Inquilab Logo

اندھیری: کپاس واڑی سنّی مسلم قبرستان کے تعمیراتی کاموں کا افتتاح

Updated: March 14, 2022, 11:25 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Andheri

مسلمانوںکا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے پرخوشی کی لہردوڑگئی ۔ ۵۰؍لاکھ روپے کا فنڈ تعمیراتی کاموں کےلئے مقامی کارپوریٹر کے ذریعے منظور کروایا گیا،پہلے مرحلے میں ۳؍ماہ کے دورا ن ۱۰؍ فٹ مروم مٹی ڈالنے کے ساتھ چہار دیوار ی کی تعمیر اورنمازجنازہ کی ادائیگی کے لئے شیڈ اوروضوخانہ تعمیر کروایاجائے گا

The construction work of the cemetery was inaugurated by Maulana Syed Moinuddin Ashraf alias Moin Mian.Picture:INN
قبرستان کے تعمیراتی کام کا افتتاح مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے کیا۔ تصویر: آئی این این

نّی مسلم قبرستان کپاس واڑی ،اندھیری (مغرب )کے تعمیراتی کاموں کا افتتاح اتوار کو مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاںکے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ انہوں نے پھاؤڑے سے بنیادکھودی اورخصوصی دعا کروائی۔مقامی مسلمانوںکا قبرستان کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے اور کام شروع کئے جانے پران میں خوشی کی لہردوڑگئی ۔اس کے لئے ۵۰؍لاکھ روپے کا فنڈ تعمیراتی کاموں کےلئے مقامی کارپوریٹرمہر محسن حیدر کے ذریعے میونسپل کارپوریشن سے منظور کروایا گیا ہے۔یہاں پہلے مرحلےمیںچہار دیوار ی کی تعمیر اورنمازجنازہ کی ادائیگی کے لئے شیڈ اوروضوخانہ تعمیر کروایاجائے گااورصاف صفائی کرنے کے بعد ۱۰؍فٹ مروم مٹی ڈالی جائے گی تاکہ تدفین میںکوئی دقت نہ آئے۔ کپاس واڑی نئے قبرستان سے بطور خاص جو ہو گلی، جنید نگر، سمتا نگر، گلبرٹ ہل ، کپاس واڑی اورجوہو کے لوگوں کو میت کی تدفین میںآسانی ہوگی۔ مقامی مسلمان کافی عرصے سےکوشاں تھے کہ یہاں قبرستان کا پلاٹ مختص کردیاجائے چنانچہ وہ کوششیں بار آور ہوئیں اورپلان میںاس کی نشاندہی کی گئی اوراس کیلئے کارپوریٹر مہرمحسن حیدر اوران کے شوہر ممبئی کانگریس کے نائب صدر محسن حیدر نے بھی کوششیں کیںجس کا نتیجہ عملی شکل میںظاہر ہوا۔اب امید ہے کہ جلد ہی تعمیراتی کاموں کی تکمیل کےبعد قبرستان میں  تدفین کا عمل شروع ہوسکے گا۔  یہاںکے لوگ اس لئے بھی پریشان تھے کیونکہ ارلا قبرستان اور۴؍بنگلہ قبرستان میںجگہ بڑی حد تک بھرچکی ہے جس سے تدفین کے لئے مسئلہ درپیش تھا۔خاص طور پرکووڈ کے دور میں زیادہ اموات ہونے سے مزیدجلدی قبرستانوں میں جگہیں بھرگئیں۔ اس نئے قبرستان سے کسی حد تک تدفین کے مسائل کا ازالہ ہوسکے گا ۔
قبرستان کی ۱۶؍ہزار اسکوائر فٹ جگہ اورقبروں کی ترتیب 
 کپاس واڑی قبرستان کے تعلق سے محسن حیدرنے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’ دراصل  یہاں۴۵۰۰؍اسکوائرمیٹر جگہ شیعہ ، سنی اورخوجہ قبرستانوں کےلئے مختص کی گئی تھی ۔شیعہ اورخوجہ قبرستان بنائے جا چکے ہیںاورسنّی قبرستان کے لئے ۱۶؍ ہزار اسکوائر فٹ جگہ مہیا کروائی گئی ہے۔‘‘ انہوںنےیہ بھی بتایا کہ ’’ ۵۰؍لاکھ روپے کافنڈ کارپوریٹر مہر محسن حیدر نے پاس کروایا ہے ۔ اس فنڈ سے پہلے مرحلے میں مذکورہ بالا تینو ںکام یعنی مروم مٹی ڈالنا،وضوخانہ اورنماز جنازہ کی ادائیگی کےلئے شیڈ کی تعمیر کروائی جائے گی ۔ یہ کام ۳؍ ماہ میںمکمل کرلیا جائے گا اس کےبعد  قبرستان میںمیت کی تدفین کا عمل شروع ہوگا۔‘‘ محسن حیدرکے مطابق ’’ اس طرح سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے کہ زیادہ سےزیادہ قبروں کی جگہ نکل سکے ۔اس کے لئے ماہرین سے صلاح ومشورہ کیاجائے گا اورنقشہ بھی بنوایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ قبروں کی ترتیب بن سکےاورتدفین کا مسئلہ حل ہوجائے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK