Inquilab Logo

ممبئی سے بلرامپور کیلئے نکلے معمر شخص نے خصوصی ٹرین میں دم توڑ دیا

Updated: June 02, 2020, 10:29 AM IST | Inquilab News Network | Varanasi

گھاٹکوپر میں رہنے والے۸۵؍ سالہ رام چندر سونی اپنی بیوی ، بہو اور بیٹے کے ساتھ سفر کررہے تھے ، بنارس اسٹیشن پر ان کی لاش اتاری گئی

Special Train - PIC : PTI
اسپیشل ٹرین ۔ تصویر : پی ٹی آئی

شرمک اسپیشل ٹرین میں سفر کے دوران طبیعت بگڑنے سے ایک معمر  شخص کی موت ہوگئی ۔اتوار کو صبح ۵؍ بج کر ۲۰؍ منٹ پر وارانسی جنکشن پہنچنے والی ٹرین سے لاش نیچے اتاری گئی اور لاش دوگھنٹے تک اسٹیشن پر پڑی رہی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ممبئی کے گھاٹکوپر  میں رہنے والے رام چندر سونی (۸۵)اپنی بیوی ، بہو اور بیٹے کے ساتھ اپنے آبائی گاؤں بسنت پور پوسٹ پچپیڑوا (ضلع بلرامپور)لوٹ رہے تھے۔ ٹرین ۲۹؍ مئی کی رات ۱۱؍ بجے  وی ٹی ( سی ایس ٹی) سے  روانہ  تھی ۔  متوفی کے لڑکے جگدمبیکا سونی نے بتایاکہ اگلے دن ۳۰؍ مئی کی رات ۸؍ بجے انہیں کھانا دیا  ۔مرزاپور  کےچھوکی اسٹیشن  انہیں اٹھانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں اٹھے۔ اگلے دن صبح ۵؍ بج کر ۲۰؍ منٹ پر ٹرین وارانسی جنکشن   کے پلیٹ فارم نمبر ۵؍پر پہنچی ۔
 خبر ملتے ہی جی آرپی کے ملازمین نے لاش کو بوگی نمبر ایس ۸؍ سے نیچے اتارا۔۲؍ گھنٹے کا وقت گزرگیا  ۔ اس  کے باوجود متعلقہ محکمہ  کی جانب سے لاش کو لے جانے کے سلسلے میں کارروائی میں تاخیر ہوتی رہی ۔ جی آر پی انسپکٹر اشوک کمار دوبے نے بتایاکہ کنبہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق  رام چندر سونی کی موت فطری ہے ۔
  دوسری طرف ماہرین کا کہنا ہے کہ دراصل شرمک اسپیشل ٹرین سے گھر لوٹنے والے مزدوروں کی پریشانی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ٹرینیں غلط روٹ پر چلنے کی وجہ سے کئی گھنٹے تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچ رہی ہیں ۔ اس درمیان بھوک اور پیاس کی وجہ سے مزدوروں کی حالت خراب ہوتی جارہی ہے ۔ انہیں ٹرینوں میں کھانا مل رہاہے اور نہ ہی پانی مل رہاہے ۔رام چند ر سونی کی موت کی وجہ بھی بھو ک پیاس ہوسکتی ہے۔ گزشتہ بدھ کو بھی ایل ٹی ٹی ممبئی سے مڈواڈیہہ پہنچے والی ٹرین میں ۲؍ مزدوروں کی موت ہوچکی ہے۔  منگل کی رات بلیا پہنچنےوالی ٹرین میں ۳؍ مزدوروں کی موت ہوگئی تھی ۔

lockdown Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK