Inquilab Logo

 اسمبلی الیکشن کا اعلان، ۱۰؍ فروری سے آغاز، ۱۰؍ مارچ کو نتائج

Updated: January 09, 2022, 9:38 AM IST | Mumbai

یوپی میں ۷؍  جبکہ منی پور میں ۲؍ مراحل میں ووٹنگ۔ پنجاب،اتراکھنڈ اورگوا میں ۱۴؍فروری کو ایک ہی مرحلے میں  پولنگ ہوگی۔ ۱۵؍ جنوری تک انتخابی ریلیوں، روڈ شو ، نکڑمیٹنگ اور پدیاتراؤں پر پابندی

Chief Election Commissioner Sushil Chandra announcing election dates.
چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے۔

 قومی الیکشن کمیشن نے اترپردیش سمیت  ۵؍ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں سنیچر کو  دہلی کے وگیان بھون میں پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں گوا، پنجاب، منی پور، اتراکھنڈ اور اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات  کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ۔ کورونا کی روک تھام کے اصولوں کے پیش نظر پریس کانفرنس کا انعقاد وگیان بھون کے بڑے ہال میں کیا گیاتھا جس میں میڈیا کے نمائندوں کا ہجوم تھا ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پانچ ریاستوں میں پولنگ کی شروعات ۱۰؍فروری۲۰۲۲ء سے ہوگی اور آخری مرحلہ کی ووٹنگ ۷؍مارچ کو ہوگی جبکہ ۱۰؍مارچ کو ووٹوں کی گنتی ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
    چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے  الیکشن کے پورے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  ۵؍ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات ۷؍مراحل میں مکمل ہوں گے جبکہ پنجاب، گوا اور اتراکھنڈ کے انتخابات ایک مرحلہ میں مکمل ہو جائیں گے۔ اس کے علاوہ منی پور کے انتخابات ۳؍مراحل میں  اور اتر پردیش کے انتخابات ۷؍مراحل میں پورے  کئے جائیں  گے۔پہلے مرحلہ کے لئے ووٹ ۱۰؍ فروری کو ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلہ میں اتر پردیش میں پولنگ ہوگی۔ دوسرے مرحلہ کے تحت ۱۴؍ فروری کو ووٹنگ ہوگی اور اس مرحلہ میں یوپی کے کچھ اضلاع کے ساتھ پنجاب ، اتراکھنڈ اور گوا کی تمام سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔ تیسرے مرحلہ کے تحت ۲۰؍فروری اور چوتھے مرحلہ کے تحت ۲۲؍فروری کو پولنگ ہوگی ۔ ان دونوں مراحل میں صرف اتر پردیش کی سیٹوں پر ہی ووٹ ڈالیں جائیں گے۔ اس کے بعد پانچویں مرحلہ کے تحت ۲۷؍ فروری، چھٹے مرحلہ کے تحت ۳؍ مارچ اور ساتویں اور آخری مرحلہ کے تحت ۷؍مارچ کو پولنگ ہوگی۔ بعد کے تینوں مراحل میں یوپی کے ساتھ منی پور میں بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔۱۰؍ مارچ کو پانچوں ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔ 

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ  ۵؍ ریاستوں میں کل ملاکر۶۹۰؍اسمبلی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انتخابی نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کر دیا گیا ہے ،ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہو گیا ہے۔ انتخابات کے دوران کووڈ کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔یوپی کی ۴۰۳؍ سیٹوں، پنجاب کی ۱۱۷؍، اتراکھنڈ کی ۷۰؍، منی پور کی ۶۰؍ اور گوا کی۴۰؍ سیٹوں کیلئے ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس بار خواتین ووٹروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے کہا کہ ضلعی انتخابی افسر اور کمیشن کے نگراںانتخابی ریلیوں پرپر کڑی نظر رکھیں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ووٹروں سے پورے جوش و خروش کیساتھ ووٹنگ میں حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشن کووڈ کے لحاظ سے محفوظ ہیں اور تمام انتخابی عملے کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ اس بار پولنگ اسٹیشنوں کی کل تعداد میں ۱۶؍ فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر دو لاکھ ۱۵؍ ہزار سے زائد پولنگ  بوتھ بنائے گئے ہیں اور ہر بوتھ پر ووٹروں کی زیادہ سے زیادہ تعداد ڈیڑھ ہزار سے کم کرکے  ۱۲۰۰؍کردی گئی  ہے۔  ووٹنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیاہے۔  چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کووڈ کے پیش نظر تمام قسم کی براہ راست ریلیوں، سائیکل اور موٹر سائیکل ریلیوں، پیدل مارچ (پد یاترا)، نُکّڑ میٹنگ، ریلی وغیرہ پر ۱۵؍جنوری تک پابندی رہے گی۔ سیاسی پارٹیاں ورچوئل ریلیوں کے ذریعے انتخابی مہم چلا سکیں گی۔ ۱۵؍جنوری کو صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد پارٹیوں کیلئے گائیڈ لائن جاری کی جائیں گی۔ اس دوران سیاسی پارٹیاں رات ۸؍بجے سے صبح ۸؍بجے تک کوئی ریلی نہیں نکال سکیں گی۔ ریلی کے وقت، عوام کو ماسک فراہم کریں گی۔ گھر گھر مہم کیلئے پانچ لوگوں کو اجازت دی جائے گی۔ تمام پولنگ اسٹیشن پہلی منزل پر ہوں گےجہاں سینی ٹائزر، ماسک، دستانے وغیرہ کے مکمل انتظامات ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK