Inquilab Logo

مدھیہ پردیش میں ہاتھرس جیسا واقعہ دہرایا گیا

Updated: January 23, 2021, 11:03 AM IST | Mumtaz Alam Rizvi | New Delhi

آبروریزی کی شکار لڑکی کی لاش گھر والوں کی مرضی کے خلاف انتظامیہ نے نذر آتش کی ،راہل گاندھی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا

Rahul Gandhi - Pic : INN
راہل گاندھی ۔ تصویر : آئی این این

مدھیہ پردیش میں بھی آبروریزی کی شکارایک دوشیزہ کو ضلع انتظامیہ نے بغیر والدین کی اجازت کے نذر آتش کر دیا جس پر اپوزیشن کانگریس نے بی جےپی حکومت پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس کےسابق صدر راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ ’’ہاتھر جیسا غیر انسانی واقعہ کتنی بار دہرایاجائےگا۔بی جے پی حکومت خواتین کے تحفظ میں ناکام تو ہے ہی ،متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے انسانی سلوک میں بھی ناکام ہے۔‘‘راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ اب کانگریس میڈیاشعبہ کے چیئرمین اور کانگریس کے جنرل سیکریٹری رندیپ سنگھ سرجیوالانے بھی مدھیہ پردیش کی شیو راج حکومت پر زوردار حملہ کیا ہے۔انھوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا ’’ جرم اور اس کا سرکاری ثبوت ، شیوراج حکومت، مجرم ہو تم۔بھاجپائی سرکار تم نےہمیشہ دیش کی بیٹیوں کو بغیر ثبوت جلانے کا کام کیا،ہاتھرس ہو یا پھر بھوپال۔ ہم لڑیں گے تمہاری اس ناانصافی کے خلاف ۔ ’’سمر شیش ہے ،نہیں پاپ کا بھاگی کیول وِیادھ ۔جوتٹستھ ہیں ، سمے لکھے گا ان کے بھی اَپرادھ ‘‘۔ 
 واضح رہے کہ  جس طرح ہاتھرس میں ایک دلت دوشیزہ کی آبرو ریزی کی گئی تھی اور جب اس کی اسپتال میں موت ہو گئی تو یوپی پولیس نےگھر والوں کی غیرموجودگی میں دوشیزہ کی لاش کو نذر آتش کر دیا تھا ۔ اسی طرح کاواقعہ مدھیہ پردیش میں بھی پیش آیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ جنسی استحصال کا شکار نابالغ لڑکی نے زیادہ نیند کی گولی کھا لی تھی جس کے سبب اس کی موت ہو گئی تھی۔ گزشتہ روز پولیس کی نگرانی میں ڈیڑھ بجے دوپہرکو بھد بھدا وِشرام گھاٹ بھوپال میں اس دوشیزہ کی آخری رسومات ادا کی گئی۔
 رپورٹ کےمطابق مرچری میں متاثرہ لڑکی کے چچا اور والد لاش گھر لے جانے کااصرار کر رہے تھے۔ایس ڈی ایم نے والد کو۲؍لاکھ روپے کا چیک بھی دیا تاہم جب حالات خراب ہونےلگے تو ایس ڈی ایم بیراگڑھ نے  پولیس کی گاڑی میںبٹھاکرچچا اور والد کو بھیج دیا۔ اس کے بعد کرائم برانچ لڑکی کی والدہ اور دیگر اہل خانہ کو وِشرام گھاٹ لیکر آئی اور لاش کی آخری رسومات ادا کی گئی۔حالانکہ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ زبردستی کی گئی ہے۔ان کی مرضی کے خلاف آخری رسومات ادا کی گئی ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی مرضی سےکیا گیا ہے اور اس کو ہاتھرس جیسا نہیں کہا جا سکتا۔والدین کا کہنا ہے کہ ہم آخری رسومات اپنی رسم و روایت کے مطابق کرنا چاہتے تھے لیکن ہمیں ایسا نہیں کرنے دیاگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK