Inquilab Logo

یوگی کیخلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہی امیتابھ ٹھاکر گرفتار

Updated: August 28, 2021, 1:24 PM IST | Abdul Arshad | Lucknow

لیکن گرفتاری کی وجہ اتل رائے عصمت دری کیس کی متاثرہ کو دھمکانا بتائی گئی ،گھسیٹتے ہوئے پولیس اسٹیشن لایا گیا ، کیس کی جانچ کرنے والی کمیٹی نےمعاملہ درج کرایا تھا

Police officers dragged Amitabh Thakur from his house to the police station.Picture:PTI
امیتابھ ٹھاکر کو پولیس افسران ان کے گھر سے گھسیٹتے ہوئے پولیس اسٹیشن لے گئے۔تصویر: پی ٹی آئی

 سپریم کورٹ کے سامنےاتل رائے عصمت دری معاملہ کی متاثرہ اور اس کے ساتھی کی خودسوزی سے قبل وائرل ہوئے ویڈیو کی جانچ کے بعد کمیٹی نے جبراً پولیس سروس سے سبکدوش کئے گئے آئی پی ایس افسر امیتابھ ٹھاکرکو گرفتار کرلیا  ۔ ان پر بی ایس پی کے ممبر پارلیمنٹ اتل رائے کی حمایت میں متاثرہ کو دھمکانے کا الزام ہے۔ جانچ کمیٹی کی جانب سے ان کے خلاف حضرت گنج تھانہ میںمقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ صبح سے ہی گومتی نگر میں واقع انکےمکان پر پولیس نے گھیرا بندی کر رکھی تھی۔ دوپہر میں ان کو حضرت گنج پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جارہا ہے کہ جب انہوںنے اپنی گرفتاری کی مخالفت کی تو موقع پر موجود ایک داروغہ نے ان کو کئی تھپڑ مارے اور ایک سابق آئی پی ایس افسر کو گھسیٹتے ہوئے زبردستی گاڑی میں بیٹھا کر حضرت گنج تھانہ لایا گیا۔ یہ تو پولیس کی جانب سے بتائی گئی وجہ ہے لیکن اصل بات یہی کہی جارہی ہے کہ انہوں نے نہ صرف سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کیا ہے بلکہ یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف الیکشن لڑنے کا بھی اعلان کردیا ہے جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے۔  وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کرنے اور گورکھپور کے دو روزہ دورے پر جانے کا اعلان کرنے والے سابق آئی پی ایس افسر امیتابھ ٹھاکر کے گومتی نگر میں واقع مکان پرصبح سے ہی پولیس فورس نے گھیرا بندی کرلی تھی۔ صبح جب وہ گورکھپور جانے کے لئے نکلے تو پولیس نے انکو مکان میں ہی نظر بند کرنے کی اطلاع دی ۔ اس کے بعد دوپہر میں اچانک حضرت گنج پولیس انکے مکان پر پہنچی، پولیس اہلکار انکو گھرسے گھسیٹتے ہوئے باہر لائے اور  زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھانے کی کوشش کی۔ اس دوران جب انہوں نے اپنا جرم اور گرفتاری کی وجہ پوچھی تو وہاں موجود پولیس اہلکاروںنے انکو کچھ نہیں بتایا اور زبردستی کرنے لگے۔ اس دوران ایک داروغہ نے انکی جم کر پٹائی کردی ۔ آخرکار ان کو جیپ میں لادکر حضرت گنج تھانہ لایا گیا جہاں پر پولیس نے انکو بتایا کہ انکے خلاف متاثرہ کو دھمکانے اور اس پر مقدمہ واپس لینے کا دباؤ بنانے نیز خودسوزی کے لئے اُکسانے کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے ۔  
 انسپکٹر حضرت گنج ،شیام بابوشکلا نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے سامنے خودسوزی کرنے سے قبل متاثرہ اور اسکے ساتھی نے ایک ویڈیو وائرل کیا تھا جس میں دونوںنے وارانسی پولیس ، سابق آئی پی ایس افسر امیتابھ ٹھاکر، کلیدی ملزم اتل رائے اور اسکےساتھیوںپر مقدمہ واپس لینے کا دباؤ بنانے اور دھمکانے کی بات کہی تھی۔ یوگی حکومت نے اس ویڈیو کی جانچ کے لئے دو رکنی جانچ کمیٹی تشکیل کی تھی جس میں ڈی جی پولیس بھرتی بورڈ آر کے وشو کرما اور اے ڈی جی مہیلا نیرا یادو کو شامل کیا گیا تھا۔ انھوںنے بتایا کہ وائرل ویڈیو کی جانچ کے بعد کمیٹی کی جانب سے حضرت گنج میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ اسی مقدمہ میں   امیتابھ ٹھاکر کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ 
 واضح رہے کہ لوک سبھا الیکشن کے موقع پر   وارانسی کے تھانہ لنکا میں متاثرہ نے گھوسی سے بی ایس پی امیدوار اتل رائے کے خلاف عصمت دری کا مقدمہ درج کرایا تھا ۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد اتل رائے فرار ہو گئے تھےلیکن لوک سبھا الیکشن میںکامیاب ہونے کے بعد اتل رائے نے خودسپردگی کردی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK