Inquilab Logo

امانت اللہ خان کی گرفتاری پر برہمی، ’آپ‘ نے ’آپریشن لوٹس‘ کا حصہ قرار دیا

Updated: September 18, 2022, 10:39 AM IST | new Delhi

کیجریول نے اسے گجرات میں  بی جےپی کو ’’آپ‘‘ سے لاحق خطرہ کا نتیجہ بتایا، اندیشہ ظاہر کیا کہ ابھی اور بھی ایم ایل اے گرفتار ہوسکتے ہیں، سیسودیا کی بھی مرکز پر تنقید، اسے عام آدمی پارٹی کو توڑنے کی سازش کا حصہ بتایا۔ ’آپ‘ نے تفتیش کاروں کے دعوؤںکی تردید کی

Member of Assembly Amanatullah Khan from Okhla was arrested and taken away by ACB officers. (Photo: PTI)
اوکھلا سے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو اے سی بی کے افسر گرفتار کرکے لے جاتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 وقف بورڈ میں   بے ضابطگی کے الزام میں امانت اللہ خان کی گرفتاری  پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے اسے دہلی میں کیجریوال سرکار کو گرانے کی سازش  اور آپریشن لوٹس کا حصہ قرار دیا ہے۔  امانت اللہ خان جو دہلی وقف بورڈ کے چیئر مین ہیں کو  انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی)  نے جمعہ کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیاتھا۔ ایک طرف جہاں ان سے پوچھ تاچھ ہورہی تھی تو دوسری طرف ان کے گھر پر  چھاپہ مارا جارہاتھا۔ چند ہی گھنٹوں بعد امانت اللہ   خان کوگرفتاربھی کرلیاگیا۔ 
ابھی اور ایم ایل ایز گرفتار ہوںگے
 اس گرفتاری پر بی جےپی کو گھیرتے ہوئے  ’آپ‘ کے صدر اروند کیجریوال  نے کہا ہے کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ انہیں گجرات میں بہت تکلیف ہورہی ہے۔‘‘ ہندی میں کئے گئے اپنے ٹویٹ  میں انہوں  نے  کہا ہے کہ ’’پہلےانہوں نے ستیندر جین کو گرفتار کیا مگر کورٹ کے باربار پوچھنے کے باوجود یہ کوئی  ثبوت نہیں پیش کرپارہے ہیں۔ پھر منیش (سیسودیا)  کے گھر چھاپہ مارا، کچھ نہیں ملا،اب امانت اللہ کو گرفتار کیا ہے۔‘‘  وزیراعلیٰ نے مزید گرفتاریوں  کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ابھی اور بھی ایم ایل ایز کو گرفتار کریں گے۔ گجرات میں لگتا ہے کہ انہیں  تکلیف بہت زیادہ  ہورہی ہے۔‘‘
آپریشن لوٹس جاری ہے: سیسودیا
 دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے   بھی  امانت اللہ خان کی گرفتاری کو سیاسی سازش قرار دیا۔ انہوں نےکہا کہ’’ اس سے قبل انہوں نے ستیندر جین کو گرفتار کیا تھا، لیکن عدالت میں ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ انہوں نے میرے گھر پر چھاپہ مارا، کچھ نہیں ملا۔ پھر کیلاش گہلوت کے خلاف فرضی تحقیقات شروع کی، اور اب امانت اللہ خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے ایک ایک لیڈر کو توڑنے کیلئےآپریشن لوٹس جاری ہے۔‘‘
 چھاپے میں کچھ نہ ملنے کی تائید کی
 منیش سیسودیا نے یہ بات امانت اللہ خان کے ایک ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہی۔  مذکورہ ٹویٹ ان کی اہلیہ  شافعہ خان  نے کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ  جب امانت اللہ اے سی بی  کے سمن پر اس کے دفتر پہنچے تو اے سی بی کے اہلکار چھاپہ مارنے کیلئے گھر پہنچ گئے۔ شافعہ خان نے  افسران کے ذریعہ گھر کی تلاشی کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ  ویڈیو میں واضح طور پر سنا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار کہہ رہے ہیں کہ تلاشی کے دوران کچھ نہیں ملا۔
امانت اللہ کی گرفتاری مایوسی کا نتیجہ
  سنیچر کو عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور رکن اسمبلی سورو بھاردواج  نے اے سی بی کے ذریعہ امانت اللہ کی گرفتاری کو بی جےپی کی مایوسی کا نتیجہ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ’’یہ سب کچھ مایوسی کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔ امانت اللہ کے گھر پر جس معاملے میں   اے سی بی نے چھاپہ مارا یہ کوئی نیا معاملہ نہیں ہے۔ یہ کارروائی ۲؍ سال ۹؍ماہ پرانی ایف آئی آر پر ہوئی ہے جو جنوری۲۰۲۰ء میں درج کی گئی تھی۔‘‘ 
 پارٹی کو بدنام کرنے کی سازش
انہوں  نے کہا کہ ’’ اس ایف آئی آر کی وجہ سے آپ کسی کو پوچھ تاچھ کیلئے بلاتے ہیں اور پیچھے سے کئی جگہوں چھاپے مارتے ہیں۔ امانت اللہ کے گھر پر چھاپے میں کچھ نہیں ملا، پھر بھی بی جے پی اے سی بی کے ذریعے خبریں چلواتی ہے کہ اسے امانت اللہ کے قریبی لوگوں اور ساتھیوں سے ملا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیاں صرف  بی جے پی پر بیٹنگ کر رہی ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اے سی بی عام آدمی پارٹی کو بدنام کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہی کام ای ڈی  اور  سی بی آئی بھی کرتےآئے  ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK