Inquilab Logo

مودی کو سپریم کورٹ سےبھی کلین چٹ ملنے کےبعد امیت شاہ کا ٹیسٹا سیتلوادپر حملہ

Updated: June 26, 2022, 11:19 AM IST | new Delhi

گجرات فسادوسیع ترسازش کیس:وزیر داخلہ نے سماجی کارکن پر پولیس کو فساد کی ’’بے بنیاد ‘‘ معلومات فراہم کرنے کا الزام لگایا،مودی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا

Amit Shah targeted Testa in an interview with ANI on Saturday
امیت شاہ نے سنیچر کو خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹیسٹا کو نشانہ بنایا

گجرات فساد کی وسیع تر سازش کے کیس میں اس وقت کے وزیراعلیٰ نریندر مودی کو جمعہ کو سپریم کورٹ سے بھی کلین چٹ مل جانے کے بعد سنیچر کو ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ  نے حکومت حامی خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے سماجی کارکن ٹیسٹا سیتلواد کو نشانہ بنایا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں ٹیسٹا سیتلواد کے تذکرہ کا حوالہ دیتے ہوئے امیت شاہ نے الزام لگایا کہ ٹیسٹا اوران کی تنظیم نے گجرات فساد کے تعلق سے پولیس کو ’’بے بنیاد ‘‘ معلومات فراہم کیں۔  انہوں  نے  بی جےپی اور مودی کو نشانہ بنانے والوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بی جےپی اور مودی سے معافی مانگیں۔
  امیت شاہ نے کہا کہ گجرات فسادات کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ’’ وزیر اعظم نریندر مودی پر سیاسی سازش کے تحت الزام لگایا گیا تھا اور الزامات لگانے والوں کو اب مودی، ملک اور  بی جےپی سے معافی مانگنی چاہئے۔‘‘  امیت شاہ نے اے این آئی کو دیئے گئے اپنے انٹرویو کے  حصوں کو  سلسلہ وار ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ’’سپریم کورٹ کے فیصلے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ نریندر مودی   پر لگائے گئے الزامات ایک سیاسی سازش تھی۔ مودی  نے ایک لفظ بھی بولے بغیر۱۹۔۱۸؍ سال تک بھگوان شنکر کے زہر پینے کی طرح تمام دکھوں سے لڑتے رہے۔  اب جب کہ سچ سونے کی طرح چمکتا ہوا سامنے آیا ہے، یہ فخر کی بات ہے۔‘‘
 حال ہی میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی پوچھ گچھ کے دوران کانگریس کارکنوں کے دھرنے اور مظاہروں پر تنقید کرتے ہوئے ہوئے انہوں نے کہاکہ’’نریندر مودی نے ایک بہترین مثال قائم کی ہے کہ جمہوریت میں آئین کا احترام کیسے کیا جا سکتا ہے۔   ان سے گھنٹوں پوچھ گچھ کی گئی لیکن ہم نے کوئی دھرنا نہیں دیا۔ اگر جھوٹے الزامات لگانے والوں میں ضمیر ہے تو انہیں مودی ، بی جے پی اور ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘
 ایک اور ٹویٹ میں شاہ نے کہاکہ ’’میں نے مودی کو ان تمام جھوٹے الزامات کے درد کو بہت قریب سے سہتے ہوئے دیکھا ہے۔ عدالتی عمل چل رہا ہے، لہٰذا جھوٹے الزامات پر بھی کچھ نہ کہو… یہ موقف نریندر مودی  جیسا مضبوط اعصاب رکھنے والا شخص ہی اختیار کرسکتا تھا، جو ملک کے نظام انصاف پر یقین رکھتا ہے۔‘‘شاہ نے کہا کہ ملک کے عوام نے ان الزامات کو کبھی قبول نہیں کیا اور وہ آج بھی مودی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK