو ’غیر دستوری‘ قراردیا۔ انہوں نے یکے بعد دیگرے مختلف ٹویٹ میں یوگی آدتیہ ناتھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح وہ اترپردیش کے عوام کی پریشانی کا سامان فراہم کررہے ہیں۔ اترپردیش کے سابق وزیراعلیٰ  اکھلیش یادو نے بھی اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ 
 خیال رہے کہ اترپردیش کے وزیراعلیٰ آدتیہ ناتھ نے گزشتہ دنوں ایک بیان میں کہاتھا کہ اترپردیش کے مزدووں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے دیگر ریاستوں کو پہلے یوپی سرکار سے اجازت حاصل کرنی ہوگی۔اسی طرح انہوں نے ’مونگیری لال کے سپنے‘ دکھاتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ یوپی کے تمام ملازمین کو یہیں پر روزگار فراہم کریںگے۔  انہوںنے کہا کہ مہاجر مزدوروں کو روزگار دستیاب کرانے کیلئے ہماری حکومت پرعزم ہے اور اس کیلئے ان کی اسکل میپنگ کی پہلی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی اہلیت اور محنت کا فائدہ ان کے آپنے آبائی وطن سے ملے گا۔ مزدوروں کی اہلیت کی تفصیل کیلئے اسکل میپنگ کا کام آگے بھی جاری رہے گا۔ مزدوروں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ضلعی روزگار دفاتر کی افادیت کو بھی دوبارہ قائم کیا جائےگا۔ یوگی نے منگل کو اپنے ٹویٹ میں لکھاکہ ’’گھر واپس آنے والے محنت کش بھائیوں اور بہنوں کی اسکل میپنگ کی پہلی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ سبھی افراد کو اب ریاست ہی میں روزگار دستیاب کرانے کیلئے  محنت کش(روزگار )بہبود کمیشن کی تشکیل کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ اب مزدوروں کے ہنر،اہلیت و محنت سے ان کی ریاست کی مٹی ہی مستفید ہوگی ۔
 انہوں نے کہا کہ مزدوروںکیلئے ایم ایس ایم ای سیکٹر’ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ‘اور’وشوکرما شرم سمان اسکیم‘ میں روزگار کے مواقع میسر ہیں۔ زراعت،ڈیری و مویشی پروری سے وابستہ سرگرمیوں میں بھی روزگار کے امکانات ہیں۔ انہیں  انڈسٹریز کے ملازمین کے ساتھ ساتھ تعمیراتی مزدوروں، ایک ضلع ایک پروڈکٹ اسکیم و دیگر اسکیمات سے منسلک کیا جائےگا۔اس کیلئے ڈاٹا بینک تیار کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK