Inquilab Logo

امیزون نے تلنگانہ میں ڈیٹا سینٹرس کیلئے سرمایہ کاری کا اعلان کیا

Updated: February 13, 2020, 3:48 PM IST | Agency | Hyderabad

تلنگانہ میں پہلا ڈیٹا سینٹر سنگا ریڈی ضلع میں اور دوسرا شاہ آباد منڈل میں قائم کیا جائے گا ،کمپنی کا یہ امریکہ کے باہر سب سے بڑا کیمپس ہو گا

 امیزون نے تلنگانہ میں ڈیٹا سینٹرس کیلئے سرمایہ کاری کا اعلان کیا ۔ تصویر : آئی این این
امیزون نے تلنگانہ میں ڈیٹا سینٹرس کیلئے سرمایہ کاری کا اعلان کیا ۔ تصویر : آئی این این

 حیدرآباد : تلنگانہ حکومت مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی مسلسل کوشش کررہی ہے۔ اس کی  انہی کوششوں کے نتیجہ میں دنیا کی مشہور ای کامرس کمپنی امیزون  نے ریاست میں سرمایہ کاری اور ڈیٹا سینٹرس کے قیام کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ امیزون کا  پہلا ڈیٹا سینٹر رنگاریڈی ضلع کے کندوکور منڈل اور دوسرا شاہ آباد منڈل میں قائم کیا جائے گا۔ کندوکور میں یہ مرکز ۸۲؍ ہزار اسکوائر فٹ سے بھی زیادہ رقبے پر اور  شاہ آباد میں ۶۶؍ ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر قائم کیا جائے گا۔ 
  اس بارے میں کمپنی نے بتایا کہ وہ ۱۱؍ ہزار ۶۲۴؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ ہندوستان میں استعمال ہونے والا گاہکوں کا ڈیٹا یہیں پر محفوظ کیا جاسکے۔  واضح رہے کہ کمپنی کا یہ امریکہ کے باہر حیدرآباد میں سب سے بڑا کیمپس ہو گا  حالانکہ کتور میں اس کا ایک بڑا فل فلمنٹ سینٹر بھی ہے لیکن یہ ڈیٹاسینٹراس سے بھی بڑا ثابت ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ ۲۰۱۵ء میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی تارک راما راؤ نے امریکہ میں کمپنی کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں ڈیٹا سینٹر کے قیام  کے لئے سرمایہ کاری کا مطالبہ کیا تھا ۔ حال ہی میں انہوں نے عالمی معاشی فورم کے اجلاس میں بھی کمپنی کے وفد سے اس سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا۔  اسی گفتگو کے بعد امیزون نے تلنگانہ میں اتنی بڑی سرمایہ کاری کی ہامی بھری ہے۔ واضح رہے کہ حکومت ہند نے تمام غیر ملکی کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہندوستانی گاہکوں کا ڈیٹا اپنے ملک کے سرورس میں محفوظ کرنے کے بجائے  ملک میں ہی ڈیٹا سینٹرس قائم کریں اور وہاں پر اسے محفوظ رکھیں۔ کچھ کمپنیوں کی جانب سے اس سلسلے میں تشویشات کا اظہار کیا گیا تھا لیکن ہندوستان جیسے بڑے بازارکی حکومت کو انکار کرنے کی ہمت کسی میں نہیں ہوئی اور اب تمام اہم کمپنیاں اس سلسلے میں پیش رفت کررہی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK