کرکٹ کھیلنے والے طلبہ کیلئے اہمیت کی حامل گائلس شیلڈ میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی انجمن خیر الاسلام کے کھلاڑیوں نے پیر کو پہلے رائونڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا رائونڈ شاندار طریقہ سے جیت لیا۔
میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعدانجمن خیرالاسلام کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور کوچ خوش نظر آرہے ہیں۔ تصویر:آئی این این
کرکٹ کھیلنے والے طلبہ کیلئے اہمیت کی حامل گائلس شیلڈ میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی انجمن خیر الاسلام کے کھلاڑیوں نے پیر کو پہلے رائونڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا رائونڈ شاندار طریقہ سے جیت لیا۔ یوسف صدیقی اور پرنس گپتا کی شاندار سنچریوں کی بدولت انجمن خیرالاسلام کو فتح حاصل کرنے میں کافی مدد ملی۔
آزاد میدان میں پیر کو انجمن خیر الاسلام اور شیشوان ہائی اسکول کے درمیان مقابلہ ہوا ۔ یہاں ٹاس جیت کر انجمن نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کے کھلاڑیوں نے ۳۵؍ اووروں میں ۳۱۲؍ رن بنائے۔ یوسف صدیقی نے ۹۹؍ گیندوں میں ۹؍ چوکوں کی مدد سے ۱۰۴؍ رن بنائے جبکہ پرنس گپتا نے ۸۱؍ گیندوں میں ۱۸؍ چوکوں کی مدد سے ۱۳۴؍ رن بنائے۔ انجمن نے ۳۵؍ اوور مکمل ہونے تک ۳۱۲؍ رنوں کا پہاڑ کھڑا کردیا تھا۔اس کے مقابلے شیشوان اسکول کے تمام کھلاڑی ۳۳؍ اوور میں ۱۶۰؍ رن بنا کر آئوٹ ہوگئے جس سے انجمن کو ۱۵۲؍ رنوں سے کامیابی ملی۔ اس اسکول کے ویان مہاترے نے اپنی ٹیم کیلئے سب سے زیادہ ۸۲؍ گیندوں میں ۶۹؍ رن بنائے جبکہ انجمن کے واحد سینگے نے ۱۰؍ اوورمیں ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ حنین اعظمی نے ۸؍ اوور میں ۲؍ وکٹیں لیں۔انجمن خیرالاسلام کے کرکٹ کوچ رسال بیگ، انیس خان نے ٹیم کو بہترین تربیت دی تھی جبکہ فرید ہانی اور پرنسپل زبیر بخشی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔